صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے تمام اسٹیک ہولڈرز وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلیے مل کرکام کریں۔
شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ کی ت قریب میں خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں یا کسی اور گروپ کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان عالمی امن اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، ہم ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہیں اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا آج کی یہ ولولہ انگیز پریڈ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے ہمارےقومی جذبوں اور امنگوں کی عکاس ہے، ہمیں قومی اتفاق رائے کے ساتھ موثر حکمت عملی، دانشمندانہ انتظام، صوبوں اور وفاق کےمابین بہتر روابط کی اشد ضرورت ہے۔












