امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے بعد امن بحال ہو گا

0
1340

امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ افغانستان میں سالہا سال سے جاری جنگ کے بعد امن بحال ہو گا۔ لیکن 19 سال تک جاری رہنے والی اس جنگ میں لاکھوں افغان شہری اس جنگ کا ایندھن بنے۔ امریکہ نے بھی اربوں ڈالر اس جنگ میں جھونک دیے۔

نوے کی دہائی میں عروج پانے والی طالبان تحریک تین دہائیوں تک افغانستان کے سیاسی منظر نامے پر چھائی رہی۔

تحریک اسلامی طالبان کی بنیاد ملا محمد عمر نے 1994 میں رکھی تھی۔ روس کے خلاف جہاد میں برسر پیکار رہنے والے چند طلبہ نے افغانستان کے حالات سے تنگ آ کر یہ تنظیم قائم کی۔ جس کے بنیادی مقاصد میں افغانستان میں امن و امان کا قیام اور اسلامی شریعت کا نفاذ تھا۔

افغان امور پر گہری نگاہ رکھنے والے سینئر تجزیہ کار رحیم اللہ یوسفزئی کے مطابق طالبان میں شامل رہنماؤں نے بھی روس کے خلاف جہاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ اس وقت بھی انہوں نے اپنی انفرادی حیثیت برقرار رکھی تھی۔

طالبان مختلف جہادی تنظیموں میں شامل رہے تاہم ان کی اپنی الگ شناخت بھی تھی۔

طالبان نے افغانستان اور خطے میں نظام شریعت نافذ کرنے کے منشور کے ساتھ قندھار سے اپنی تنظیم کا آغاز کیا۔ طالبان کے ابتداً یہ اعتراضات تھے کہ افغانستان میں روس کے انخلا کے بعد مجاہدین آپس میں دست و گریباں ہیں۔ ملک میں امن و امان ناپید ہے اور شریعت کے نفاذ کے لیے بھی کوئی کام نہیں ہو رہا۔

رحیم اللہ یوسفزئی کے مطابق ملا عمر کے پاس ابتدا میں صرف 33 لوگ تھے۔ قندھار کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں یہ تحریک شروع ہوئی جہاں کے عوام میں بھی اسے پذیرائی ملی۔

ان کے بقول افغانستان کے عوام روس کے جانے کے باوجود مجاہدین کے آپسی جھگڑوں سے اُکتا چکے تھے۔ افغانستان میں ذرائع آمدورفت محدود تھی اور لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے میں دشواریاں پیش آتی تھیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY