ریڈیو پاکستان لاہور کے معروف براڈکاسٹر اور رپورٹر نعیم شیخ طویل علالت کے بعد گیارہ فروری کولاہور میں انتقال کرگئے۔۔۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔۔۔
وہ عرصہ دراز تک صحافت کے شعبے سے وابستہ رہے۔ریڈیو میں آنے سے قبل وہ اپنا مجلہ بھی شائع کرتے رہے۔ ریڈیو پاکستان لاہور سے ان کی وابستگی کم و بیش 20 برس پر محیط تھی۔
انہوں نے خصوصاََ او بی کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے ایک طویل عرصے تک ریڈیو پاکستان لاہور سے حالات حاضرہ کے معروف پروگراموں چلتا پھرتا مائیکروفون، شہرنامہ اور ریڈیو پریس کانفرنس میں رپورٹر اور کمپیئر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں۔اور صوبائی اسمبلی کی کارووائی کا خلاصہ بھی پیش کرتے رہے۔
انہوں نے ہردلعزیز شخصیت اور پر اعتماد انداز کی بدولت بہت جلد عوام و خواص میں مقبولیت حاصل کر لی تھی وہ بلاشبہ ریڈیو کا چہرہ تھے ۔ ریڈیو پاکستان لاہور انکی صلاحیتوں اور خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
ان کی وفات پر ریڈیو پاکستان لاہور کی اسٹیشن ڈائریکٹر محترمہ نزاکت شکیلہ نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم شیخ ریڈیو پاکستان لاہور کی پہچان تھے ان کی وفات سے ریڈیو پاکستان ایک مخلص براڈکاسٹر سے محروم ہوگیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم نعیم شیخ کی مغفرت فرمائے اور انکی اگلی منزلیں آسان فرمائے۔۔۔ آمین
رپورٹ : کاشف غوری













