سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین کی جانب سے جاری کردہ اُس اشتہار ہٹا دیا ہے جس میں امریکی شہریوں سے کہا گیا تھا کہ وہ رواں برس ہونے والی مردم شماری سے متعلق سرکاری فارم پُر کریں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق امریکی صدر کی اشتہاری مہم کے اشتہار کو فیس بُک نے اپنی کمپنی پالیسی کے خلاف قرار دیا ہے۔

فیس بُک پر چلائی جانے والی اشتہاری مہم امریکی صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے سوشل میڈیا صفحات سے منسلک سرکاری ویب سائٹ پر چلنے والی اشتہاری مہم کا حصہ تھی۔ جن کے ذریعے بعد ازاں چندے کی اپیل کی جاتی رہی تھی۔

مردم شماری سے متعلق فیس بک پر جاری اشتہار میں پیغام دیا گیا تھا کہ ‘ہمیں آپ جیسے محبِ وطن امریکیوں کی ضرورت ہے جو مردم شماری کا حصہ بنیں تاکہ ہم آپ کی ریاست کے لیے فاتحانہ حکمت عملی اپنا سکیں۔’

‘رائٹرز’ کے مطابق فیس بک نے کہا ہے کہ اشتہار غلط خبروں کی روک تھام سے متعلق فیس بک کی پالیسی کے خلاف تھا۔

یاد رہے کہ فیس بُک کو سیاست دانوں کی گمراہ کن اشتہاری مہم چلانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں فیس بُک کی طرف سے کہا گیا تھا کہ کسی بھی ایسی اشتہاری مہم کو بلاک کر دیا جائے گا جس کی وجہ سے امریکہ میں ہونے والی مردم شماری میں لوگوں کی شرکت محدود ہو سکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY