جنوری30, 2020
گلوبل پبلک ہیلتھ ایمر جنسی !
لیورپول ہوسپٹل کی انڈر کورپارکنگ کے سامنے
ہیلتھ سروس بلڈنگ کی تیسری منزل پر
صبح کے نو بجے
ہم بارہ ڈاکٹرز لمبی میز کے گرد بیٹھے تھے
ایکٹنگ میڈیکل ڈاریکٹر ڈاکٹرگلبرٹ وٹن بتا رہے تھے
” ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے
گلوبل پبلک ہیلتھ ایمر جنسی ڈیکلرڈ کر دی ہے
کرونا ۔۔۔۔ ناول کورونا وائرس
وبا کی صورت دنیا کو متاثر کر رہا ہے
خبروں کے مطابق
ایک ہفتے کے اندر اندر
چین کے 31 صوبوں میں متاثرہ کی تعداد
دوگنی ہو گئی ہے
یعنی 7711 سے بڑھ کر 14380 تک پہنچ چکی ہے
مرنے والوں کی تعد اد 170 سے 304 تک ہوگئی ہے
دنیا کے اور 14 ممالک بھی وبا کی زد میں آ چکے ہیں
جن میں انڈیا ، فلپائن ، رشیا ، اسپین ، سویڈن ، یو کے
کینیڈا، امریکہ ، سنگاپور ، یو اے ای قابل زکر ہیں
ہمیں اس بدلتی صورتحال پر نظر رکھنی ہے
اور ۔ ۔ کچھ ضروری پلاننگ بھی کرنی ہے “
پھر یوں ہوا
ہر ماہ کے
تیسرے ہفتے ہونے والی
میڈیکل بزنس میٹنگ
اندیشوں اور تاویلوں میں
کورونا کرائسس میٹنگ میں بدل گئی
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ ہم سب کے سامنے تھی
“On January 30,
the World Health Organization declared
the coronavirus outbreak
a Global Public Health Emergency.”
میٹنگ ختم ہو چکی تھی
ہم سب کے چہروں پر
تشویش نمایاں تھی
مجھے واپس بینکس ٹاؤن ہوسپٹل آنا تھا
رستے بھر سوچتی رہی
وبا کے موسم
بڑے ویران سے ہوتے ہیں
کہیں ایسا نہ ہو
ہمارا رب
ہم پر
اُتنی ہی رحمتیں اور برکتیں رکھے
جتنی ہمیں
اس سے محبت اور عقیدت ہے !
—————-
جنوری 31, 2020
امریکہ میں پبلک ہیلتھ ایمر جنسی !
جمعہ کا دن
ہوسپٹل میں ایسے مصروف گزرتا ہے
جیسے اس ویک اینڈ کے بعد
یا تو میں نہ رہونگی
یا نوکری ختم ہو جائے گی
آج صبح ہی سے
نہ خبر کا ہوش تھا نہ کسی کی خیریت پوچھنے کا وقت ملا
لنچ بریک بھی نسخے لکھتے گزر گئی
شام چار بجے
ای میل پر کورونا وائرس اپ ڈیٹ کی خبر فلیش ہوئی
امریکہ نے ملک بھر میں
پبلک ہیلتھ ایمر جنسی کا نفاذ کر دیا ہے
ناول کورونا کی وبا نے
دنیا بھر کی
سماجی،سیاسی، دینی، مذہبی اور اخلاقی بنیادوں کو ہلا کے رکھ دیاہے
میں جاگتی آنکھوں سے
موت کا بازار گرم ہوتا دیکھ رہی ہوں
حیران ہوں ۔۔۔ کتنی آسانی سے
نظر نہ آنے والے ایک چھوٹے سے جرثومے نے
انسان کی سائینسی ترقی کا پول کھول کے رکھ دیا
مجھے یقین ہے
اربوں کھربوں ڈالر جنگی اسلحہ پر خرچ کرنے والے ممالک
جنگی جنون میں مبتلا
سرپھرے حکمران سوچتے تو ہونگے
پیسے کی فراوانی کے باوجود
کرونا کے سامنے وہ کتنے بے بس نظر آ رہے ہیں !
ڈاکٹر نگہت نسیم













