کرونا وائرس: پاکستان میں 11 ہزار سے زیادہ کیسز، سندھ میں نماز تراویح کے اجتماعات پر پابندی

0
782

پاکستان میں گزشتہ 24 گھںٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 13 اموات، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 237 ہو گئی۔ سندھ حکومت کا نمازِ تراویح پر پابندی کا اعلان۔ امریکہ میں ہلاکتوں میں اضافہ جب کہ یورپ میں کرونا وائرس کی شدت میں کمی آنے لگی ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کرونا کے حوالے سے اگلے پندرہ دن بہت اہم ہیں۔ بہتر ہے عوام گھروں کو عبادت گاہیں بنائیں اور احتیاط کریں۔

رال پنڈی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کرونا وبا کی وجہ سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں فوج کی تعیناتی کی گئی ہے اس کے لیے فوج سیکیورٹی الاؤنس وصول نہیں کرے گی۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ سیکیورٹی ٹاسک سے متعلق اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ فوج کی روٹین اور ٹریننگ بھی جہاں تک ممکن ہو جاری رکھی جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ٹریک اینڈ ٹریس ٹیکنالوجی کے تحت ہاٹ سپاٹس پر سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنا رہے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتحار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صورتِ حال اب بھی قابو میں ہے۔ لیکن پاکستانیوں کو اجتماعی احتیاط کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لوگ رمضان میں اپنے گھروں کو عبادت گاہ بنائیں۔

میجر جنرل بابر افتحار نے بتایا کہ پاکستان میں سول اور فوجی قیادت مل کر اس خطرے کا مقابلہ کر رہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY