ممبئی ۔(ندیم صدیقی) اُردو کے مشہور فکشن نگار(89سالہ) جیتندر بِلّو لندن میں انتقال کر گئے۔
اُردو کے استاد الیاس شوقی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ جیتندر دیو لامبا المعروف جیتندر بِلّو 18نومبر1937 ع کو پیشاور میں پیدا ہوئے ، انہوں نےدہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا تھا، وہ 1975 تک ممبئی میں رہے، 1976 میں جیتندر بلو انگلینڈ ہجرت کر گئے، جہاں کل انہوں نے آخری سانسیں لیں۔
سینئر شاعر اور مترجم یعقوب راہی نے جیتندر بلو کی قلمی نگارشات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کےکئی ناول اور افسانوں کے مجموعے شائع ہو چکے ہیں جن میں سے چند نام اس طرح ہیں :پرائی دھرتی ،اپنے لوگ،مہانگر،جزیرہ، وشواس گھات، پہچان کی نوک پر، انجانا کھیل،اپنے دیس میں ،چکّر، درد کی حد سے پرے اور آخری پڑاؤ ۔
اُن کا سوانحی کولارژ دو حصّوں میں’ دیکھو ہم نے کیسے بسر کی ‘ ہی نہیں’ مَیں اور میری شخصیت ‘ نامی کتاب بھی منظر عام پر آچکی ہے۔ ممبئی کے ’ نیا ورق‘ جیسے ممتاز رسالے میں ان کی تخلیقات تواتر سے شائع ہوتی رہی ہیں۔ وہ لاولد تھے ان کے پسماندگان میں صرف بیوہ ہیں۔













