اپریل 8 / 2020
خوش قسمت ملک ، خطے، جزیرے اور ووہان

کرونا وائرس کی عالمگیر وبا نے دنیا بھر میں
اقوام متحدہ کے تسلیم کردہ 247 ممالک اور علاقوں میں
کسی نہ کسی ایک فرد کو ضرور متاثر کیا ہے
جبکہ 162 ممالک ایسے ہیں
جہاں اس وبا نے 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد انسانوں کی جانیں لی ہیں
اس وقت تک
اربوں افراد گھروں میں بند ہیں
معاشی ابتری پھیل رہی ہے
جہاں امیر اور غریب، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر
فلاحی اور غیر فلاحی، ہر طرح کے ممالک
اس عالمگیر وبا سے متاثر ہیں
وہاں اب بھی 37 ملک اور جزیرے ایسے ہیں
جہاں خوش قسمتی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے
کئی ملک ایسے بھی ہیں
جو وبا سے متاثر ہی نہیں ہوئے
جن میں 18 ممالک ، 32 خطے ، 10 علاقے
اور ۔۔۔ان میں 6 متنازعہ علاقے شامل ہیں
وہ وہ علاقے اور خطے ہیں
جن پر کسی اور ملک کا قبضہ ہے اور جن کی مستقل آبادی نہیں
جنہیں چند ریاستوں کے سوا کسی نے تسلیم نہیں کیا
جن 18 ملکوں میں جہاں کورونا نہیں
ان میں ایشیا کے 4 ملک
یمن، شمالی کوریا، تاجکستان اور ترکمانستان
افریقہ کے 4 ملک
جنوبی سوڈان، ساؤ تومے اینڈ پرنسپ لیسوتھو اور کوموروز
اور اوشنیا کے دس جزائر
سولومن آئی لینڈز، وینوواٹو، سموآ، کیریباتی، مائیکرونیشیا
ٹونگا، مارشل آئی لینڈز، پالاؤ، ٹووالو اور نورو شامل ہیں
ترکمانستان کا تو حال ہی عجب ہے
وہاں پر اس وبا کے بارے میں بات کرنا ماسک پہننا جرم ہے
کئی ملک اور خود مختار جزیرے
ایسے بھی ہیں
جہاں کورونا وائرس کے سب مریض شفایاب ہو ئے
جن میں ۔۔
وسطی امریکہ کا ملک بیلز
جنوبی بحر اوقیانوس میں واقع فاک لینڈز
قطب شمالی اور بحر اوقیانوس کے درمیان واقع
دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ گرین لینڈ
جنوبی امریکہ کا ملک سری نام
آسٹریلیا کے شمال میں واقع ملک پپوا نیو گنی
بحر اوقیانوس میں
جزائر غرب الہند کے قریب واقع سینٹ بارتھ اور اینگیلا شامل ہیں
آج کی سب سے اہم خبر تھی
ووہان نے عالمی وبا کے بعد
پہلی بار
لوگوں کو
سرحد پار جانے کی اجازت دینا شروع کردی ہے
جس پر 76 دن پہلے سخت ترین پابندی لگائی تھی
میں سوچ رہی ہوں
وقت کا بہت زیاں ہو چکا
سارے تجربے بھی کر لیئے
خود سے بھی پیار کر لیا
اور
دوسروں سے بھی کر لیا
وقت ہو چلا ہے
اب کچھ ضروری باتیں بھی ہوں
کرونائی دنوں کے بعد کیا کرنا ہے ؟
انہیں دنوں میں سوچتے ہیں
میرے پیارو جو بچ رہے تو یوں کریں گے
اپنے خالق کے دوسرے شاہکار دیکھیں گے
اپنے حصار سے باہر آیئں گے
رب کی زمین دیکھیں گے
گرین لینڈ جایئں گے ۔۔ ووہان سے ملیں گے
گھنے بادلوں کی آسمانی چھت کو رحمت جانیں گے
زمین پر نرمی سے چلیں گے
ساحلوں سے سیپیاں چنیں گے
جنگلوں میں جگنو پکڑیں گے
پھول پتوں کی نرمی محسوس کریں گے۔۔ان سے باتیں کریں گے
پرندوں کی آزادی پر رشک کریں گے
جانوروں کی معاشرت پر حیران ہوں گے ۔۔۔ان سے پیار کریں گے
ڈاکٹر نگہت نسیم













