سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی گرفتاریوں نےشفاف انتخابات پرسوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

لاہورسے جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ نیب کو یہ تاثر ختم کرنا چاہیے کہ مسلم لیگ ن اُس کے نشانے پر ہے، اپنے اورمخالف امیدواروں کی نااہلیوں کو درست نہیں سمجھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سیاسی قیادت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا خوش آئند نہیں اور عوام 25جولائی کو شیر پر مہر لگا کر سب کو ناکام کر دیں گے۔

بیان میں شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے ،مسلم لیگ ن کے خلاف نیب کی انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے ، ہم نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ہے اور کمیشن کا فرض ہے کہ سب کو انتخابی مہم کے لیے یکساں مواقع یقینی بنائے۔

شہبازشریف نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران قمر الاسلام کی گرفتاری قابل مذمت ہے، تمام اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیےاور کسی بھی ادارے کا ایسا اقدام جو جمہوریت کو نقصان پہنچائے وہ قابل تحسین نہیں ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY