امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق نیوی اہلکار مائیکل وائٹ کو رہا کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مائیکل وائٹ گزشتہ دو برس سے ایران کی قید میں تھے جہاں وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے۔ حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کے فوجی جہاز کے ذریعے مائیکل کو زیورخ پہنچایا گیا تھا جہاں امریکہ کے ایک سینئر اہلکار نے اُن کا استقبال کیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے مائیکل وائٹ سے فون پر گفتگو کی ہے جو ایران سے رہائی پانے کے بعد زیورخ میں موجود ہیں۔ اُن کے بقول وہ امریکہ کے طیارے میں بیٹھ کر واپس اپنے گھر آ رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کا صدر بننے کے بعد سے وہ اب تک 40 ایسے امریکی شہریوں کو وطن واپس لا چکے ہیں جنہیں یا تو یرغمال کر لیا گیا تھا یا وہ بیرون ملک جیلوں میں قید تھے۔
مائیکل وائٹ کو رہا کرنے پر صدر ٹرمپ نے ایران کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ تہران نے ثابت کیا ہے کہ اس سے معاہدہ ہو سکتا ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ نے ایران سے کسی معاہدے کی وضاحت نہیں کی۔












