خدارا کچھ کیجیئے ۔۔۔ 😭😭😭 دلشاد نسیم ۔۔

0
730

میرے عزیز ہم وطنو !

زلزلہ آتا ہے تو ہمارے سربراہ راشن اور کھانا بانٹنے لگتے ہیں ۔۔۔

سیلاب آتا ہے تو سب کی نظریں آسمان کی طرف اٹھ جاتی ہیں ۔۔ مالکِ کائنات کی طرف نہیں اس ہیلی کاپٹر کی تلاش میں جو ان پر من و سلوی گرانے والا ہے ۔۔

کرونا ہوا سرکار نے ایک خطیر رقم لوگوں میں لائن بنا کر تقسیم کی ۔۔ راشن بانٹا ۔۔

حالیہ بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں ۔۔

ہم کہتے ہیں حالات اتنے برے ہو چکے ہیں کہ سفید پوش بھی مانگنے پر مجبور ہو گیا ہے ۔۔ تو وہ کیوں نہ مانگے ۔۔ ان کو مانگنے کا عادی بنا دیا گیا ہے ۔۔ ایک عام انسان سے اس کی عزتِ نفس چھین لی گئی ہے ۔۔ جو کبھی کسی سے ادھار لینے سے پہلے سو بار سوچتے تھے اب وہ ہاتھ پھیلا لیتے ہیں چاہے ان کا سر جھکا ہوا ہی کیوں نہ ہو ۔۔

پوری قوم عجیب سی بے حسی کا شکار ہے ۔۔ کراچی کی بارش نے شہر کی جو حالت کی ہے وہ کسی پسماندہ دیہی علاقے کی تو ہو سکتی ہے ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کی نہیں ہونی چاہیے تھی ۔۔ جو ہمارے ملک کا پہلا، بڑا ” سی پورٹ” ہے جس کو فخریہ روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا ۔۔

آج خبروں میں سنا کہ وزیرِ اعظم جمعے کو کراچی کے حالات کا جائزہ لینے جائیں گے ۔۔ حالات تو خبروں سے پتہ چل ہی رہے ہیں سی ایم صاحب آپ سے تو عوام کو تدارک چاہیے ۔۔ حالات میں بہتری چاہیے ۔۔

خدارا اپنے نرم آسودہ بستر پہ سونے سے پہلے ایک بار خبریں ضرور دیکھا کریں اور سنا کریں آپ کے عہد میں کتنے لوگ بے گھر ہوئے، کتنے بھوکے رہ گئے، کتنے لوگوں نے نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے خودکشیاں کیں ۔۔

آپ کے عہد میں جو بھی جان سے جائے گا اس کا خونِ ناحق آپ کی گردن پہ ہو گا ۔۔ روزِ حشر آپ کو بچانے آپ کے حواری نہیں آئیں گے ۔۔

خدارا کچھ کیجیئے ۔۔۔ 😭😭😭

دلشاد نسیم ۔۔

SHARE

LEAVE A REPLY