زندگی بیک وقت دکھ اور سکھ کی دھوپ چھاؤں ہے جہاں کوئی بھی موسم زیادہ دیر تک نہیں ٹھہرتا ہے اور ایک انسان ہونے کے ناطے ہم سب تبدیلی اور تبدیلی کے عمل پر جذباتی ردعمل ظاہر کرتے ہیں اسی لیے علم نفسیات کے ماہر کہتے ہیں کہ انسانی جبلتوں اور جذبات کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ایک نئی تحقیق میں تفتیش کاروں نے دریافت کیا ہے کہ انسان کےخوشگوار اور ناخوشگوار جذبات میں سے اداسی کا دورانیہ سب سے طویل ہوتا ہے جو دیگر تمام جذبات کے مقابلے میں انسان کے اندر زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق ہمیں شرمندگی، حیرت، حسد وجلن، خوشی اور بوریت جیسے جذبات سے کہیں زیادہ اداسی زیادہ دیر تک تنگ کرتی ہے اور اداسی کا دورانیہ 240 گنا زیادہ وقت تک کے لیے ہمارے اندر برقرار رہتا ہے۔
اداسی کی مدت اتنی طویل کیوں ہوتی ہے ؟شاید اس بات کا جواب کافی پیچیدہ ہو لیکن اس کی ایک منطقی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ اکثرحادثات کے طور پر رونما ہونے والے واقعات جن میں کسی قریبی چیز کو کھو دینے کا دکھ یا پھر کسی قریبی عزیز کے انتقال کا صدمہ انسان کے لیے ایک تکلیف دہ تجربہ ہے خاص طور پر اپنے عزیز کی موت کے بعد انسان غم کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے اور یہ تمام مراحل اپنا وقت لیتے ہیں۔
سائنسی جریدے ‘اسپرینرس جرنل آف موٹیویشن اینڈ ایموشن’ میں شائع ہونے والی تحقیق میں پہلی بار اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ کیوں کچھ جذبات دوسرے جذبات کے مقابلے میں زیادہ طویل دورانیے کے ہوتے ہیں۔
اداسی یا ناامیدی ایک ایسی پست مزاجی اور فعالیت سے گریزکی کیفیت کا نام ہے جو کسی بھی شخص کے خیالات، اس کے رویے، رجحانات اور جزبات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ اداسی بھرا موڈ ایک عام عارضی رد عمل ہے جو کچھ ایسے زندگی کے واقعات کے دوران دیکھا جاتا ہے جیسے کہ کسی عزیز کا انتقال یا اہل خانہ میں کسی کی لمبے عرصے تک گھر سے دور رہنے کے وقت ہو سکتا ہے۔ یہ کبھی کبھی کسی جسمانی مرض کی علامت بھی ہو سکتی ہے اور کبھی کبھی طبی علاج و معالجہ کے دوران کسی ڈرگ کا منفی اثر بھی ہو سکتی ہے۔ اداسی کا سبب کچھ مزاج کی بد نظمیوں کی وجہ سے بھی ممکن ہے۔ جدید تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ خوشی اور اداسی کی کیفیات کا تعلق غذا سے بھی ہو تا ہے۔
آج دل بہت اداس ہے اور موجودہ لاک ڈائون میں سچ مچ میں اداس ہو گیا ہوں۔ حالانکہ بیرونی موسم بہت خوشگوار ہے۔ چاند کی روشنی بھی ہے اور پرسکون فضا بھی لیکن بندہ کدھر جائے کیسے خوشی کے گیت گائے کہ فضائوں میں تو وائرس کا خوف رینگ رہا ہے اور مستقبل میں جھانکیں تو کچھ عجیب سی تصویریں بننے لگتی ہیں۔ قحط بھی نہیں، مگر قحط زدہ سا ماحول ہے۔ جتنے لوگ بھی مر رہے ہیں وہ کورونا سے مر رہے ہیں کہ شاید یہ طے کر لیا گیا ہے کہ کسی کو کسی اور بیماری سے مت مرنے دیں۔ عجب طرح کی اداسی ہے دل کے آنگن اور روح کے مزار پر۔ آنکھیں وحشت زدہ ہیں اور انسانوں سے خوف آرہا ہے۔ ظلم ،زیادتی، ناانصافی، جبر اور استحصال نے دریدہ کردیا ہے۔ ایک طوفان ہے اداسی سے بھری وحشتوں کو جو میرے اندر کو مسلسل کئی دنوں سے بے آرام کئے ہوئے ہے۔
رات آ کر گزر بھی جاتی ہے
اک ہماری سحر نہیں ہوتی
رات کی ظلمتوں کے اختتام پر دن کی اجالوں میں بھی اضطراب ہے۔ اللہ اس دھرتی کو آباد کر اور ایک بار پھر اپنے دراقدس کی حاضری نصیب فرما کہ شاید الجھنوں سے نجات ملے اور اداسی کے بادلوں سے چھٹکارا ملے













