قسط تینتالیس
حر جنگ لڑنے کی اجازت طلب کرتے ہیں
امام علیہ السلام فرماتے ہیں
”حر تم ہمارے مہمان ہو
تمہیں اپنے لیے مرنے کی اجازت کس طرح دے سکتا ہوں؟ “
حر بن یزید تمیمی الریاحی اصرار کرتے ہیں
امام حسین علیہ السلام
اس وقت تک
جنگ کی ابتداء کی اجازت نہیں دیتے
جب تک
پہلا تیر دشمنوں کی جانب سے نہیں آتا
حر بن یزید تمیمی الریاحی
میدان جنگ میں اپنے تیز و تند جملوں سے
اپنے سابق ساتھیوں کو للکارتے ہیں
انہیں بتاتے ہیں
کہ
اب وہ کسی کے غلام نہیں رہے
وہ ”آزاد“ ہیں
وہ ”حر“ ہیں
انہوں نے کوفیوں سے کہا
لوگو حسین ع نے
جو تین صورتیں تمہارے سامنے پیش کی ہیں
ان میں سے کوئی صورت کیوں نہیں منظور کرلیتے
تاکہ
خدا تم کو ان کے ساتھ لڑنے سے بچالے
ابن سعد بولا
” میں دل سے یہ چاہتا ہوں
لیکن افسوس
اس کی کوئی سبیل نہیں نکلتی”
حُر نے پھر کہا
” اے اہل کوفہ
پہلے تم نے حسین ع کو بلایا
جب وہ آگئے
تو تم نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا
اوروہ یہ خیال کرتے رہے
کہ
تم سب ان کی حمایت میں لڑو گے
اور اب
تم لوگ
اُن کے مخالف ہوگئے
ان کے قتل کے درپے ہو
انہیں ہر طرف سے گھیر لیا ہے
اورانہیں
خدا کی وسیع زمین پر
کسی طرف بھی جانے نہیں دیتے ہو
تم نے
اُن پر فرات کا پانی بند کردیا
جس پانی کو یہودی، نصرانی ،مجوسی سب پیتے ہیں
اوردیہات کے جانور تک اس سے سیراب ہوتے ہیں
اس پانی کے لئے
حسین ع اوران کے اہل وعیال تشنہ لب تڑپتے ہیں
تم نے محمد ص کے بعد
ان کی اولاد کا کیا خوب لحاظ کیا؟
اگر
تم توبہ کرکے اپنی روش نہیں چھوڑوگے
تو خدا تمہیں قیامت کے دن پیاسا تڑپائے گا
جس پر
عمر ابنِ سعد نے
تیروں کی بارش کر کے جنگ کا آغاز کر دیا
اور بڑے غرور سے بولا
“ اے لوگو
گواہ رہنا اور امیرالمومنین (یزید) کو بتانا
کہ
میں ہی وہ تھا
کہ
جس نے
حسینی دستے پر
پہلا تیر پھینکا تھا
اور یوں
معرکہ ِ حق و باطل کا آغاز ہوگیا
دونوں طرف سے آدمی نکل نکل کے داد شجاعت دینے لگے
شامیوں کی فوج سے یسار اور سالم دو شخص نکلے
ادھرے سے
تنہا عبداللہ بن عمیر
ان کے جواب میں آئے اور ایک ہی وار میں یسار کو ڈھیر کردیا
پاس ہی سالم تھا اُس نے جھپٹ کر عبداللہ پر وار کیا
عبداللہ نے ہاتھوں پر روکا تو ان کی انگلیاں کٹ گئیں
لیکن انہیں کٹی انگلیوں سے سالم کو مار گرایا
عبداللہ کی بیوی بھی ساتھ تھیں
انہوں نے شوہر کو لڑتے دیکھا
تو خود بھی
ہاتھ میں خیمہ کی ایک چوب لے کر یہ کہتے ہوئی آگے بڑھیں
کہ
میرے ماں باپ تم پر فدا ہوں
آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے لڑتے رہو
عبداللہ نے انہیں عورتوں کے خیمے میں واپس جانے کو کہا
لیکن انہوں نے انکار کردیا
اور کہا
کہ
“میں تمہارا ساتھ نہ چھوڑوں گی
تمہارے ساتھ جان دوں گی”
امام حسین ع نے ان کی ضد دیکھ کر آواز دی
کہ
خدا تم کو اہل بیت کی جانب سے جزائے خیر دے
” تم لوٹ جاؤ، عورتوں پر جہاد فرض نہیں ہے “
آپ ع کے ارشاد پر وہ واپس خیمے لوٹ گئیں
اس کے بعد
شامی لشکر کےسے عمروبن حجاج
حضرت حسین ع کی طرف بڑھا ، جب آپ کے قریب پہنچا تو
فدائیان حسین ع پاؤں ٹیک کر سینہ سپر ہوگئے
اورنیزوں کے وار سے
شامی سواروں کے گھوڑوں کے منہ پھیر دیئے
پھر شامی جماعت سے
ابن جوزہ نامی ایک شخص نکل کر با آواز بلند پکارا
حسین ع ہیں؟
کسی نے اس کا جواب نہ دیا
دوسری مرتبہ پھر اس نے بھی سوال کیا
تیسری مرتبہ سوال کرنے پر لوگوں نے کہا
اس سے تمہارا کیا مقصد ہے؟
اس نے کہا
” حسین تم کو دوزخ کی بشارت ہو ”
حضرت حسین ع نے جواب میں فرمایا
” تو جھوٹا ہے
میں دوزخ میں نہیں
بلکہ
رب رحیم شفیع اورمطاع کے حضور میں جاؤں گا ”
تیرا نام کیا ہے
جواب دیا ابن حوزہ
فرمایا
” خدایا اس کو آگ میں داخل کر ”
اسی دوران ابن حوزہ کا گھوڑا بدک کر ایک نہر میں گرا
اورابن حوزہ پتھروں کی رگڑ سے چور چور ہوکر مرگیا
اس کے بعد
شامی فوج سے
یزید بن معقل نکلا
اورحسینی لشکر سے بریربن حضیر ہمدانی ان کے مقابل ہوئے
زبانی مباحثہ کے بعد
دونوں نے تلواریں نکال لیں
یزید بن معقل نے بریر پر وار کیا
بریر نے وار خالی کردیا
اور۔۔۔ جواب میں ایسی کاری تلوار ماری
کہ
یزید بن معقل کے دماغ تک پہنچ گئی
اور وہ زمین پر ڈھیر ہوگیا
بریر ہمدانی کے بعد
عُمر بن قرظہ انصاری بڑھے
جبکہ ان کا بھائی عمر بن سعد کے لشکر میں تھا
عمر بن قرظہ کو خاک وخون میں غلطاں دیکھ کر
وہ حضرت حسین ع کی طرف چھپٹا
مگر نافع بن ہلال مراوی نے
ایسا نیزہ مارا
کہ
وہ چاروں شانے چت گرا، مگر اس کے ساتھیوں نے بڑھ کر بچالیا
ان کے بعد
حر بن یزید تمیمی الریاحی نکلے
منطق و عقل سے عاری یزیدی فوج
حُر کی باتوں کو مزید برداشت نہ کر سکی
اور انہوں نے
حر پر تیروں کی بارش کر دی
حر نے بھی بھپرے ہوئے شیر کی طرح حملہ کیا
پے درپے کئی یزیدیوں کا سر قلم کیا اور اپنی تلوار کا حق ادا کیا
جب یزیدی فوج نے دیکھا
کہ
پانی سروں سے اُونچا ہو گیا ہے
تب انہوں نے مل کر حر پر حملہ کیا
اور یوں
فدائے حسین ع حر بن یزید تمینی الریاحی
شہادت پا کر خدا کے حضور سرخُرو ہو گیا
یہی ” خیر” تھی
جس کے متعلق سوچتے ہوئے وہ دارالامارہ سے رخصت ہوئے تھے
آخر وہ بشارت سچ ہوئی
حر بن یزید تمیمی الریاحی
کربلا کے
وہ پہلے قابلِ فخر
جری شہید حر تھے جو علیہ السلام ہو گئے
واقعہ کربلا میں
اکیلے حُر کا کردار یہ ثابت کرنے کیلئے کافی ہے
کہ
قلوب فتح کرنے کا نام کربلا ہے
جب جب ناصبیت
کربلا کو
اقتدار
یا
دو شہزادوں کی جنگ قرار دینے کی کوشش کرے گی
پیشانی پر
رومال زہرا سلام اللہ علیھا باندھے ہوئے
حُر بن یزید تمیمی الریاحی
اپنے فرزند بکیر کے ہمراہ ان کے سامنے آ کھڑیں ہو نگے
جیسے اعلان کر رہے ہوں
کہ
میں وہ بن یزید تمیمی الریاحی “ حر“ ہوں
جو کبھی کوفہ کے امراء میں سے تھا
پسر سعد کا دوست تھا
میں بھی خراسان کی حکومت کے عوض
حسین علیہ السلام کو کوفہ آنے سے روکنے کیلئے بھیجا گیا تھا
میں وہی تھا
جس نے قافلہ حسینی ع کا راستہ روکا تھا
لیکن یہ اقتدار، یہ عیش و عشرت
یہ دنیا کی طلب اور یہ لشکر یزید چھوڑ کر
میں ہاتھ باندھ کر، روتا ہوا حسین ع کے قدموں میں آگرا تھا
مجھے پہچانو
آج
میں
ایک رات میں
باطل سے حق
اور
جہنم سے جنت کا سفر کرنے کا استعارہ ہوں
میں حر تھا
حسین ع نے مجھے حر علیہ السلام بنا دیا
السلام علیک یا حُر بن یزید الریاحی
اے حسین کے فدائی دوست حُر آپ پر آل رسول کا سلام
آپ پر زینب کا سلام کہ جو حسین کے بعد لُٹے قافلے کی سالار ہو گی
آپ پر خاتون جنت کا سلام کہ جنکا رومال آپکی پیشانی کے زخم پر بندھا ہے
السلام اے نار جہنم سے رہائی پانے والے حُر
روز محشر آپ کو بے شک اللہ کے رسول کی شفاعت نصیب ہو گی
السلام علیک یا حُربن ریاحی
جاری ہے













