ہائپنوسس اور مفاد عامہ ،سمیرا حمید

1
652

پاکستان کے حالات کا عمومی طور پر جائز لیا جائے تو مجھے رابرٹ براوننگ کی نظم ” پائیڈ پائیپر ” ( جس نے اپنی بانسری سے ایسا سریلا راگ الادا کہ گاؤں کے سب چوہے اسکے پیچھے ہو لئے، جنھیں اس نے پہاڑ سے نیچے پھینک دیا اور چلتا بنا) یا شیکسپیئر کے ڈرامہ ” جولئس سیزر” یاد آ جاتا ہے جس میں بروٹس کی وہ شاندار اور پرکشش لفاظی تھی کہ رومن عوام تو کیا ناظرین بھی ماننے کو تیار ہو جائیں کہ عدالتی نظام کے ہوتے ہوئے بھی بروٹس کا سیزر کو قتل کرنا کس قدر ناگزیر اور عین قومی مفاد میں تھا۔ ان دونوں میں ایک بات مشترک تھی۔۔۔۔ چوہوں کا اور رومنز کا ہجوم جنھیں ہپنوسس کے عمل سے گزار کر اپنی رائے کو ہموار کیا گیا. ہائپنوسس کا مطلب ہے مصنوعی طریقوں سے طاری کی گئی نیند۔۔ویسے تو ہائپنوسس کا استعمال درد،ڈپریشن وغیرہ دور کرنے کے لئے کیا جاتا ہے مگر اقتدار میں بیٹھے لوگ اور معاشرے کے کرتا دھرتا، جنھیں ہم سٹیک ہولڈرز بھی کہتے ہیں، اسے اس لئے استعمال کرتے ہیں تا کہ حقائق کو یکسر چھپا کر عوامی رائے کو اپنے حق میں ڈھالا جائے۔۔۔۔پائپنوسس کے بارے میں ایک دلچسپ حقیقت بھی ہے جسے اس تحریر کے آخر میں پیش کیا جائے گا۔ تو آئیے فلحال پاکستان کے عوامی حالات کی طرف ۔ کیا ہمیں اوپر کی دو مثالوں میں اپنا عکس دکھائی دیتا ہے؟ بدقسمتی سے ہم نے شروع ہی سے اپنے آپ کو قائدین کے رحم و کرم پہ چھوڑ دیا اور خود کولہو کے بیل بنے رہنے کو اپنا کلچر بنا لیا جو آنکھوں پہ پٹی بندھائی سارا دن کولہو کے گرد چکر لگا کر یہ سمجھتے ہیں کہ آج انھوں نے بہت سفر طے کیا ہے۔ وہ اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں کہ کولہو سے نکلنے والے تیل کا سارا منافع مالک کی جیب میں جا رہا ہے اور بدلے میں ہمیں سبز عینک پہنا کے سوکھی گھاس کھانے کو دی جاتی ہے۔چنانچہ بیلوں کی آنکھوں پہ پٹی باندھنا ضروری ہے وگرنہ انھیں کبھی حقیقت معلوم ہوئی کہ یہ لا حاصل سفر اصل میں ‘ جتھوں دی کھوتی اوتھے آن کھلوتی ‘ کے مصداق ہے تو وہ چلنے سے انکاری بھی ہو سکتے ہیں۔ چوپایوں کی طرح ہم نے بھی گھٹنے ٹیک دئیے جس کے عوض مالک کا عطا کردہ تھوڑا سا چارہ دن بھر کی بھوک اور سفر کی تھکان اتارنے کے لیے کافی رہے۔ ہائپنوسس کی یہ پٹی اصل میں کھوکھلے دعووں اور مبالغہ آرائی سے بھرے الفاظ کی ایسی پٹی ہے جسے پاکستانی معاشرے کا ہر سٹیک ہولڈر اپنے فائدے کے لئے ہمیں پہناتا ہے. شاہینوں کا ممولوں سے جیتنا اصل گر ہے۔یاد رکھئے ان میں ممولے عوام ہیں۔
افسوس کے ساتھ مگر ہم جدوجہد آزادی کی تھکن سے ہی ابھی تک نہیں نکل سکے اس لئے ہم نے اپنی سماجی، معاشی، سیاسی،تعلیمی اور دینی لگامیں ان کرتا دھرتاوں کے ہاتھ میں دے دیں کہ چلے چلو کہ جب تک چلی چلے۔
47 سے لیکر آج تک ہم ان سٹیک ہولڈرز کے ہاتھوں خود کو ہائیپنوٹائز کرواتے چلے آئے ہیں کہ اب تو عادت سی ہو چلی ہے۔اور عادتیں بھلا کب بدلتی ہیں۔۔! پاکستان ہجرت کے فورا بعد ہی ہم نے سیکھ لیا کہ جو ہاتھ ہندوؤں اور سکھوں نے ہمارے ساتھ کیا(ہمیں کتابوں میں یہی پڑھایا جاتا ہے)،ویسا ہی ہاتھ ہمیں اپنے مہاجر بھائیوں کے ساتھ کرنا چاہیے۔ چنانچہ بہتی گنگا میں ہاتھ تو کیا خون آلود کپڑے بھی دھو اور خوب نہاو۔آئین کیا ہوتا ہے،کیسے بنتا ہے،ادارے کسے کہتے ہیں، قائدین نئے تقاضوں کے مطابق کن صلاحیتوں کے مالک ہونے چاہئیں، اپنی سہل پسندی کے باعث ان پر غوروفکر کرنا ہمارے لیے بہت مشکل تھا۔ حتی کہ زبانی دعوؤں کے ہائپنوسس کے لئے بھی ہم نے دوسرے لوگوں کو شعروشاعری کہنے پہ معمور کیا
اُٹھ کہ اب بزمِ جہاں کا اور ہی انداز ہے
مشرق و مغرب میں تیرے دور کا آغاز ہے
۔۔۔سو تعداد میں ذیادہ ہونے کے باوجود ہم نے بھیڑیں بننے میں ہی عافیت سمجھی اور چند گھڑ سواروں کو محافظ سمجھ کے منڈلانے دیا۔
نوزائیدہ مملکت میں سب سے پہلے سیاسی انفراسٹرکچر کی ضرورت تھی کیونکہ آئین کے بغیر کسی بھی بنیادی حق کا تعین ناممکن تھا۔ہم نے خود ہاتھ کھڑے کرکے آئین سازی مفاد پرستوں کے ہاتھ دے دی۔۔نتیجے میں سیاست چالاک ہوگئی ۔حقائق چھپا لیے گئے اور عوام میں بنیادی شعور کو پیدا ہونے سے روک دیاگیا ۔ چند دعووں اور نعروں کے ہائپنوسس میں ہم بس لیفٹ رائٹ کرنے لگ ۔ ہم وہ لوگ جو جناح کی صورت دیکھنے اور آواز سننے کے لئے ہفتوں پہلے سڑکوں پہ بیٹھ جاتے تھے، پاکستان آکر ایسے ہایپنوٹائز ہوئے اور سوال کرنے سے بھی گئے کہ قائد کی ایمبولینس کیوں خراب ہوئی، پہلا وزیراعظم کیوں قتل ہوا،قائدکے فرمان کے باوجود فوج سیاست میں کیوں آئی۔
معاشی ہائپنوسس نے ہمیں استحصال، بورژوائی، پرولتاروی، ٹیکس جیسے الفاظ سکھا کر صرف اور صرف نجی بیٹھکوں میں اپنا علم جھاڑنے کے قابل کیا۔۔۔لیکن یہ جرات پیدا نہیں کی کہ اپنے ہی ٹیکس کے عوض شہری سہولیات کے لئے انھیں جواب دہ کر سکیں۔
سماجی ہائپنوسس میں طبقات کی تقسیم کو یقینی بنایاگیا اور ہمیں آسکر وائلڈ کے مشہور کامیڈی
Importance of being Earnest
کے مشہور ڈائلاگ، جو ایلگرنن اپنے نوکر کے شراب کی بوتلوں میں ہیرا پھیری کرنے پہ بولتا ہے۔
“Lower order should set a good example for the upper order)
نچلے طبقے کو اونچے طبقے کے لیے اخلاقیات کے اعلی اصول قائم کرنے چاہئیں )
کو اپنی زندگی کا سنجیدہ اصول بنانے کو کہا گیا اور اب ہم ہاتھ باندھے ان کے سامنے کھڑے ہونے اور صرف اپنے جیسوں میں بیٹھ کر انھیں ماسوائے چند گالیاں نکالنے کے اور کوئی بھڑک نہیں مار سکتے۔
شخصیت پرستی کا ہائپنوسس ہمیں موم کی ناک بنا چکا ہے۔اب چاہے وہ شخصیت سیاسی ہو یا مذہبی، جس طرف چاہے ہمیں موڑ لیتا ہے اور ہم اسی نفرت اور تعصب میں اپنے شعور پہ تالے پہ تالا چڑھاتے جاتے ہیں۔
تعلیمی ہائپنوسس تو سب سے کارگر ثابت ہوا۔۔۔۔تعلیم کے سٹیک ہولڈرز نے اسے کاروبار بنایا اور ہم خوشی خوشی انکے کسٹمرز بن گئے۔سو یہاں عالمی معیار کی تعلیمی پراڈکٹ بیچی تو ضرور جاتی ہے مگر میٹیریل کے اجزاء صرف اور صرف آپ کا ان دیکھا شاندار ماضی، شخصیات کی پوجا پاٹ کے طریقے، فوج کو مائی باپ سمجھنے، سیاسی و مذہبی تعصب سیکھانے کے لئے ہیں اور ہم گناہ و جرم کے خوف سے سوال کرنا تو کجا ،سوال کو ذہن میں پیدا ہی نہیں ہونے دیتے۔ایسے حالات میں پھر سیاستدان، فوج،تاجر،علما حتی کے معاشی نظام کا سیٹھ کلچر کیوں نہ ہمارے پائیڈ پائیپر بنیں۔۔۔اقتدار میں آتے ہی ہر شخص بروٹس کیوں نہ بنے جب ہم اسے سننے سے پہلے ماننے کو تیار ہوتے ہیں۔ہمارے یہ پائیڈ پائیپر مختلف راگ الاپ کر ہمیں اپنے پیچھے چلاتے ہیں۔ یہ راگ موقع کی مناسبت سے کبھی مذہب کارڈ بن جاتے ہیں، کبھی عوام اور شخصیات کے قتل ،کیمرے کے آگے شخصیات کی ریسلنگ(جو رات کو ایک ہی میز پہ کھانا کھاتے ہیں )،تعلیمی نصاب میں اپنے اپنے مفادات کی خاطر ہر آئے دن کی جانیوالی تبدیلیوں، اقلیتوں کے حقوق کی پامالی پر مشتمل ہوتا ہے، اور ہمیشہ کی طرح اگر یہ سب کارگر نہ ہو سکے اور اکا دکا کوئی ذہن سوال اٹھانے کی کوشش کرے تو بارڈر پر ازلی دشمن کی جارحانہ کارروائیوں کا سلسلہ شروع کروا کہ ہمارے خون کو ایسا جوش دیا جاتا ہے جس کی بھاپ دماغ میں گھس کر سب سوال منتشر کر دیتی ہے۔
غربت تیسری دنیا اور پاکستان کا اہم اور ناگزیر مسئلہ ہے جسے بہت سے آئینی، معاشی، معاشرتی اور عالمی مسائل پہ پریس کانفرنسیں کر کے اس کے مکمل پھیلاو اور نا ختم ہونے کو یقینی بنایا جاتا ہے۔روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پہ اچھل اچھل پڑنے کے باوجود ، سیاسی سٹیک ہولڈرز کی 73 سالہ سفر کی بڑی کامیابی ہے کہ اب عوام ان سے اس روٹی کپڑا اور مکان کا سوال کرنے سے بھی جا چکے ہیں۔ ان تمام حالات کو سامنے رکھتے ہوئے سر صفدر ہمدانی کے ان الفاظ کی تائید ہوتی ہے کہ
“کوئی مانے یا نہ مانے یہی سچ ہے کہ عوام کو مظلوم بننے کا شوق ہے۔غالب اکثریت پاکستانی بن کر نہیں بلکہ سیاسی وابستگی سے سوچتی ہے اور یہی رویہ قاتل ہے۔”
آخر میں ایک ایسے فرضی بادشاہ کا قصہ یاد آگیا جو اپنے جابر طرز حکومت پر عوام کی طرف سے مکمل خاموشی پہ بڑا حیران تھا۔ سو انھیں مزید زچ کرنے کے لئے اس نے ایک اور قدم اٹھایا اور روزگار کی خاطر ملک کے دوسرے حصے میں جانے والے راستے پر روزانہ محصول کے ساتھ ساتھ ہر مزدور کو 20 جوتے لگانے کے لئے ایک کارندہ کھڑا کر دیا۔کچھ عرصہ بعد مزدوروں کا ایک وفد بادشاہ کے پاس شکایت کی غرض سے آیا۔بادشاہ دل ہی دل میں خوش ہوا کہ بالآخر کوئی تو اس قانون کے خلاف بولے گا۔جبکہ وفد اس بات کی شکایت لیکر حاضر ہوا تھا کہ حضور والا 20 جوتے لگانا تو ٹھیک ہے مگر آپکا کارندہ بہت سست ہے۔ برائے مہربانی یا تو کو چست کارندہ رکھیں یا اس کے ساتھ ایک مددگار کا اضافہ کر دیں۔جوتے کھانے کی باری کا انتظار کرتے کرتے ہمیں کام سے دیر ہو جاتی ہے۔
قارئین کا اس مثال سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

سمیرا حمید

SHARE

1 COMMENT

  1. آپکی تحریر پڑھ کر اتنا کہونگا کہ آپنے پاکستانی حالات کی بہترین عکاسی کی ہے۔ تہتر سالوں سے بالکل ایسا ہی ہوتا آ رہا ہے۔عوام کو مختلف ہتھکنڈے استعمال کر کے کبھی نظریہ ضرورت تو کبھی نیشنل انٹیگریٹی کا چورن کھلا کر ماموں بنایا گیا۔ ارے خدا کا واسطہ جو کام جسکا ہے وہ اسکو کرنے دو۔ سیاست دانوں کا کام ہے ملک چلانا۔ تو انکو چلانے دو۔ اداروں کو مضبوط کریں کے جو بھی غلط کام کرے کسی بھی کرپشن میں ملوث پایا جاۓ اسکو الٹا لٹکا دیا جاۓ تو بہتر ہو گا۔ اگر آپ اس ملک کو درست سمت پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو عدلیہ کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ اس ملک کا کرپٹ ترین اداراہ ہی ہمارا عدالتی نظام ہے۔ جب جرم کرنے والے کو علم ہےکہ اسکو سزا ہی نہیں ملے گی تو جرم بھی ہو گا اور کرپشن بھی ہو گی اور یہ ملک ایسے ہی تباہی کا شکار ہوتا چلا جاۓ گا۔ اس ملک کی عوام مزید تہتر سال اور اسی طرح زلیل و خوار ہوتی رہے گی

LEAVE A REPLY