وزیراعظم کے مشیرِ داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے الیکشن میں کبھی اپنا مال خرچ نہیں کیا، شاہد خاقان کے دور میں این اے 120 کے ضمنی الیکشن کو چرانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ حلقے میں ڈھائی ارب کا خرچہ ترقیاتی فنڈز کے نام پر کیا گیا، سوال یہ ہے کہ پیسہ خرچ کیسے کیا گیا ہے۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ معاملہ اینٹی کرپشن سے نیب کو بھیج رہے ہیں، الیکشن کمیشن ریفرنس بھی بھیجا جائے گا، وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف اسکیموں میں پیسہ مختص کیا گیا۔
مشیرِ داخلہ نے کہا کہ گراؤنڈ پر پہلے کام شروع کیا گیا، ٹینڈر بعد میں ہوئے، نیس پاک کے زیرِحراست ملزمان نے اعتراف کیا کہ ہم نے انتخابات کے دنوں میں کام کیے، نیس پاک انجینئرز نے اعتراف کیا کہ ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں کام کیا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف خاندان نے ہمیشہ چھانگا مانگا کی سیاست کو فروغ دیا، الیکشن قوانین کے مطابق انتخابی عمل کے دوران ترقیاتی کاموں پر پابندی ہوتی ہے۔












