آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ 2010 کے سیلاب کے بعد اسی جگہ تعمیرات کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کالام، بحرین، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں ریلیف آپریشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
آرمی چیف نےکالام سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے منتقل کیےگئے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے کانجو کینٹ ہیلی پیڈ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کی اسیسمنٹ کے لیے سروےضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومتیں اور فوج مل کر کریں گے، اس وقت سب سے ضروری کالام روڈ کو کھولنا ہے، امید ہے 6سے 7 دنوں میں کالام روڈ کو کھول دیں گے، کالام میں پھنسے لوگوں کو نکال رہے ہیں، کالام میں اب بحران کی صورت حال نہیں ہے۔











