فرانس میں کیسز میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکہ میں گزشتہ چار دن میں یومیہ ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی وبا سے لوگوں کے متاثر ہونے اور زیرِ علاج افراد کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کرونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 99 لاکھ ہو گئی۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 12 لاکھ 52 ہزار افراد وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
متاثرہ افراد کے لحاظ سے امریکہ 98 لاکھ کیسز کے ساتھ سب سے آگے، اس کے بعد بھارت میں 85 لاکھ کیسز اور پھر برازیل میں 56 لاکھ کیسز سامنے آئے ہیں۔
اموات میں بھی امریکہ سب سے آگے ہے جہاں 2 لاکھ 37 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
برازیل میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار جب کہ بھارت میں ایک لاکھ 26 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 25 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6968 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 18 ہزار تک پہنچ گئی۔ جب کہ ایک ہزار کے قریب افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 1436 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
فرانس میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزتہ 24 گھنٹوں میں مزید 304 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی ‘جان ہاپکنز یونیورسٹی’ کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں 60 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 304 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 40 ہزار 220 ہو گئی ہے۔












