اسلام آباد حملےکی ساری پلاننگ افغانستان میں ہوئی، واقعے سے منسلک تمام افرادکو پکڑلیا ہے: محسن نقوی

0
626

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہےکہ اسلام آباد خودکش حملےکی ساری پلاننگ داعش افغانستان نےکی، حملےکا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے ، سی ٹی ڈی نے واقعے سے منسلک تمام افراد کو پکڑلیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی ساری فنڈنگ بھارت کررہا ہے، بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کرنے کے لیے اپنا بجٹ بڑھایا، دیگر ممالک کو بھارت کی وجہ سے درد ہوگا تو بھارت کے خلاف آواز اٹھےگی اور ایک دن ہر ملک بھارت کے خلاف بولےگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوشہرہ اور پشاور میں 4 سہولت گرفتار کیےگئے، سی ٹی ڈی خیرپختونخوا نےگرفتاری میں مدد کی، ماسٹرمائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے اور ہماری حراست میں ہے، پمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ کیسے حملہ آورکو لایا گیا، چھاپے کے دوران خیبرپختونخوا کا اہلکار شہید ہوا، چند اہلکار زخمی بھی ہوئے، حملے کی پلاننگ داعش نے افغانستان میں کی، دہشت گردکو ٹریننگ افغانستان میں دی گئی

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے ہم حالت جنگ میں ہیں، کمیونٹی کی انٹیلی جنس اہم ہے، 21 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں، دعوے سے کہتا ہوں ایک دھماکا ہوا لیکن 99 دھماکے روکے بھی ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو تمام ٹارگٹ بھارت دے رہا ہے اور پوری فنڈنگ کر رہا ہے، جس دہشت گرد کو پہلے 500 ڈالر مل رہے تھے اس کو اب 1500 ڈالر مل رہے ہیں، بھارت نے مئی کی شکست کے بعد اب دہشت گردی کے لیے بجٹ تین گنا بڑھادیا ہے، یہ دہشت گردوں کا دس گنا بجٹ کردیں ہم اس کو روکیں گے،اس دفعہ بلوچستان میں جتنے حملے ہوئے جو آیا بچ کر نہیں گیا، بی ایل اے ویڈیوز بناتی ہے جو بھارتی میڈیا پر چلتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن دشمن ہے، دشمن کی کیٹیگریز نہیں بنتیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والےکو کیٹیگریز میں تقسیم نہ کریں، دنیا نے آواز نہیں اٹھائی تو دیکھ لے اس کا نقصان کتنا ہوگا، دہشت گرد تنظیمیں مل کر کارروائیاں کررہی ہیں، ہم نے بہت سارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پکڑے ہیں جو دہشت گرد بھی استعمال کر رہےہیں، ہم نےسوشل میڈیا پلیٹ فارمزکو کہا ہے کہ اگر وہ یہ اکاؤنٹس بند نہیں کریں گے تو کچھ اور آپشن اختیار کریں گے، ہم نے کبھی دہشت گردی کو سپورٹ نہیں کیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں سکیورٹی اداروں کی چھوٹی سی ضرورت کو بھی پورا نہیں کرپارہا، اسلام آباد کے 93 داخلی راستے ہیں، پھر ریڈ زون ہے، اسلام آباد پولیس کی 80 فیصد نفری 50 سال سے زیادہ عمرکی ہے۔

,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,

اسلام آباد میں مسجد وامام بارگاہ پر خودکش حملے کے شواہد جمع کر لیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شواہد جمع کرنے کے لیے نیشنل فارنزک ایجنسی اور نادرا کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے حملے سے قبل فائرنگ کی، حملہ آور نے راستے میں 2 جبکہ مسجد وامام بارگاہ کے ہال میں داخل ہو کر مزید 6 گولیاں چلائیں جن کے خول جائے وقوعہ سے مل گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور نے مسجد کے ہال میں جا کر خودکش دھماکا کیا اور دھماکے میں 4 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ کی مقدار زیادہ تھی۔

یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے میں32 افراد شہید ہوئے تھے اور 150 سے زائد زخمی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY