آہ نصیر بھائی۔۔
آئینہ دیکھنے والے تجھے مرجانا تھا
تحریر:- روما رضوی
مارچ 2017 کی بات ہے ۔ جب اسکول کے سارے بچوں کے درمیان میں اسٹیج پر مائیک تھامے کسی ننھے فنکار کی آمد کا اعلان کر رہی تھی.۔۔
فون کی گھنٹی بجنا شروع ہوئی تو جلد از جلد اپنا جملہ مکمل کیا اور کچھ فاصلے پر جا کر کال سنی دوسری جانب سے بہت شائستہ لہجہ میں پوچھا گیا کہ کیا میں روما رضوی سے بات کر سکتا ہوں؟ کون بات کررہے ہیں میرے پوچھنے پر انہوں نے جواب دیا کہ میں نصیر ترابی بات کر رہا ہوں. نام سنتے ہی میں ششدر تھی ارے یہ کتنا بڑا نام جسے میں نے ٹیلی ویژن ، ریڈیو یا یوٹیوب کے توسط سے غزلیں نظمیں اشعار پڑھتے سنا ہے یا ان کو مختلف قومی مشاعروں میں نظامت کرتے سنا ہوگا۔۔
اس وقت ان سے معذرت کی اور کہا کہ میں آپ کو ٹھیک ایک گھنٹے میں کال کرتی ہوں. اور اس طرح زندگی میں پہلی بار نصیر بھائی سے بات ہوئی۔۔
فروری 2017 میں خورشید عبداللہ صاحب نے کمال ِ محبت سے مجھے نصیر ترابی صاحب کی کتاب لاریب میری منقبت سلام اور صوفی شاعری سے دلچسپی دیکھتے ہوئے ارسال کی تھی ۔۔
میرا طریقہ کار یہی ہے کہ میں جو کچھ کتاب پڑھتے وقت محسوس کروں اس کو کتاب میں ایک صفحہ رکھ کر قلم بند کرتی رہتی ہوں.۔
“لاریب” مجھے منقبت و سلام میں ایک نئے طرز کا مجموعہ محسوس ہوا ۔۔کئی ہفتے ہر شعر کو عقیدت سے پڑھا۔۔۔قرآت مکمل کی تو اپنے ناخواندہ انداز میں اس کا تعارف اور اس کے متعلق اپنے احساسات کو تحریر کیا اور اپنے پیج پر احباب کی نظر ثانی کے لئے پیش کردیا تھا ۔۔
اسکول کا پروگرام ختم ہوا تو واپسی پر پہلا کام نصیر ترابی صاحب کو جوابا” فون کرنے کا کیا. سلام دعا کے بعد انہوں نے میری حقیر رائے کی اس درجہ تعریف کی جس کے میں لائق نہیں تھی. اور وہ چند سطریں جو میں نے ان کی کتاب کے لیے لکھی تھیں. انہوں نے ان کا ازحد شکریہ ادا کیا. اور کہا کہ میں فیس بک پر نہیں ہوں لیکن میری بیوی نے مجھے یہ پڑھ کے سنایا ہے. تو میں اپنی کم مائیگی پہ بہت شرمسار تھی. کہ اتنی بڑی ہستی میری لاپرواہی سے لکھی کسی تحریر پر اس طرح حوصلہ افزائی کرے ۔ میں ان کے بڑے پن کی اس وقت دل سے قائل ہو چکی تھی. بہرحال اس وقت دس سے پندرہ منٹ کی گفتگو ہوئی. اور معلوم ہوا کہ وہ لاہور میں موجود ہیں ۔
میں نے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے اپنے گھر جہاں انکا قیام تھا ۔۔وہاں منعقد ہونے والی خواتین کی کسی محفل میں مدعو کرلیا. میں بلا تعمل اس دعوت پر پہنچنے کے لئے تیار ہوگئی۔ راستے میں یقین کیجیے جتنی دفعہ مجھے گھر ملنے میں دشواری ہوتی تھی. نصیر بھائی کو کال کرتی کہ اب اس گلی میں پہنچ گئی ہوں پر مجھے آپ کا گھر نہیں مل رہا. وہ کبھی غصے سے اور کبھی تھوڑی شفقت سے کہتے تھے کہ “بی بی تم اپنے آپ کو لاہوری کہتی ہو اور لاہور کے راستوں سے بالکل ناواقف ہو.” گھر کے دروازے پہ خود منتظر تھے.۔۔
نصیر بھائی سے وعدہ لیا کہ یہ میری بہت کوتاہی تھی کہ آپ سے تفصیلی بات نہیں ہو سکی. اور میں چاہتی ہوں کہ کچھ دیر کے لیے اگر آپ میرے غریب خانے تشریف لائیں. تو میرے لیے بڑی خوش نصیبی کی بات ہوجائے گی۔
اور یقین کیجیے کہ اسی ہفتے کہ جب دوسرے دن ماہ رمضان کا آغاز تھا اور انکی کراچی واپسی تھی۔۔ وہ اور مائرہ بھابی میرے گھر آئے۔۔رمضان شروع ہونے والا تھا ان کے ہاتھوں میں تحفتا” رمضان کے لوازمات دیکھ کر مجھے ایسا محسوس ہوا کہ واقعی وہ میرے بڑے بھائی ہیں اور میرے گھر مجھ سے ملنے آئے ہیں.۔
اس دوران میرے میاں صاحب بھی اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے ان کے منتظر رہے۔۔( یاد رہے کہ وہ میرے ادبی حلقوں میں قطعی دلچسپی نہیں رکھتے )
ان کا کہنا تھا کہ نصیر بھائی کا پہلا تعارف تو انکے والد گرامی ہیں ۔ اور ان سے اس نسبت سے ملنا بڑی سعادت کی بات ہے۔
چند گھنٹوں کی اس نشست میں کراچی کی بیشمار یادیں انکی نوجوانی کے قصے ۔۔انکے والد کی نصیحتیں سنتے ہوئے اندازہ نہیں کہ کتنا وقت گزر گیا تھا ۔۔وہ انتہائی سنجیدگی سے اپنی شرارتوں کا تذکرہ کرتے رہے ۔۔
پھر اس کے بعد ایک اور پروگرام جو شاید انکی بھتیجی کی شارٹ فلم کی رونمائی کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا ۔جہاں وہ خود بھی مقرر تھے.۔ وہاں بلایا ۔۔
وہ اپنے اندازِ گفتگو کے باعث نوجوانوں میں بھی بہت مقبول تھے۔
انکی غزل “وہ ہم سفر تھا” ان کا موجودہ حوالہ بنتی رہی.۔
اور وہ مسکرا کر کہتے تھے” بھئی دنیا بھر میں بچے اردو پڑھنا جانتے ہوں یا نہیں مگر اس غزل کو گالیتے ہیں “
وہ بہت روادار انسان تھے سال بھر کسی نہ کسی موقع پر فون پہ بات ہو جاتی تھی اور ان کی مجھ سے شکایت رہتی تھی ۔کہ
” صاحبزادی آپ تعلقات نباھنے کے معاملے میں انتہائی نالائق ہیں۔۔ ”
دو روز قبل ان کے انتقال کی خبر سنی ۔۔
جنوری کے آغاز میں سنا تھا کہ وہ شہر لاہور میں کسی نشست میں بحثیت مقرر موجود ہوں گے ۔۔ارادہ رکھنے کہ باوجود میرا جانا نہ ہوسکا ۔۔ جس کا مجھے شدت افسوس ہے. کہ کاش میں ان سے ملاقات کر لیتی۔۔
وہ وقت کے بہت پابند تھے۔۔
چند ماہ پیشتر ان سے ایک گفتگو ریکارڈ کی اور اسے انٹرویو کی شکل میں مکمل کیا ۔۔تحریر انہیں بھیجی کہ آپ ایک نظر دیکھ لیجیے. کوئی بات رہ گئی ہو یا اس کو کہیں درست کرنا چاہتے ہوں۔۔تو تصيح کی جاسکے ۔
پڑھ کر کہنے لگے
“تم نے بھی میرے کہے ایک ایک لفظ کو لکھ ڈالا ہے”۔۔ میں نے کہا۔۔ اب آپ کہیے تو کچھ حذف کر دیتی ہوں . تو بولے ” نہیں ایسے ہی جانے دو اسی طرح لوگ پڑھ لیں” ۔
وہ انتہائی صاف گو ، شفیق ، مہذب اور احترام دینے والی شخصیت تھے۔۔
انکی جدائی انکے ہر چاہنے والے پر شاق گزرے گی۔
. میری دعا یہی ہے کہ اُس جہان میں بھی ان کو بہت سارے چاہنے والےدوست ملیں. اسی طرح ان کا استقبال اگلے جہاں میں بھی ہو جس طرح کے اس دنیا میں ان کے چاہنے والوں کی تعداد موجود ہے ۔۔خدا کرے کہ وہاں پر بھی بہت سارے چاہنے والے ان کے منتظر ہوں.
وہ ہمیشہ صف اول کے ذاکرین میں موجود رہیں ۔۔
نِکل کے نَرغہء شَر سے تیری پَناہ کی سَمت..
میں آ رہا ہُوں، مِرا انتظار کر مولا..
(نصیرتُرابی)
روما رضوی ,لاہور۔پاکستان














Zabardast.
Allah un k darjaat buland farmaye . Ameen.