برطانیہ کے قصبے بلیک برن کے میئر افتخار حسین کو کورونا قوانین کی خلاف ورزی پر مستعفی ہونا پڑ گیا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے ہفتے کے روز ایک گھر میں چھاپہ مارا تھا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی اور اس تقریب میں قصبے کے میئر بھی موجود تھے۔

پولیس نے تقریب میں شرکت پرمیئر بلیک برن افتخارحسین سمیت 9 افراد پردو، دو سو پاؤنڈ جرمانہ کیا تھا۔

لنکا شائر پولیس نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 30 سے زائد افراد کے ایک تقریب میں شرکت کی رپورٹ موصول ہوئی تھی جس پر چھاپہ مارا گیا تھا جبکہ پولیس نے سب پر کورونا ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر جرمانہ بھی عائد کیاتھا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بلیک برن کےمیئرافتخارحسین کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے جس کے بعد انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

سابق میئربلیک برن افتخار حسین کا کہنا تھاکہ حالات کی نزاکت کا احساس نہ کرنے پر افسوس ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سے سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY