راچڈیل (پریس ریلیز)راچڈیل کے مئیر کونسلر عاصم رشید نے زور دیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو برطانیہ میں رہتے ہوئے اس ملک کے نظام کا حصہ بننا چاہئیے اور اس بات پر غور کرنا چاہئیے کہ اس ملک نے انہیں جو کچھ دیا ہے جواب میں انہوں نے اس ملک کو کیا دیا – انہوں نے ان خیالات کا اظہار پریس کلب آف پاکستان یوکے کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا – مئیر راچڈیل کونسلر عاصم رشیدنے کہا کہ بہت سے ممالک سے لوگ برطانیہ آکر آباد ہوئے ہیں اور برطانیہ نے نہ صرف ہمیشہ امیگرنٹس کو کھلے بازوﺅں کے ساتھ قبول کیا ہے بلکہ انہیں اپنے نظام کا حصہ بھی بنایا ہے -آج دیکھ لیں کہ برطانیہ کے ہر شہر میں پاکستانی نژاد لوگ کونسلر ‘ مئیر اور لارڈ مئیر بن رہے ہیں – ارکان پارلیمنٹ بن رہے ہیں -یہ اس نظام کی خوبی ہے کہ اس نے ملک کا انتظام چلانے والے اداروں میں باہر سے آنے والوں کو بھی شامل کیا ہے – تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ جواب میں اس ملک کو کیا دیا جائے – ہماری برطانیہ میں پیدا ہونے والی نسلوں کےلئے پاکستان ایک ثانوی حیثیت رکھتا ہے – آج برطانیہ میں پاکستانی نوجوان لڑکے اورلڑکیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اس ملک کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو رہے ہیں – وفد کی طرف سے پریس کلب آف پاکستان کی صدر کونسلر مقدسہ بانواورسیکرٹری غلام رسول شہزادکے علاوہ محبوب الٰہی بٹ ‘ راجہ خورشید حمید ‘ چوہدری پرویز مسیح اور سلیم گل نے مئیر راچڈیل کونسلر عاصم رشید کو مئیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبا دپیش کی نیز مئیر راچڈیل کی چیرٹی اوران کے پراجیکٹس کے بارے میںمعلومات حاصل کیں – مئیر نے تفصیل سے ان پراجیکٹس کا ذکر کیا جس پر وفد کے ارکان نے انہیں اپنی طرف سے مکمل مدد اورحمائت کا یقین دلایا – وفد کے ارکان نے مئیر راچڈیل اور پریس کلب آف پاکستان یوکے کی طرف سے مشترکہ پراجیکٹس کے انعقاد پر بھی غور کیا جس کا مئیر نے حوصلہ افزاءجواب دیا اور واضح کیا کہ کمیونٹی کی بھلائی کےلئے کوئی بھی پراجیکٹ شروع کیا جائے وہ اس کی حمائت کریں گے – اس موقع پر غلام رسول شہزاد کی طرف سے راچڈیل میں صفائی مہم کے سلسلے میں ”راچڈیل انوئرمنٹ گروپ “کا ذکر بھی کیا گیا جس کی مئیر نے بہت تعریف کی – مئیر کو بتایا گیا کہ پریس کلب کے پراجیکٹس میں مانچسٹر میں بھی صفائی مہم کاآغاز کرنے کاآپشن بھی رکھا گیا ہے نیز صحافیوں کی ٹریننگ کے پروگرام بھی شامل ہیں – مئیر کو بتایا گیا کہ پریس کلب کی طرف سے ”مجسٹریٹس ان دی کمیونٹی “ – ”ڈسپلن اور آفس ورک “اور ”صحافیوں کو خبربنانے کی تربیت“ پر مشتمل بہت سے کورسز کروائے جا چکے ہیں جبکہ شوگر ‘ ڈیپریشن ‘ انکسائٹی ‘ بلڈ پریشر اور اس طرح کے امراض کے بارے میں بہت سے پراجیکٹس بنائے گئے ہیں لیکن ان پر کورونا کی وجہ سے عملدرآمد روک دیا گیا نیز پریس کلب کے زیر اہتمام پاکستان کے قومی دن ‘ عیدین ‘ کرسمس اور ایسٹر کے موقع پر پروگرام ترتیب دئیے جاتے ہیں جبکہ ماہ رمضان میں پریس کلب کے مسیحی ارکان مسلمان کمیونٹی کو افطار پارٹی بھی دیتے ہیں تاکہ مختلف کمیونٹیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جاسکے – مئیر نے پریس کلب کی ان کاوشوں کو سراہا – دریں اثناءپریس کلب آف پاکستان یوکے کے ایک ترجمان سلیم گل نے بتایا کہ مئیر راچڈیل کی طرف سے 29 جولائی کو راچڈیل میں ہونے والے چیرٹی کرکٹ میچ میں پریس کلب آف پاکستان یوکے مکمل تعاون کرے گا اور اس کاوش کو ہائی لائٹ کرنے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا- یادرہے کہ راچڈیل الیون اور ہائی کمشنر الیون کے درمیان یہ چیرٹی میچ راچڈیل میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان بھی شرکت کریں گے – اس موقع پر راچڈیل کی صحافی برادری میں سے ہارون مرزا اور راجہ واجد نے بھی شرکت کی –












