بعض حقائق اتنے تلخ ہوتے ہیں کہ دل انہیں قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتا لیکن ماننا پڑتا ہے کہ سچ آخر سچ ہوتا ہے خواہ کتنا ہی کڑوا کیوں نہ ہو
پاکستان میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم ایک لمحہ فکریہ ہیں افسوس تو اس بات پر ہے کہ ان میں کمی ہونے کے بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے بین الاقوامی اداروں نے اس سلسلے میں جو اعداد و شمار شائع کیے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں
ایک گلوبل ادارے ورلڈ اکنامک فورم ( ڈبلیو ۔ ای ۔ ایف ) کی رپورٹ کے مطابق ( 31: مارچ 2021 ) صنفی مساوات کے انڈیکس میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے دنیا کے 156 ممالک میں سے پاکستان 153 نمبر پر ہے ۔ اس فہرست میں صرف عراق ، یمن،اور افغانستان ہی پاکستان سے بدترین ہیں اورلیکن ان ممالک میں تو کئی سالوں سے مسلسل جنگ جاری ہے سالہاسال سے سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہیں ۔ ان سے پاکستان کا کیا مقابلہ ؟
حال ہی میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ایک غیر ملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عورتوں اور بچوں کے خلاف ریپ کے جتنے کیس رپورٹ ہوتے ہیں حقیقت میں اس سے کہیں زیادہ ہیں
بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی
خواتین کے ریپ کے واقعات صرف پاکستان ،انڈیا ، بنگلہ دیش اور افریقی ممالک میں نہیں ہوتے ۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک مریکہ ،انگلینڈ ،آسٹریلیا جاپان اور دیگر بھی اس شر سے محفوظ نہیں ہیں
اسلامی جمہوریہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کی پامالیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ در حقیقت خواتین کا یہ استحصال اسلامی اصولوں سے رو گردانی ہی کا نتیجہ ہے
پاکستان میں آئین اور قانون کتابوں میں تو درج ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے یہاں انصاف اتنا مہنگا ہے کہ کمزور وں تک تو اس کی پہنچ ہی نہیں
امیر المومنین سیدنا حضرت علی کا فرمان ہے کہ
کفر کا نظام تو چل سکتا ہے ظلم کا نہیں
اگر خواتین کے معاملے میں اسلامی اصولوں پر عمل کیا جاتا تو آج یہ عالمگیر رسوائی ہمارا مقدر نہ ہوتی
اسلام نے خواتین کو جو حقوق اور عزت و تکریم عطا کی ہے اس کی نظیر ملنا مشکل ہے
رب کائنات نے اپنی محبت کو ناپنے کا پیمانہ ماں کی محبت کو قرار دیا
وہ اپنے بندوں کو ستر ماؤں سے زیادہ چاہتا ہے
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ حضرت مریم کے بارے میں قرآن مجید میں پوری سورۃ مریم موجود ہے
دین اسلام نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی والدہ بی بی ہاجرہ کی اپنے نو مولود بچے کے لیے پانی کی تلاش کو سنت قرار دے کر حج کا رکن بنا دیا اور حج کے دوران کا یہ عمل صرف خواتین کے لیے مخصوص نہیں ہے مردوں پر بھی لازم ہے صفا و مروہ کے گرد سات چکر لگائے بغیر حج مکمل نہیں
یہ تو ہے اسلام میں ماں کا احترام
اب آجائیں بیویوں کے حقوق کی طرف
سرور کائنات کا خود سے پندرہ سال بڑی شریکِ حیات حضرت خدیجہ کے ساتھ ایک مثالی رشتہ تھا یہ محبت اور وفا کاایسا تعلق تھا کہ ان کی زندگی میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کوئی اور شادی نہیں کی پھر حضرت عائشہ صدیقہ اور دیگر امہات المومنین کے ساتھ سردار دو جہاں کا بہترین سلوک کسی سے پوشیدہ نہیں
بیٹیوں کی عزت و تکریم تو اسلام میں ایسی کی گئی کہ ۔ سبحان اللہ
پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی صاحب زادی ، سیدہ فاطمہ زہرا کے احترام میں کھڑے ہو جایا کرتے تھے یہ مثال اس عرب معاشرے میں قائم کی گئی تھی جہاں بیٹیوں کو زندہ دفن کردیا جاتا تھا
اسلامی تاریخ میں بہین اور بھائی کی لازوال محبت ، ایثار و قربانی اور عزت و تکریم کے اوج کمال کو اگردیکھنا ہو تو
زینب بنت علی اور حسین بن علی کو دیکھو
پوری دنیا کی تاریخ بہین بھائی کے رشتے کی عظمتوں کی ایسی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے
حضرت زینب کو ثانی زہرا اور شریکت الحسین کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے ۔ آپ کو اپنے بھائی سیدالشہدا سے بے پناہ محبت تھی ۔ حق و باطل کے سب سے بڑے معرکہ کربلا میں بھی بھائی پر جان نچھاور کرنے والی یہ بہین شانہ بہ شانہ تھیں
اپنے دونوں پیارے بیٹے عون و محمد کی شہادت پر کہا
یہ تو میں نے اپنے بھائی پر سے صد قہ کر دیے تھے میں ان پر گریہ کیسے کرسکتی ہوں ؟
زینب کے بلند حوصلوں کو ساری کائنات کا سلام
بھائی امام عالی مقام اور ان کے بہتر جانثاران کی شہادت کے بعد بی بی زینب ہی نے اسلام کو زندہ و جاوید رکھا کربلا کے مصائب وآلام میں بھی اس صابرہ کے قدم نہیں لڑکھڑائے ۔ ایک دل شکستہ اور غموں سے چور خاتون نے کوفہ و شام کے دربار میں ابن زیاد اور یزید کے سامنے جو جرآت آمیز خطبے دیے وہ تاریخ کا حصہ بن گئے یزید جیسا ظالم خوف زدہ ہو گیا آپ کی خطابت کے بارے میں مورخین نے لکھا کہ
ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گویا حضرت علی المرتضیٰ خطبہ دے رہے ہیں
بی بی نے کربلا کی بیواؤں اور یتیموں کو اپنی سر پرستی میں لے کر کربلا ، کوفہ اور شام کے بازاروں میں امام کا پیغام حق پہنچایا اگر بی بی زینب ایسا نہ کرتیں تو معرکہء کرب و بلا کو دو شہزادوں کے درمیان اقتدار کی جنگ سمجھ کر فراموش کر دیا جاتا
کربلا کے واحد زندہ بچ جانے والے مرد امام زین العابدین کی دلیر اور نڈر پھپھی نےاپنے بیمار بھتیجے کی حفاظت کی ۔ بیمار کربلا کو یزیدی فوج سے بچانے کے لیے ایک ناتواں عورت شیر بن گئی ۔ اورپھربعد میں امام زین العابدین سے ہی امام حسین کی نسل آگے بڑھی
اب بی بی زینب اسں لٹے پٹے قافلے کی سالار تھیں ۔ کربلا کی ابتدا حسین نے کی اور اسے پایہ تکمیل تک بی بی زینب نے پہنچایا
واقعہ کربلا کو اگر عام آدمی کی زندگی کے تناظر میں دیکھا جائے تو ہوتا یہ ہے کہ اگر کسی کے ہاں اچانک کوئی جوان موت ہو جائے تو پورا گھرانہ سوگ میں ڈوب جاتا ہے اور اگر کسی ناگہانی آفت ، حا دثہ یا وبائی امراض میں گھر کے دو یا تین جوان دنیا سے چلے جائیں تو اس خاندان کے باقی افراد پر قیامت ٹوٹ پڑتی ہے اہلِ خانہ نفسیاتی طور پر ٹراما میں چلے جاتے ہیں ان ماہرین کی زیرِ نگرانی باقاعدہ علاج ہوتا ہے ۔ لواحقین کو ڈپریشن اور موت کے سوگ سے نکالنے کے لیے طویل عرصے سیشن دیے جاتے ہیں لیکن پھر بھی وہ اس صد مے ساری زندگی باہر نہیں نکل پاتے
سلام ہو کربلا کی سوگوار خواتین پر
جن کے صبر ، برداشت، حوصلے اور ہمت کی مثال ملنا مشکل ہے جنہوں نے بھوک پیاس ، گرمی کی شدت اور بے سروسامانی کے عالم میں بہتر شہیدوں کے بے گور کفن لاشے دیکھے جن میں ان کے اپنے پیارے شامل تھے
یہ بلند کردار، تقویٰ اور صبرو رضا کربلا کی ستم رسیدہ بیبیوں ہی کا تھا جنہوں نے امام عالی مقام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے جگر گوشوں کو دین کی بقا کے لیے قربان کر دیا نہ کوئی گریہ و زاری کی کی نہ کبھی حرف شکایت زبان پر لائیں
واقعہ کربلا خواتین کے لیے واضح درس ہےکہ حالات کتنے ہی دل شکن اور مایوس کن ہوں زمانہ کتنا ہی ترقی یافتہ کیوں نہ ہو آپ کی زندگی کی سختیاں اور دشواریاں کربلا کی سختیوں کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں اس لیے اپنے حوصلے کا علم ہمیشہ بلند رکھیں ہمت اور بہادری سے کام لیں حق کا ساتھ دیں باطل کا مقابلہ ڈٹ کر کریں
بی بی زینب اور دیگر بیبیوں کو اپنا رول ماڈل بنائیں پھر کتنا ہی بڑا غم اور پریشانی ہو آپ کے حوصلے ہمالیہ سے بھی بلند رہیں گے
بقول فیض احمد فیض
لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے
کسی کی زندگی کی شام خواہ کتنی ہی طویل اور کربناک کیوں نہ ہو وہ شام غریباں سے زیادہ تاریک نہیں ہوسکتی
کربلا کی مظلوم مگر بہادر بیبیوں کا یہ پیغام صرف مسلمان خواتین کے لیے نہیں ہے یہ ایک عالمگیر پیغام ہے اور پورے گلوبل ولیج کی مظلوم خواتین کے لیے ہے ۔
علی کی بیٹی سلام تم پر













