مانچسٹر(پریس ریلیز ) پریس کلب آف پاکستان یوکے کا ایک ہنگامی اجلاس کونسلر مقدسہ بانو کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ نظامت کے فرائض غلام رسول شہزاد نے سرانجام دئیے – اجلاس میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور جنت الفردوس میں ان کے بلند درجات کی دعا کی گئی – ذوم اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے شفیق الزمان ’ محبوب الٰہی بٹ ’ چوہدری پرویز مسیح مٹو ’ سموئیل جیکب ’ سہیل حیدر سہوترا ’ سیمسن جاوید ’ گلزا رخان ’ نصر اللہ خان مغل ’ نعیم واعظ ’ سلامت بریعہ زندانی ’ محمد طاہر بشیر ’ طلعت گل ’ سلیم گل ’ سرفراز تبسم ’ ڈاکٹر جاوید بھٹی ’جاوید عنایت ’ حمیرا ثناء‘ حبیب دانش ’ خورشید حمید ’ لیاقت علی عہد ’ پرویز بھٹی ’ راجہ مصور حسین اور دیگر ارکان نے پاکستان کو ایٹمی صلاحیت دلوانے میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے کردار کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کو سراہا – مقررین نے ڈاکٹر قدیر خان کے جنازے میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹر قدیر خان کی صلاحیتوں اور قوم پر ان کے احسانات کا باقاعدہ سرکاری سطح پر اعتراف کیا جائے – اجلاس میں مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی –













