امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ وفاقی فنڈنگ کا مستحق نہیں رہا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ہارورڈ کا اب کسی معیاری تعلیمی ادارے کے طور پر شمار نہیں ہوسکتا اور اسے دنیا کی عظیم یونیورسٹیوں کی کسی فہرست میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔ ہارورڈ ایک مذاق ہے جو نفرت اور حماقت سکھاتی ہے اور اسے مزید وفاقی فنڈز نہیں ملنے چاہئیں۔

خیال رہےکہ ٹرمپ انتظامیہ اور ہارورڈ کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب یونیورسٹی نے حکومتی دباؤ کے باوجود دیگر یونیورسٹیوں کے برخلاف اپنے تعلیمی و انتظامی معاملات میں مداخلت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات ماننے سے انکار، ہارورڈ یونیورسٹی کی وفاقی امداد منجمد کر دی گئی

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز منگل کے روز ٹرمپ نے یونیورسٹی کا غیر منافع بخش ادارے کی حیثیت سے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی دھمکی دی تھی جبکہ یونیورسٹی کی 2.2 ارب ڈالر کی وفاقی فنڈنگ پہلے ہی منجمد کی جا چکی ہے۔

ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ہارورڈ اپنی داخلہ پالیسی، بھرتیوں اور تعلیمی شعبہ جات کی ترتیب میں تبدیلی کرے اور تعلیمی پروگرامز اور شعبہ جات کے آڈٹ کی اجازت دے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے کہا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری یا آئینی حقوق پر کوئی سودا نہیں کریں گے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے یونیورسٹیوں پر دباؤ ڈالنے کے لیے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ’یہود مخالف جذبات‘ کو فروغ دے رہی ہیں۔ ایسا خاص طور پر اسرائیل کے غزہ پر جنگ کے خلاف ہونے والے طلبہ احتجاج کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

…………………..

امریکا کی کئی یونیورسٹیوں کے تقریباً 450 بین الاقوامی طلبا کے ویزے غیر متوقع طور پر اچانک منسوخ کردیے گئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کی یونیورسٹیوں میں جن کے ویزے منسوخ ہوئے ان میں پاکستانی اور دیگر مسلم ممالک کے طلبا بھی شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ویزا منسوخی بغیر پیشگی اطلاع اور قانونی کارروائی کے کی گئی۔

امریکی میڈیاکے مطابق ویزا منسوخی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں تاہم کالجز اور یونیورسٹیوں سے وابستہ اہلکاروں کا کہنا ہےکہ حکومت خاموشی سے یہ اقدام کررہی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ ان طلبا کو خاص طور پر نشانہ بنا رہی ہے جو فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کرتے رہے ہیں تاہم بعض افراد کے ویزے کسی مظاہرے میں حصہ نہ لینے کے باوجود منسوخ کر دیے گئے۔

جن یونیورسٹیوں کے طلبا کے ویزے منسوخ کیے گئے ان میں ہارورڈ،اسٹینفورڈ، یو سی ایل اے، یونیورسٹی آف مشیگن سمیت کئی تعلیمی ادارے شامل ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY