صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے جناح ٹاؤن سے گذشتہ ماہ اغواء ہونے والے دو چینی شہریوں کی بازیابی میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد اس علاقے میں رہائش پذیر 11 چینی باشندوں نے وطن واپسی کے لیے کراچی کا رخ کرلیا۔

خیال رہے کہ 24 مئی کو اغواء ہونے والا چینی جوڑا ایک چینی زبان سکھانے والے ادارے میں استاد تھا، جنہیں تین مسلح افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

مسلح افراد نے ان ٹیچرز کے ساتھ موجود تیسری چینی خاتون کو بھی اغوا کرنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی تھیں جبکہ اغواء کے مقام پر موجود ایک راہ گیر نے جب ان افراد کو بچانے کی کوشش کی تو مسلح افراد نے اسے گولی ماردی تھی۔

ان افراد کے اغوا ہونے کے بعد سے اس علاقے میں رہائش پذیر 11 چینی باشندے، جن میں 3 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں، کو سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے کے اہلکاروں نے رواں ہفتے کے آغاز میں ان 11 افراد سے ملاقات کی، جہاں ان کی چین واپسی کا فیصلہ کیا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY