زینب فخرالنسا
واقعہ کربلا نہیں صرف واقعہ
اس کے اندر کئ اسباق، کئ پرتیں
عورت کی تکریم، اس پر اعتماد
اس شہادت کی خبر برسوں پہلے
صاحب نہج البلاغہ نے وقت عقد زینب ،
لیا عہد داماد عزیز سے
کہ وقت آزمائش زینب بنے گی دست وبازوء حسین
شامل ہوگی قافلہ حسین میں
باب علم نے کیا توقیر بخشی دختر فاطمہ کو
کیا عزت دی خواہر حسنین کو
کیسا بھر پور اعتماد اور بھروسہ
کہ ہر آزمائش وابتلا میں پوری اترے گی زینب
زینب محبت، شجاعت، جرآت کا استعارہ
حسین کی خواہر گراں مایہ
جس کی فہم وفراست پر بھائ کو بھی اعتماد
جب آیا عطائے وقت علم
سب مشتاق اور بے تاب
کہ کس کے حصے میں آتی ہے یہ سعادت
کہ دیتے ہیں شہ کربلا کس کو علم
اور شہ دیں دیتے ہیں اختیار زینب کو وہ جس کو موزوں سمجھے دے اسے علم
اللہ اللہ ایک مشکل گھڑی میں، اہم فیصلہ
اور دختر علی، خواہر حسین زہین وفطین
نگاہ انتخاب بردار عباس
جرآت وہمت میں مثل شیر خدا
حسین دیتے ہیں علم عباس کو
یہ کہتے ہوے کہ یہ فیصلہ بہن کا ہے
یہ افتخار، یہ مسرت واطمینان
عباس علمدار اور شجاعت بے مثال
تاریخ ثبت کرتی ہے۔کہ ہے
بے نظیر
زینب کا انتخاب، عباس علمدار
محراب ومنبر پر بیٹھنے والو
کبھی واقعہ کربلا میں عظمت نسا بھی دیکھو
بیٹیو اور بہنو کو کمتر سمجھنے والو
بیٹی اور بہن کا مقام پہچانو سمجھو
پھر آتی ہے شام غریباں اور ظلم وستم کی انتہا
پیاروں کی سر بریدہ لاشیں، جلے ہوئے خیمے،
نہتی عورتیں اور کم سن بچے
زینب کے دل پر کتنے پیاروں کے زخم جدائی
دوسری طرف بدمست یزیدی افواج
ایسے میں سینہ سپر زینب
صبر کا کوہ گراں، ہمت وجرآت کا نشاں
لٹے ہوے غمزدہ قافلے کی میر کارواں
صابرہ، مجاہدہ سب کا حوصلہ بڑھاتی ہوئ۔
بیبیوں کے بے ردا سروں پر اک سائباں کی طرح
سوے شام ہے رواں
شام کا دربار، یزید اور اس کے کاسہ لیس
پھر جو زینب نے کھولی زباں
دریاے فراست رواں
سب کو یاد آے شیر خدا
گرجتی برستی للکارتی شیرنی
فتح وشکست کے معنی بدلتی ہوئی
علی کے لہجے، علی کے انداز میں
یزید کی طاقت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے
جو خطبہ زینب نے دیا
وہ جرآت اظہار ہے
جرآت کردار ہے
زینب فخر النسا
محراب ومنبر پر تشریف فرما واعظو!
کبھی خطبہ زینب کی تشریح کرو
بیٹیو، بہنو کی آوازیں دباتے ہوے
کبھی خطبہ زینب کی صدا سنو
زندگی کاقرینہ، طریقہ بدل جاے گا
دانش ءفکر، حریت فکر ،جرآت اظہار کا استعارہ
دختر زہرا وعلی، خواہر حسنین
زینِ اب زینب، عالمہ غیر معلمہ
زینب فخر النسا کو پہنچے ہمارا سلام
نصرت نسیم













