دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی فاسٹ فوڈ کا رجحان زور پکڑتا جا رہا ہے، اور لوگوں کے رجحان کو نظر میں رکھتے ہوئے فوڈ چین بھی مزے مزے کی ریسیپی متعارف کرانے کی کوششیں کرتے ہیں۔
پاکستان میں انڈا سینڈوچ ، چکن سینڈوچ، بیف سینڈوچ اور کلب سینڈوچ جیسی ریسیپی تو تقریبا ہر فاسٹ فوڈ چین پر دستیاب ہوتی ہوں گی، تاہم انڈا سلاد سینڈوچ شاید ہی کہیں دستیاب ہو۔
یہ سینڈوچ دیگر کے مقابلے اس لیے بھی منفرد ہے،کیوں کہ اس میں ذیادہ تر پروٹین کی حامل غذائیں استعمال کی جاتی ہیں۔
انڈا سلاد سینڈوچ کے لیے کسی بھی فوڈ چین پر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی، کیوں کہ اسے تیار کرنا اتنا مشکل کام نہیں۔
اس خصوصی سینڈوچ کی تیاری کے لیے سلاد میں استعمال ہونے والی چیزوں کی ضرورت درکار ہوتی ہے، جن کا سلاد بنانے کے بعد صرف بریڈ میں رکھ کر کھانے کی دیر ہوتی ہے۔
انڈا سلاد سینڈوچ دوپہر کے کھانے کے لیے سب سے ذیادہ موزوں ہے، تاہم اسے کسی بھی وقت تیار کر کے کھایا جاسکتا ہے۔
اجزاء
سلاد کے لیے
مکھن 6 چائے کے چمچ
زیتون کا تیل چوتھائی کپ
مایونیز 2 چائے کے چمچ
لیموں کا رس حسب ضرورت
ہری پیاز کے پتے 2 عدد کاٹ لیں
ہرا دھنیا حسب ضرورت کاٹ لیں
شہد ڈیڑھ چائے کا چمچ
کالی مرچ پاؤڈر حسب ضرورت
نمک حسب ضرورت
انڈے 2 عدد بوائل کرلیں
نوٹ: چاہیں تو سلاد میں استعمال ہونے والی اپنی مرضی کی مزید اشیاء بھی شامل کرلیں
ترکیب
ایک برتن میں بوائل انڈوں کو کاٹ کرمایونیز، مکھن، شہد اور تمام چیزوں کے ساتھ مکس کرلیں۔
جب تمام چیزیں مکس ہوجائیں تو سلاد کو ٹھنڈا کرنے کے لیے فرج میں رکھیں۔
آخر میں ایک سلائس کے اوپر سلاد بھر کے دوسرا سلائس اوپر رکھیں۔
ذائقہ دار انڈا سلاد سینڈوچ تیار ہے۔
سلاد کو بوائل انڈوں کے بغیر بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔
انڈوں کا آملیٹ بناکر بھی سینڈوچ بنایا جاسکتا ہے۔












