وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اعتراف کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے درمیان رابطہ کرانے میں ناکام رہا۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ آصف زرداری کو کئی فون کیے پرجواب نہیں ملا۔
خواجہ آصف نے اعتراف کیا کہ انہوں نے آصف زرداری کو 5تا 7فون کیے، پیغامات بھی چھوڑے مگر زرداری صاحب نے کوئی جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بہت کو شش کی کہ آصف زرداری کو کسی طرح راضی کرلوں،انہیں ٹیلی فون کر کے بات کرنے پر آمادہ کرلوں مگر وہ بات کر نے پر بالکل تیار نہیں تھے اور وہ ان کے جواب کا انتظار ہی کرتے رہ گئے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آصف زرداری کو پانچ سات دن تک فون کیے اور پیغامات بھی چھوڑے ،ان کے اے ڈی سی کے پاس پیغام بھی چھوڑا، مگر انہوں نے جوابی کال ہی نہیں کی۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف زرداری کی جانب سے ایڈووکیٹ فاروق نائیک کو نواز شریف کا مقدمہ لڑنے سے بھی روک دیا گیا۔
وزیر خارجہ نے پیپلز پارٹی رہنما کی ممکنہ ناراضی کا امکان تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ شاید آصف زرداری کو جو شکایات ہیں ان میں سے کچھ جائز بھی ہوں، تاہم ان پر بات ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ آصف علی زرداری رابطے میں رہنے والے آدمی ہیں، مگر اس بار انہوں نے رابطہ نہ رکھنے کا آپشن منتخب کیا ہے۔
اسی سال 16اگست کو جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں ہی خواجہ آصف نے آصف زرداری سے رابطے بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اتفاق سے یہ وہی دن تھا جب آصف زرداری نے نون لیگ سے تمام ناتے توڑنے کا اعلان کیا تھا، ملنا تو دور کی بات،انہوں نے ہاتھ ملانے سے ہی انکار کردیا تھا، یہاں تک کہہ دیا تھا کہ نواز شریف سے رابطے کی ڈور جوڑے رکھنے کے حق میں بھی نہیں ۔
اس کے ڈھائی ماہ بعد وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اسی پروگرام کیپیٹل ٹاک میں اپنی بے بسی ظاہر کردی کہ وہ آصف زرداری کو ٹیلی فون لائن پر لانے میں بھی ناکام ہوگئے، جو پیغامات چھوڑے وہ بھی جواب کا انتظار کرتے رہ گئے۔
مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات کی کھچڑی نئی نہیں تھی، کافی عرصے سے سیاسی دوستی کی ہنڈیا شکووں اور شکایتوں کے چولہے پر دھری تھی، پہلے رشتوں میں دراڑ آئی تھی، مگر پھر لہجوں میں تلخی گھلنے لگی تھی، آصف زرداری کا لہجہ کڑوا ہوتا چلا گیا تھا، کبھی حکومتی وزراء کو پیروں پر لانے کی دھمکیاں سامنے آئیں، تو کبھی سیدھے سیدھے میاں صاحب پر نشانہ لگایا تھا۔
باقی رہی سہی کسر خواجہ آصف کے تازہ ترین اعتراف سے پوری ہوگئی، مئی 2006ءسے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون جس مفاہمت کی گاڑی پر سوار تھیں اسے ایمرجنسی بریک لگ گئے، یوں تعلقات کی وہ ڈور ٹوٹ گئی، جو آج سے 11سال پہلے لندن میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان میثاق جمہوریت کے نام پر جوڑی گئی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY