سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ جب کرپشن کے بجائے اقامے پر نکالا جاتا ہے تو ملک میں خوشحالی نہیں انتشار آتا ہے ،یہ ملک کیسے چلانا ہے فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

چکوال میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر دہشت گردی سر اُٹھا رہی ہے تو پوچھو فیصلے کرنے والوں سے جنہوں نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا۔

ان کا مزید کہناتھاکہ اگر ملک میں انتشار پھیل رہا ہے تو اُس فیصلے سے پوچھو، جس سے ہمیں باہر نکال دیا گیا، کونسی کرپشن کی ہے صرف 10 روپے کی کرپشن ہی بتادو ، نکالنا تھا اس لئے صرف اقامے پرنکال دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے ہمیشہ خلوص نیت سے پاکستان کے عوام کی خدمت کی ،کہاں ہیں وہ لوگ جو عوام کو اندھیروں میں دھکیل کر چلے گئے تھے ؟اللہ کے فضل سے 4 برسوں میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا ۔

نوازشریف نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کے عوام کو اندھیروں میں ڈبو دیا، ان کے چہرے یاد رکھنے چاہئیں،ہم نے بجلی کے اتنے منصوبے لگا دیئے کہ لوڈ شیڈنگ خدا حافظ کہہ رہی ہے اور بجلی گھر گھر آ رہی ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ2013ء میں ملک میں دہشت گردی کا راج تھا، ہم نے آپریشن کیا اور ملک میں دہشت گردی ختم کر دی ،اگر دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے تو پوچھو اس فیصلے کرنے والوں سے جنہوں نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ملک میں انتشار پھیل رہا ہے تو اُس فیصلے سے پوچھو جس سے ہمیں باہر نکال دیا گیا،عوام جاننا چاہتے ہیں کہ نواز شریف نے کونسی کرپشن کی ، صرف 10 روپے کی کرپشن ہی بتا دو،نکالنا تھا تو صرف اقامے پر نکال دیا ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں ہے ، مجھے ایک خیالی تنخواہ پر وزارت عظمیٰ سے باہر کیا گیا،پاکستان کے عوام کی خاطر اپنے دل پر لگے ماضی کے زخموں کو بھلانا چاہتا ہوں،لیکن تم نہیں چاہتے کہ ایسا ہو۔

نوازشریف کا کہناتھاکہ اگر کرپشن پر فارغ کیا جاتا تو اپنا منہ کسی کو نہ دکھاتا، 7برس تک مجھے ملک میں واپس نہیں آنے دیا گیا،آج تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ نواز شریف پر الزام کیا ہے؟

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ تقدس ہے آپ کے ووٹ کا کہ جس شخص کو کروڑوں لوگ وزیر اعظم بنائیں اسے پانچ لوگ گھر بھیج دیں؟یہ نا انصافی نہیں چلے گی، اس نا انصافی کے خلاف کھڑے ہونا ہے اور ملک کو بچانا ہے،لوگوں کی محبت دیکھ کر دل چاہتا کہ نواز شریف اس ملک کی خاطر لڑمر جائےگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY