پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے پر چیف جسٹس برہم ہوگئے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس میں کہا جب تک سرکاری ملازمین کو تنخواہ نہیں ملے گی مجھے تنخواہ نہ دی جائے، ملازمین کے ساتھ بھی پیٹ لگا ہوا ہے۔
سپریم کورٹ میں پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا سیکرٹری خزانہ کدھر ہیں ؟ ان کی یقین دہانی کے باوجود پی ڈبلیو ڈی ملازمین کوتنخواہ نہیں ملی ، کل رات تک ملازمین کوتنخواہیں نہیں ملی تھیں، ان کے ساتھ بھی پیٹ لگا ہوا ہے ، سرکاری ملازمین کو ہمیں اور آپ کو یکم کو تنخواہ مل جاتی ہے۔
چیف جسٹس نے اس معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تنخواہ لینے سے بھی انکار کردیا۔ انہوں نے کہا جب تک سرکاری ملازمین کو تنخواہ نہیں ملے گی مجھے تنخواہ نہ دی جائے۔ یہ عام ہوگیا، سرکاری ملازمین کو یکم کو تنخواہ نہیں ملتی۔
چیف جسٹس نے حکم دیا سرکاری ملازمین کو ادائیگی کی تصدیق کے بعد ان کا چیک ان کے سٹاف کو دیا جائے۔













