کراچی کے علاقے سائٹ میں نورس چورنگی کے قریب راشن کی فراہمی کے دوران بھگدڑ مچنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق راشن کی تقسیم کے دوران لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

اطلاعات کے مطابق راشن مقامی فیکٹری کی جانب سے مستحقین میں تقسیم کیا جا رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جس جگہ راشن تقسیم کیا جارہا تھا کہ وہاں کرنٹ لگنے سے بھگدڑ مچی۔

پولیس کے مطابق بھگدڑ کے دوران قریبی نالے کی دیواربھی گرگئی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق نالے میں 2 بچے گر کر جاں بحق ہوئے، کئی افراد نالے میں گر کر زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں کئی افراد بے ہوش بھی ہوئے ہیں۔ جن میں بعض کی حالت نازک ہے۔

پولیس کے مطابق 15 زخمیوں کو سول اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، عباسی شہید میں 9 لاشوں جبکہ 2 لاشوں کو سول اسپتال میں لایا گیا۔

فیصل ایدھی کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں لائی گئی تمام لاشیں خواتین کی ہیں، جن میں 3 بچیاں بھی شامل ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY