فیفا ورلڈ کپ فٹ بال 2018 میں آج گروپ سی کے فیصلہ کن میچز کھیلے گئے ، جہاں فرانس اور ڈینمارک کا مقابلہ صفر ،صفر سے برابر رہا تاہم آسٹریلیا کو پیرو کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست ہوگئی ہے۔
روس میں جاری عالمی کپ فٹ بال 2018 میں آج گروپ سی کا فیصلہ ہوگیا جہاں فرانس اور ڈینمارک کی ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا اورمیچ کے اختتام تک دونوں ٹیموں کی جانب سے سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا ۔
ڈینماک گروپ سی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اس لیے آج کا میچ برابر ہونے کے بعد بھی وہ گروپ کی ٹاپ ٹیم فرانس کے ساتھ بیسٹ آف 16 کے لیے کوالیفائی کرگئی ۔
گروپ سی کا دوسرا میچ میں جو آسٹریلیا اور پیرو کےدرمیان کھیلا گیا ، اس میں اگر کینگروز فاتح ہوتے تو ڈینمارک اور آسٹریلیا کے پوائنٹس برابر ہوجاتے اور اگلے رائونڈ میں جانے کا فیصلہ گزشتہ میچز کی پرفارمنس پر ہوتا لیکن ڈینمارک خوش قسمت رہی اور پیرو نے آسٹریلیا کو شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی تاہم پیرو اور آسٹریلیا اب عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہیں۔
فرانس اور ڈینمارک کے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور ایک دوسرے کے گول پر زبردست حملے بھی کئے گئے تاہم دونوں ہی ٹیموں نے اپنے گولز کا دفاع بھی خوب کیا اور کوئی گول اسکور ہونے نہ دیاتاہم میچ کے 48 ویں منٹ میں ڈینمارک کے متھائیس جرگنسن کو فرانسیسی گریزمین سے الجھنے پر ریفری نے وارننگ کے طور پر پیلا کارڈ دکھایا۔
گروپ سی کے دوسرے میچ میں پیرو نے آسٹریلیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2 گول سے شکست دی ، پیرو نے پہلا گول 18 ویں منٹ میں اسکور کیا جو آندرے کیریلو کی جانب سے کیا گیا جبکہ 50ویں منٹ میں پیرو کے پائولو گریرو نے دوسرا گول اسکور کرکے 0-1 کی برتری کو 0-2 کردیا اور آسٹریلیا کے دوسرے رائونڈ میں جانے کے خواب کو چکنا چور کردیا ۔
میچ کے 10ویں منٹ میں کینگروز کے مائل جیدیناک، 45ویں منٹ میں پیرو کے یوشیمر یوتن، 60ویں منٹ میں آسٹریلوی ڈینئل آرزانی ، 66ویں منٹ میں پھر آسٹریلیا کے ٹام روجک اور پھر آخر میں پیرو کے مارک میلیگن کو 88ویں منٹ میں ریفری کی جانب سے وارننگ کے طور پر پیلے کارڈ دکھائے گئے تھے ۔












