سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ترکش ٹی وی نے پانچ بیگز تھامے تین افراد کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے مقامی ٹی وی نے جمال خاشقجی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ سعودی سفارت خانے سے نکلنے والے تین افراد نے پانچ بیگز تھام رکھے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پانچ بیگز میں جمال خاشقجی کی لاش کے ٹکڑے تھے جس کو سعودی سفارت خانے سے ایک منی بس کے ذریعے رہائش گاہ کے گیراج تک لایا گیا۔
ترکش ٹی وی کے مطابق بیگز میں موجود لاش کے ٹکڑوں کو تیزاب سے جلادیا گیا تاکہ لاش کا سراغ نہ مل سکے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانچ بیگز میں سے تین چھوٹے ہیں جبکہ دو بیگ بڑے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے ترکی کے مطالبے پر قتل کے شبے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف تحقیقات سے انکار کردیا ہے جبکہ ترکی کا کہنا ہے کہ وہ معاملہ اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے۔
ترکی اور امریکی سینیٹرز کی جانب سے یہ الزام بھی سامنے آیا تھا کہ جمال خاشقجی کا قتل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر کیا گیا۔
خیال رہے کہ 2 اکتوبر میں سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے گئے تھے جہاں انہیں قتل کردیا گیا تھا۔
بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔












