ہاں، میں انکاری ہوں!
Hello pension, Goodbye tension
ڈاکٹر ظفر احمد خان شروانی(سابق جج سندھ ہائ کورٹ) کی کتاب ” ہاں میں انکاری ہوں ” سے؛
کتاب کا نام ہی ایسا ہے جو صاحب کتاب کی جرآت اور مضبوط کردار کا عکاس ہے۔
کئ مہینے سے یہ کتاب میرے سرہانے رکھی ہے۔ کئ دفعہ کتاب پڑھی اور ہر دفعہ انکی با وقار شخصیت نے متاثر کیا۔ جب بھی اس کے بارے میں لکھنے کا سوچا تو اپنی کم علمی اور کم مائیگی کے احساس نے روک دیا۔ کہاں ایک چٹان کی طرح مضبوط اعصاب کا صاحب کردار جج اور کہاں میں ۔
آج ہمت مرداں مدد خدا کے آسرے ان کی عدالت میں حاضر ہوں ۔ عہد کرتی ہوں جو لکھا ہے دل سے کہا ہے جو لکھوں گی یقین سے لکھوں گی۔
میں نے تو نہ قانون پڑھا نہ اس کے بارے میں جانتی ہوں ۔ جانتی ہوں تو بس اتنا کہ قانون اندھا ہے اور انصاف نا پید ہے۔
لیکن ظفر صاحب کی آپ بیتی نے میرے خیالات کو نیا آہنگ دیا۔ جج ایسے بھی ہوتے ہیں کیا ؟
جناب ظفر احمد خان شروانی کا خاندان بھی دیگر مہاجرین کے ساتھ راستے کی صوبعتیں جھیلتے ہوے پاک وطن کی محبت میں پاکستان آگیا ۔ ان کے خاندان کو بھی اوروں کی طرح نئے وطن میں نامسائد حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود والدین نے رزق حلال اور عزت نفس کی نصیحت کے ساتھ اپنی اولاد کو خاندانی روایات و اقدار کے زیور سے آراستہ کیا۔
جسٹس ظفر کی والدہ ایک دوراندیش اور عقل مند خاتون تھیں ۔ پاکستان ہجرت کرتے ہوے انہوں نے اپنے کچھ زیورات بھی رکھ لئے تھے جو خوش قسمتی سے پاکستان تک لے آئیں۔ حیدرآباد میں سختیوں اور مصائب سے گزر کر دادو کے علاقے پھلجی میں پارٹنر شپ پر چاول کی مل انہی زیورات کو فروخت کر کے خریدی۔ یہاں بھی دادی صاحبہ کی دور اندیشی نے متنبہ کیا کہ سانجھے کی ہنڈیا چوراہے پر پھوٹتی ہے لہذا کاروبار الگ کر کے یہ لوگ کراچی آگئے۔ کراچی میں رشتےداروں کے ساتھ مل کر چار بسیں خریدیں ۔ مگر سانجھے کا کام چل نہ سکا اور یہ صفر پر آگئے۔ دادی نے سچ ہی تو کہا تھا۔۔۔۔
بقول جسٹس ظفر صاحب کے، “پاکستان کے ساتھ ذیادتی کچھ حالات نے، کچھ تاریخ نے اور کچھ ہم نے خود کی ہے۔ اصل میں ساری چیزوں کا دارومدار لاء اینڈ آرڈر پر ہوتا ہے۔ اگر امن و امان کی مجموعی صورت حال آپکے ملک میں ٹھیک ہو، تو لوگوں کو روزگار کے لئے پریشان نہیں ہونا پڑتا، سب کو روزگار مل رہا ہو، انہیں سر چھپانے کی جگہ میسر، تو پھر ملک ترقی کرتا ہے۔
شیروانی یا شروانی؟
ہم اپنے بچپن سے اسی مخمصے میں رہے کہ شروانی اور شیروانی میں کیا فرق ہے۔ لفظ شیروانی اس لئے صحیح لگتا تھا کہ اس میں جنگل کے بادشاہ یعنی شیر کا ذکر ہے اور اس لئے بھی کہ نوابوں، امراء کا پہناوا ہے مگر شروانی میں لگتا تھا کہ شائد کچھ شر ہوگا۔ مگر ہماری بڑی نند صاحبہ کی شادی شروانیوں میں ہوئ جو خود کو شروانی لکھتے بھی کہتے بھی تھے اس لئے ذہن ہمیشہ الجھا ہی رہا۔ پھر ایک بات پر مزید حیرت ہوتی تھی کہ شروانی قد کاٹھ اور رنگ روپ میں پٹھانوں جیسے۔ چوڑی ہڈی بلند پیشانی روشن آنکھیں، تہذیب یافتہ۔ مخلص شریف النفس، ذہین اور متین۔ یعنی پٹھانوں جیسے بھی اور شکل صورت میں نا پٹھان نا افغان بلکہ کچھ مختلف بھی۔
پھر ایک بات مجھے اور تجسس یا تذبذب میں رکھتی تھی کی سب شروانی اہل زبان کی طرح اردو بولتے ہیں مگر اردو بولنے والے تو گورے،سانولے، گندمی، گہرے سانولے، سرمئ کالے غرض کہ جس علاقے کے باشندے ہوتے ہیں ویسی ہی جلد کا رنگ ہوتا ہے مگر یہ شروانی سب کے سب گورے چٹے ۔ مرد، عورت بچے سب خوبصورت اور گورے۔ اب صحیح بات پتہ چلی۔ ہم تو اسی تجسس سے مر جاتے اگر جسٹس ظفر صاحب اس راز سے پردہ نہ اٹھاتے۔ مجھے یقین ہے میرے ساتھ بہت لوگوں کو بھی شروانی اور شیروانی کی اصل حقیقت سے آگاہی ہوئ ہوگی۔
مجھے ذاتی طور پر شروانیوں سے بہت عزت احترام اور محبت ملی ہے۔ میں ایک بات واضح کردینا چاہتی ہوں کہ میں اب عمر کے اس حصے میں پہنچ گئ ہوں جہاں خوشامد یا جھوٹی تعریف سے مجھے نہ کوی فائدہ ہوگا نہ شروانیوں کو کوی نقصان۔ جو سچ ہے وہ حق ہے۔
ڈاکٹر ظفر احمد خان شروانی (سابق جج سندھ ہائی کورٹ) کی کتاب ، ‘ہاں میں انکاری ہوں ‘ سے شروانی اور شیروانی میں کیا فرق ہے یہ معلوم ہوا۔
جسٹس ظفر احمد خان شروانی صاحب لکھتے ہیں کہ انکاجدی پشتی تعلق سابق سوویت یونین، وسط ایشیائی ریاستوں آذربائجان اور افغانستان کے درمیان واقع مردم خیز خطہ “شروان” سے ہے۔ صدیوں پہلے کسی معرکے یا یلغار کی وجہ سے یہاں کے باشندوں نے ہندوستان ہجرت کی تو ان میں انکے آباواجداد بھی جن کا تعلق فوج سے تھا شامل تھے۔ اپنے علاقے کا رہن سہن چھوڑ کر ہندوستان کی بودوباش اختیار کر لی۔ تاہم ، اپنی شناخت برقرار رکھی۔ اور اپنے شہر کی نسبت سے اپنے نام کے ساتھ شروانی لکھنے لگے۔ جب امن ہوا تو آباواجداد نے کاشتکاری شروع کی۔
اس زمانے میں کثیر تعداد میں لوگ نقل مکانی کر کے متحدہ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں رچ بس گئے۔ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد اور لوگوں کی طرح شروانی خاندان بھی پاکستان چلے آئے۔ یہی وجہ ہے کہ وطن عزیز کے مختلف علاقوں میں شروانی قوم کے افراد مقیم ہیں، جنکی زبان ثقافت اور پس منظر جدا ہیں ۔ شروانیوں کا مشہور پہناوے یعنی شیروانی سے لہذا کوی تعلق نہیں ہے ۔ گو کہ ان کے والد صاحب نے ہمیشہ شیروانی زیب تن کی۔ شیروانی خاندانی اور شرفاء کا لباس ہوتا تھا ۔
امید ہے شروانی اور شیروانی کا فرق سمجھ میں آگیا ہوگا۔
یہ حقیقت ہے کہ شروانیوں کی تاریخ اور ثقافت کے حوالے سے بہت کم لکھا گیا ہے۔ چونکہ جسٹس ظفر شروانی کا کبھی ہندوستان جانا نہیں ہوا اس لئے انکو اپنے آبائی وطن ایٹہ، بہیرہ کے بارے میں اپنے بہنوئی ڈاکٹر رفیع مصطفئ کی مشہور کتاب Tales from Birehra سے آگاہی ہوئ۔
اس کتاب میں شروانیوں کی خدمات جو حصول پاکستان کی جدوجہد اور قیام پاکستان، کے حوالے سے ہیں ان کا ذکر کیا ہے۔
ہجرت کے بعد شروانی خاندان پاکستان کے مختلف شہروں میں رزق حلال کمانے کے لئے آنا جانا رہا۔
ظفر صاحب کے والد کو اپنے بچوں کی تعلیم اور تربیت کا بہت خیال تھا۔ ظفر صاحب ماشاءاللہ پانچ بھائ اور دو بہنیں ہیں ۔ والد صاحب نے سب کو گریجویشن کروائ۔ یہ دونوں بھائ ماشاءاللہ اعلی تعلیم یافتہ ہیں ۔ بڑے بھائ نے فوج میں بریگیڈئیر کے عہدے کو عزت بخشی۔
شروانیوں کا کاروبار، محنت ، دیانت کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔
اصل میں جسٹس ظفر کی دادی نے ان کے والد کو سرکاری ملازمت اختیار کرنے سے پہلے نصیحت کی تھی کہ ، ” اگر تم نے حرام کمانے کا کبھی سوچا بھی تو میں تمہیں دودھ نہیں بخشونگی ” دادی کی یہ نصیحت نسلوں کی فطرت کا حصہ بن گئ ہے۔ وطن عزیز کے علاوہ دنیا بھر میں شروانیوں کے مختلف کاروبار کامیابی سے چل رہے ہیں ماشاءاللہ ۔
ان کے خاندان میں علم، تعلیم و تربیت، تہذیب، زمین داری اور روا داری اوج کمال پر رہی ہے۔ ان کے خاندان کے بیشتر لوگ درس و تدریس کے شعبے میں اعلی درجوں پر فائز رہے خود ظفر صاحب بھی قانون پڑھاتے رہے اور اپنے کردار سے غیر محسوس انداز میں اپنے ماتحت لوگوں کی کردار سازی بھی کی۔
طالب علمی کے زمانے میں غیر نصابی سرگرمیوں میں آپکی ہاکی سے ذیادہ دلچسپی تھی۔ کرکٹ کو اس زمانے میں جنٹلمین گیم کہا جاتا تھا۔ پھر ون ڈے ، ٹی ٹوینٹی نے کرکٹ کا ستیاناس کردیا۔ کالج میں کرکٹ ٹیم کے اہم رکن تھے۔ مگر کوی خاص مقام نہیں بنایا۔
آج میڈیا اور موبائل نے بچوں سے صحت مند سرگرمیاں چھین لی ہیں ۔
وکالت اپنے پرنسپل شیخ حیدر صاحب کی نگرانی میں شروع کی۔ ظفر صاحب کی تربیت میں دادی کے الفاظ اور استادوں کے رہنما اصولوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں استاد صاحب کے الفاظ، ” میں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، اور آپ سے بھی یہی توقع رکھوں گا کہ آپ بھی اس پروفیشن میں جھوٹ سے پرہیز کریں “
میں انکاری کیوں ؟
” اکثر دوست کہتے ہیں کہ آپکی ذات میں بھرپور انکساری ہے، لیکن کتاب کا نام
‘” ہاں میں انکاری ہوں ” رکھنے کا کیوں سوچا؟
اسکا جواب جسٹس ظفر نے دیتے ہوے کہا : “اسکا جواب یہی ہے کہ اس پیشے میں آنے کے بعد میں نے اپنی تہزیب اور تربیت کے مطابق ہمیشہ مثبت انداز اپنانے کی کوشش کی لیکن دشواری یہ رہی کہ اس شعبے میں قدم قدم پر جھوٹ فریب، مکاری اور ریاکاری کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ اچھے لوگ بھی ہیں لیکن ایسے لوگوں کی تعداد کم کم نظر آتی ہے۔ جھوٹ فریب کے اس ماحول میں ہمیشہ منفی رویوں کے خلاف رہا تو انکاری ٹھہرایا گیا۔ ”
اتوار 14 مارچ ہفتہ کا دن تھا جب عمر کے 60 سال مکمل ہوگئے۔ دوپہر 3 بجے چارج چھوڑ کر اور دفتر والوں کو خدا حافظ کہ کر میں گھر کے لئے روانہ ہوگیا۔ بہت مطمئین تھا۔ 31 سال کے طویل عرصے کی ملازمت کے بعد اپنے آپ کو بہت ہلکا محسوس کر رہا تھا کیوں کہ اب ۔۔۔۔
Hello pension, Goodbye tension …..
اب زندگی میں الحمداللہ سکون ہے ۔
یہ تھی اس مرد آہن کی زندگی کی کہانی۔
اللہ پاک ہمارے وطن کے ہر شعبے میں ایسے دلیر، راست باز، حق گو، ذمہ دار افراد آجائیں تو وطن عزیز اتھاء پستیوں سے اوج کمال پر آجائے۔
تنویر روف













