ہزارہ برادری کا تحفظ کی یقین دہانی کا مطالبہ، دھرنا جاری

0
822

کوئٹہ میں خودکش حملے کے خلاف ہزارہ برادری کی جانب سے مغربی بائی پاس پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے حکومت ایسے واقعات دوبارہ نہ ہونے اور ہزارہ برادری کو سیکورٹی دینے کی یقین دہانی کرائے ۔سانحے میں جاں بحق تمام 20 افراد کو سپرد خاک کردیا گیا۔

سانحہ ہزار گنجی کے خلاف کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے احتجاج پر بیٹھے متاثرہ خاندانوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے امام بارگاہ ہزارہ ٹاؤن جاکر ہزارگنجی واقعہ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعلی نے دھرنا دینے والوں سے اپیل کی وہ دھر نا ختم کردیں۔

دوسری جانب دھماکے میں جاں بحق افراد کی تدفین شہر کے مختلف قبرستانوں میں کردی گئی ہے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونےوالے 32 افراد کو علاج مکمل ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیاہے۔ ہزار گنجی کے خود کش دھماکہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے دھماکے کے مقام سے اہم شواہد اکھٹے کرلیےہیں جبکہ مبینہ خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لاہور بھجوا ئے جا رہےہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY