معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ آج کابینہ میں نئے آنے والے وزرا کو وزیراعظم نے مبارک باد دی اور کابینہ کو دورہ ایران سے متعلق آگاہ کیا.

انھوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ملک ہے، دونوں ملکوں میں غلط فہمیوں کا تدارک ضروری تھا، پاکستان، ایران کو مل کر تجارتی روابط مضبوط کرنا ہوگا، موجودہ حالات کے تناظر میں قومی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، وزیراعظم کاآئندہ دورہ چین کا ہے، وزیراعظم چین میں آزادتجارتی معاہدے پر دستخط کریں گے.
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دواؤں کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں غیریقینی صورتحال ہے، دوائیں مڈل کلاس کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں، عن قریب تمام اسٹیک ہولڈرزسے مل کر دواؤں کی قیمتیں کم کریں گے، ایل این جی پرماضی کے معاہدوں سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا، قوم سے ایل این جی کے نام پر فراڈ ہوا، ایل این جی کے نئے معاہدے شفاف طریقے سے ہوں گے، چین سے سی پیک کے امور پر بات چیت ہوگی.

معاون خصوصی نے کہا کہ رمضان قریب ہیں، اس دوران مصنوعی مہنگائی کی جاتی ہے، مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر پر نظر رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے، پارلیمنٹ میں وزرا کی حاضری یقینی بنانے پربات چیت ہوئی، ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا عوامی مفاد میں پالیسیاں بنائیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY