گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم صورتحال بہتر ہورہی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد حالات میں نمایاں بہتری آئے گی، پاکستان کی معیشت کو دو چیلنج درپیش ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تاریخی بلند سطح یعنی ماہانہ 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا، کچھ سال قبل ماہانہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیرو تھا۔
رضا باقر نے کہا کہ دوسرا بڑا چیلنج مالیاتی خسارہ ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر ماہانہ ایک ارب ڈالر پر آگیا ہے، جو لوگ ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں ان سے مدد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، ہماری سمت درست ہے، منصفانہ ٹیکس سسٹم پر کام ہورہا ہے۔












