پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز گل کو برہنہ کرکے اس پر تشدد کیا گیا۔
ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز گل امریکا سے نوکری چھوڑ کر پاکستان آتا ہے، عدالت میں ثابت ہوگیا کہ شہباز گل پر تشدد ہوا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں نے ایسا کیا کہا جس نے مجھے دہشت گرد بنا دیا گیا، شہباز گل کی ذہنی حالت ایسی تھی کہ وہ بالکل ٹوٹ گیا تھا، میڈیا میں مجھے بند کردیا تاکہ میری آواز نہ پہنچے، ہم اپنے اداروں کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، ہماری تنقید تعمیری ہونی چاہیے، نواز شریف، زرداری، فضل الرحمان نے جس طرح اداروں پر تنقید کی ہے ہم ایسا نہیں کرتے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے اس حکومت سے جان چھڑا کر صاف شفاف الیکشن کروائے جائیں، ملک میں سیاسی استحکام آئے اور وہ الیکشن سے آئے گا، میں کہہ رہا ہوں کہ آپ ابھی بھی الیکشن کروائیں نہیں تو میں اپنی قوم کو تیار کر رہا ہوں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شہباز شریف کی اسلام آباد میں چھوٹی سی حکومت ہے، چاروں طرف سے اسلام آباد میں جب لوگ آئیں گے تو اسے کوئی نہیں روک سکے گا، پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خاص طور پر کے پی کے سے لوگ نکلیں گے، میں امید کر رہا ہوں کہ کال دینے سے پہلے صاف شفاف الیکشن کا اعلان کیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف قطر چلا گیا بھیک مانگنے چوروں کو کوئی پیسہ نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ظلم کیا ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے، پنجاب میں دھاندلی کے باوجود ایسا پھینٹا پڑا کہ ان کی ٹانگیں کانپنی شروع ہوگئی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہونے چاہیے۔ ہم نے ان چوروں سے پاکستان کو آزاد کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت سے کہہ رہا ہوں ایک دفعہ تو اپنی قوم کی مدد کرو












