برطانیہ میں عیدالاضحیٰ پر بھی مسلم کمیونٹی کے اختلافات دور نہیں ہو سکے، کمیونٹی کے بعض افراد 11 اگست جب کہ دیگر 12 اگست کو عید الاضحیٰ منائیں گے۔
جماعتِ اہلسنت برطانیہ کی جانب سے عید الاضحیٰ 11 اگست کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جماعتِ اہلسنت برطانیہ کا اہم اجلاس مفتی گل رحمٰن قادری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ مستند رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں چاند قابلِ رویت تھا، لہٰذا عید الاضحی 11 اگست بروز اتوار کو منائی جائے گی۔
ادھر سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، جس کے مطابق سعودی عرب میں عید الاضحیٰ اتوار 11 اگست کو منائی جائے گی۔
سعودی میڈیا کے مطابق یکم ذوالحج 2 اگست کو ہوگی جبکہ حج کا رکنِ اعظم ہفتہ 10 اگست کو ادا کیا جائے گا اور اتوار 11 اگست کو عید الاضحیٰ کا پہلا دن ہو گا۔
پاکستان میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے آج کراچی میں مفتی منیب الرحمٰن کی زیرِ صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
ادھر محکمۂ موسمیات پاکستان کی جانب سے آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے مطابق عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہو گی جبکہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے رویت کلینڈر کے مطابق بھی عیدِ قرباں 12 اگست کو ہی ہو گی، ادھر پشاور کی غیر سرکاری مقامی رویت ہلال کمیٹی بھی عیدالاضحیٰ 12 اگست کو ہی منانے پر متفق ہے۔













