جب کوئی آپ کو یاد کرتا ہے ۔۔ ملنے کا تردد بھی کرتا ہے اور پھر مل بھی لیتا ہے تو یقین مانیئے بہت ہی اچھے دوست کے علاوہ کوئی اور نہیں ہو سکتا ہے ۔ میرے ساتھ ایسا ہی ہوا ۔۔ بہت ہی عزیزی دوست نور الصباح رحمان جسے میں بہت محبت سے ” نور الصبح ” کہتی ہوں لندن سے میسج آیا کہ وہ سڈنی اپنی بھانجی ماریہ کی کونووکیشین میں آرہی ہے اورملاقات کی کیا صورت ہو گی ۔
او مائی گوڈ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نور سے پورے سات سال بعد ملاقات ہو رہی تھی ۔ 2012 میں جب امی جی حیات تھیں ان کی وجہ سے لندن میں اپنی تین کتابوں کے اجراء میں ملاقات ہوئی تھی وہ بھی صرف تقریب تک ۔ کتابوں کے ساتھ جڑی یادیں بہت یاد آیئں۔تقریب کی صدارت جناب صفدر ہمدانی نے کی تھی اور اللہ بخشے امی جی مہمان خصوصی تھیں اور اس کی کمیئرنگ معروف افسان نگار بانو ارشد صاحبہ نے کی تھی ۔
1۔ مٹی کا سفر ( افسانے)
2۔ سفید جھیل (نظمیں )
3۔ یہی دینا ہے یہیں کی باتیں ( کالمز )
نور نے سڈنی پہنچتے ہی آگاہی دی ۔۔۔فون پر بات ہوئی اور اس کی شدید مصروفیات کی بنا پر کل رات کو ” لاہوری ڈھابہ ” پنچ باؤل رسٹورنٹ پر ملاقات کا وقت 7 بجے مقرر تھا۔
نور اور اس کی بھانجی ماریہ کے ساتھ بہت ہی یادگار وقت گزرا۔ نور جو لندن میں شعبہ فزیو تھراپی سے وابسطہ ہے اب تائی چی اور یوگا کی انسٹرکٹر بھی ہے ۔ ماریہ ہمارے پاکستان کا روشن ستارہ ہے جو” رویوں کی تھراپسٹ ہے جس کی ڈگری اس نے میکاری یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔ جس کے لئے اس کی خالہ جانی لندن سے آیئں تھیں اوراب پوسٹ گریڈ کرنے کا خواب بھی دیکھ رکھا ہے ۔ پراؤڈ مومنٹس
آفتاب نے بھی خوب میزبانی کی ۔۔ کھانے میں تکے کباب ، لاہوری فش، نہاری ، نان ، مرغ چھولے ، چکن بریانی کے ساتھ قلفی ، چائے اور فالودہ تک شامل کیا ۔۔

باتوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا ۔۔ نور کو اونچائی سے ڈر نہیں لگتا ۔۔پیرا گلایئڈنگ کر چکی ہے اور میں اتنی ہی اونچائی سے ڈرنے والی ۔۔ وہ بھی اتنا کہ اپنے بچوں کو اسکائی ڈایئونگ کرتا دیکھ کرخوف سے برا حال کر لیتی تھی ۔۔۔ اب نور الصباح کو اسکائی ڈایئونگ کرنے کا ایڈونچر کرنا تھا جس کے لئے ماریہ نے فورا ہی اپنی خالہ جانی کے لئے نیٹ پر سرچ شروع کر دی اور میں حسب معمول ان دونوں کو بھی اس ایڈونچر سے باز رکھنے کی کوشش کررہی تھی ۔۔۔ اف میں ڈرپوک
نور نے اپنی شاعری کی کتاب ” بحر خیال ” اور میں نے اسے اپنی کتابیں ” دعاوں کے چراغ ” اور ” عشق ذاد راہ ” پیش کیں ۔۔ وہ میرے لئے اور بھی خوشبو بھرے تحائف لے کر آئی تھی ۔
نور ہلکے گلابی اور مسٹرڈ رنگ کے سوٹ میں بہت پیاری اور پروقار لگ رہی تھی ۔۔۔ مجھے اس کی چوڑیاں اتنی اچھی لگیں کہ تعریف کیئے بنا نہ رہ سکی ، اس نے کمال محبت سے ساری اتار کر میرے سامنے رکھ دیں اور پہننے کا اتنا اصرار کیا بتانا محال ہے ، سو طے یہ پایا کہ آدھی آدھی پہن لیتے ہیں ۔
چھبیس ستمبر 2019 کی محبتوں سے گندھی خوبصورت شام حسین چوڑیوں کے آدھے ادھے سیٹ کی طرح ہم دونوں کے پاس رہنے آگیئں تھی ۔ ( صدقے)
دوستو محبتوں کے کچھ پل ۔۔ تحائف کی طرح آپ سب کی نذر ہیں !
بہت پیار اور دلار
ڈاکٹر نگہت نسیم













