اکیسویں صدی کا ترقی یافتہ دور اور ذہنی زبوں حالی‘ وہی حاکمیت وہی ظلم وہی زیادتیاں اور طاقت کا استعمال ‘ کیا عورت کے لیے تہذیب یافتہ معاشرے کی تعریف کچھ اور ہے۔ دل سخت تکلیف میں ہے جب سے میں نے اس خاتون پر ہونے والی زیادتیوں کی بابت سنا جن کا نام منزہ سہام مرزا ہے۔ ماہنامہ دوشیزہ اور سچی کہانیاں کی ایڈیٹر منزہ سہام مرزا دور حاضر کی اعلیٰ تعلیم یافتہ‘ با صلاحیت دانشمند خاتون‘ ایک خدمت گزار بیٹی اور باکردار محبت کرنے والی شفیق ماں ‘ 2018ءمیں ہوئی ایک ملاقات کا احوال اب بھی میرے ذہن میں تروتازہ ہے جب میں نے ہوٹل کے ہال میں خوبصورت چہرہ دوپٹے کے ہالے میں دیکھا تھا خوش ذوق‘ نرم مزاج‘ شیریں لہجے والی منزہ کن کٹھن حالات کی اسیر ہیں احساس بھی نہیں ہواکہ دکھ اور پریشانی دل کے کسی نہاں خانے میں چھپائے اپنے ادیب دوستوں کے ساتھ شریک ہر موقع پر موجود منزہ ہمیشہ مسکراتی نظر آئیں۔ کیا بدنصیب انسان ہوگا وہ جس نے ان کی قدر نہ کی اور اب غنڈہ گردی اور طاقت کے زعم میں تمام حدود کو توڑ کر منزہ کے جنت نما آشیاں کا دشمن بن بیٹھا ہے۔ کیوں؟ ہمیشہ کی طرح دل میں سوال اٹھ رہا ہے کہ میرے وطن میں اب انصاف نہیں ہے؟ ضابطہ قانون اور حق کی باتیں صرف بند کمروں اور اعلیٰ ایوانوں تک محدود ہیں اسلامی مملکت کا خواب دکھانے والے کہاں ہیں۔ خدمت اور حقوق کی پاسداری کا وعدہ کرنے والے کیوں خاموش ہیں۔ آج ان ہی کی پارٹی کا ایم این اے جمیل احمد خان غنڈہ گردی‘ طاقت کے ناجائز استعمال اور ضابطہ اخلاق و قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا دوسرا نام ہے۔ ایم این اے صاحب آپ کسی زعم میں ہیں۔ ایک عدالت دنیا میں ہے اور ایک رب کائنات کے ہاتھ میں بھی ہے۔ اسی رب نے طاقت دی ہے منزہ سہام کو وہ کمزور نہیں ہے نہ ہی تنہا ہے مالک دو جہاں کا ہاتھ اس کے ہاتھ میں ہے۔ وہ اپنے والدین کی دعاﺅں کے حصار میں ہے۔ پاکستان کی ہر عورت بالواسطہ یا بلاواسطہ اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے لیے انصاف چاہتی ہے۔ وہی انصاف جو حق ہے ہر عورت کا وہی عدل و ظلم اور جبر کا مقابلہ کرکے ظالم کا سر کچل دیتا ہے۔ منزہ کے لیے اٹھنے والی یہ آواز اب رکے گی نہیں کہ اس کی جنگ ہر اس عورت کی جنگ ہے جو استحصال اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی ہے اور ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو قدرت خود اس کو نابود کرنے کا اسباب کرتی ہے۔
منزہ ہم سب اس کارواں کی مشعلیں ہیں جو انصاف کے حصول کے لیے منزل کے تعاقب میں ہے۔ آپ اس کاروان کی اساس ہیں اور ہمارے معاشرے کی پستی ہوئی ظلم سہتی ہوئی کمزور عورت کی طاقت اور آواز ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو۔
ڈاکٹر سیمیں رخ
آئرلینڈ













