کراچی کی ایک مصروف شاہراہ پر دھواں چھوڑتے ہوئے رکشے کے پیچھے ملک کے حالت حاضرہ کا وہ باب صرف ایک فقرے میں لکھا ہوا ہے جسے آج کا بڑے سے بڑا دانشور اور سیاسی تجزیہ نگار کھُل کر کہنے سے گھبراتا ہے

رکشے کے پیچھے لکھا ہوا تھا

اپنا نیا پاکستان واپس لے لو،قائد اعظم کا واپس دیدو

اس ایک فقرے کو بار بار پڑھیں تو ملک کے ہر شعبے میں جاری زوال کی منظر کشی ہو جاتی ہے، روزانہ کی بنیاد پر عوام کے ساتھ جو ظلم کیا جارہا ہے وہ کہاں جا کر رکے گا کچھ معلوم نہیں، خبر ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کا نوٹس لے لیا ہے۔ کیسی بڑی خبر ہے نوٹس لینے کی اور اس اقدام سے ملک سے غربت دور ہو جائے گی عوام کے چہروں پر خوشی رقص کرے گی

کس سے پوچھیں کہ یہ کیسا نیا پاکستان ہے، یہ کیسا مدینہ ثانی ہے؟

اسوقت حالت یہ ہے کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں دو ٹکے کا نہیں رہا، سونا کوئی اپنی بچی کی شادی پر اب ایک تولہ بھی نہ دے سکے گا،اور سٹاک مارکیٹ کا ایسا برا حال ہے کہ الامان۔

اسی تناظر میں یہ مکمل خبر پڑھ لیجئے اور حالات کی نوحہ خوانی اور سینہ زنی کیجئے کہ یہی ایک راستہ ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک بھر میں ڈالر کے منہ زور ہونے کے بعد روپیہ مزید کمزور ہو گیا ہے جبکہ سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر نے ایک مرتبہ پھر اونچی اڑان بھری، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر ایک روپے 25 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد نئی قیمت 164 روپے 25 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

دوسری طرف انٹر بینک میں ایک روپیہ 89 پیسے مہنگا ہو گیا اور تاریخ کی بلند ترین سطح 164 روپے 5 پیسے کی سطح پر پہچ گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق 2 دن کے دوران ڈالر 7 روپے سے زائد مہنگا ہوا ہے جس سے ایک جانب روپیہ ہلکان ہو گیا تو دوسری طرف روزمرہ استعمال کی اشیا سمیت دیگر مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق روپیہ کمزور ہونے کے بعد پاکستان پر بیرونی قرضوں کے حجم میں بھی بڑھنے کا خدشہ ہے اور ملکی برآمدی مصنوعات کی لاگت بڑھنے کے سبب توازن تجارت کی صورتحال بھی ابتر ہو سکتی ہے۔

اُدھر سٹاک مارکیٹ میں بھی 314 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔ حصص مارکیٹ کے انڈیکس میں 34 ہزار کی حد بھی گر گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 33 ہزار 774 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

دوسری طرف سونے کی قیمت بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں، فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد فی تولہ سونا 81500 روپے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

صفدر ھمدانی

SHARE

LEAVE A REPLY