عالمی اخبار کی روزانہ اشاعت کی ذمیداریاں اتنی زیادہ ہیں کہ ایک طویل عرصے سے کالم نگاری کو جیسے خیرباد ہی کہہ دیا ہوا ہے یوں بھی کالم نگاروں کی اس بھیڑ میں مجھ جیسا کم علم جیسے پاؤں میں کچلا جاتا ہے اس لیئے جان کی امان کے لیئے اس کام سے کنارہ کشی ہی کر رکھی ہے لیکن دو روز سے ایک موضوع نے جیسے اندر سے ریزہ ریزہ کر رکھا ہے اور میں یہ سوچ سوچ کر جیسے مرتا چلا جا رہا ہوں کہ ہم اتنے تنگ ذہن اور کوتاہ نظر ہیں کہ ایک ایسی فلم کو برداشت نہیں کر سکتے جو معاشرے کی مکروہ اور بیہودہ شکل دکھاتی ہے
ہم نے ہمیشہ اللہ کریم کے نام ستار العیوب کا ایسا استحصال کیا ہے کہ الامان۔ دوسروں کے عیب چھپانے کی اصطلاح کا سہارا لے کرہمیں گناہ اور ظلم قالین کے نیچے چھپانے کی عادت پڑ گئی ہے۔ ہمارے ٹی ڈراموں اور مارننگ شوز کے موضوعات دوسری شادی اور طلاق سے آگے بڑھ ہی نہیں سکے۔ کئی برس سے معاشرے میں کم سن بچوں کے ساتھ جسنی زیادتی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے لیکن کوئی بھی اس موضوع کو زیر بحث لانے کو تیار نہیں، ٹی وی کے ٹاک شوز ملکی سیاست تک محدود ہو چکے ہیں
آج جس موضوع نے قلم اٹھانے پر مجبور کیا وہ ہمارے ریڈیو کے ساتھی اور بہت بڑے باپ سلطان کھوسٹ کے بیٹے عرفان کھوسٹ کے باصلاحیت فلم ساز اور ہدایتکار بیٹے سرمد کھوسٹ کی نئی فلم۔۔۔زندگی تماشہ۔۔۔ ہے۔ ہمارے بند اذہان کے افراد اور جماعتوں نے اسلام کے نام پر اسلام کی روح کو جانے بغیر ہر معاملے میں اسلام کو ہی یرغمال بنا رکھا ہے۔
سرمد ہماری مرتی ہوئی فلمی صنعت کے لیئے آکسیجن ہے۔ اس نوجوان نے منٹو جیسی فلم بنا کر منٹو کو ایک نئی زندگی دی۔ سرمد نے پاکستان کی مردہ فلمی صنؑت کو نئی سانس دی اور ان موضوعات کی طرف بھی توجہ دی جسے ننانوے فیصد فلم ساز اہمیت نہیں دیتے
سرمد کھوسٹ کی فلم ،،،زندگی تماشہ کو جیسے ایک تماشہ بنا دیا گیا ہے۔ ایک طرف ہم دنیا کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ ہم شدت پسند لوگ نہیں میانہ رو اور معتدل لوگ ہیں۔ ہماری حکومت کو دنیا کو یہ باور کروانے کے لیئے بے شمار اقدمات کرنے پڑ رہے ہیں کہ ہم شدت پسندی کے حق میں نہیں اور دوسری طرف ہم کسی ایسے موضوع پر بننے والی فلم کو بھی برداشت نہیں کر پاتے کہ اس میں ہماری اکثریت کو اپنا مکروہ چہرہ دکھائی دیتا ہے
سرمد کھوسٹ کی فلم “زندگی تماشہ” چوبیس جنوری کو پاکستان کے سینما گھروں میں ریلیز ہونی تھی۔ سوشل میڈیا پر اس فلم کو لیکر کافی بحث مباحثہ جاری ہے ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میں بھی اس فلم کی گونج سنائی دی گئی۔ بیس جنوری کو ہونے والی کمیٹی میٹنگ میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب جہانگیر نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات سے استفسار کیا کہ کیا وہ اس فلم کو لیکر علماء حضرات کے اعتراضات سے واقف ہیں؟ آفتاب جہانگیر نے کمیٹی ممبران کو آگاہ کیا کہ علماء کا ایک وفد ان کے پاس بھی اپنے تحفظات لیکر آیا تھا۔
سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس فلم کو سینسر بورڈ نے دومرتبہ ریویو کرنے کے بعد پاس کیا ہے۔ ایک دفعہ تو اعتراضات کرنے والوں کو بھی اس ریویو میں ساتھ بٹھایا گیا جس کے بعد انہوں نے اعتراضات واپس لے لیے۔
اس موقع پر کمیٹی چیئرمین میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پہلے ہی پاکستان میں فلم انڈسڑی کابرا حال ہے اور اس پر اگر کوئی فلم بن جائے تو ریلیز سے پہلے ہی اعتراضات کی بھرمار ہو جاتی ہے۔ زندگی ویسے ہی تماشہ بنی ہوئی ہے اگر فلم زندگی تماشہ بنی ہےتو اس پر بھی اعتراض ہے۔
فلم کو اب نمائش کے لیئے پیش ہونا تھا کہ یکدم شدت پسند جماعت تحریک لبیک نے ملک بھر میں ہنگاموں کی دھمکی دی جسکے بعد ملکی انتظامیہ نے فلم کی نمائش روک دی اور طے کیا کہ اسے اسلامی نظریاتی کونسل میں پیش کیا جائے گا جو اسکی نمائش کی اجازت کا طے کریں گے اور اگر کوئی ایسا متنازعہ موضوع ہے تو اسکی نشاندہی کریں گے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ملک کا سنسر بورڈ اسکو دیکھ کر کچھ چیزیں ایڈٹ کروا کے فلم کو پاس کر چکا ہے اور نمائش کی اجازت دے چکا ہے لیکن تحریک لبیک نامی شدت پسند جماعت جس نے یہ فلم نہ تو دیکھی اور نہ ہی اسکے موضوع کے بارے میں کچھ جانا انہوں نے فلم کی نمائش کی مخالفت کی اور حکومت دباؤ میں آ گئی
کوئی کہتا ہے اسمیں کم سن بچوں سے زیادتی کا موضوع ڈسکس کیا گیا ہے۔ میں کہتا ہوں مان لیتے ہیں کہ اسکا یہ موضوع ہے تو کیا معاشرے کو اس عفریت سے اآگاہ کرنے کے لیئے ضروری نہیں کہ ایسے موضوعات کو فلم کا موضوع بنایا جائے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اسکا موضوع توہین رسالت ہے جسکے بارے میں سرمد نے انکار کیا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ مان لیتے ہیں کہ اسکا موضوع توہین رسالت ہے تو کیا اس سے انکار کیا جاسکتا ہے کہ اس قانون کو لوگوں نے اپنے ذاتی جھگڑوں کے لیئے استعمال کیا اور لوگوں پر جھوٹے الزامات لگائے؟ اللہ رسول کے لیئے اپنے دماغ کھولیں اذہان کو وسعت دیں، فلم کو فلم سمجھیں ڈرامے کو ڈرامہ سمجھ کر دیکھیں ہر چیز کو اپنی مرضی کے اسلام کا لباس پہنانا چھوڑ دیں
یہ معاشرہ پہلے ہی ظلم اور غربت کی چکی میں پس رہا ہے ، یہاں فلم سازی ایک بہت مہنگا کام ہے، فنون لطیفہ کو اسلام کے منافی مت سمجھیں اور حکومتیں تحریک لبیک جیسی جماعتوں سے بلیک میل نہ ہوں
صفدر ھمدانی














بہترین تحریر نام نہاد ٹھیکیداران اسلام نے فنون و ثقافت کو یرغمال بنا لیا ہے جس کے باعث معاشرے گھٹن بڑھتی جارہی ہے
فلم ”زندگی تماشا” 24 جنوری کو ریلیز کی جارہی ہے۔عرفان کھوسٹ کے بیٹے سرمد کھوسٹ فلم کے ہدایت کار ہیں اور نرمل بانو اس کی رائٹر ہیں۔ فلم کا موضوع عدم برداشت ہے اور یہ عدم برداشت کی کہانی صرف مذہب کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کے ٹریلر میں عندیہ دیا گیا تھا کہ فلم میں مذہب کا لبادہ اوڑھے لوگ کس طرح اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں ۔ فلم میں ایک نعت خواں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ جس سے ایک غلطی ہوجاتی ہےاور اس غلطی کے باعث اس کی زندگی کو فلم میں تماشا بنا کر مذہب کو بازیچہ اطفال بنا دیا گیا ہے ۔
فلم کے ٹریلر اور اس کے مندرجات نے مسلمانوں کے دل دکھا دیے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عدم بر داشت کوصرف مذہبی طبقہ کے ساتھ ہی کیوں مخصوص کرکے پیش کیا گیا ہے۔ پاکستان جہاں قانون توہین رسالت اور قادیانیوں کا غیرمسلم قرار دیا جانا بیرونی قوتوں کے نزدیک عدم برداشت اور ظالمانہ رویہ کا ترجمان ہے۔ اب اس بیرونی ایجنڈے کو فلم کے پردہ میں پاکستانی عوام کے ذہنوں پر مسلط کرنے کی ایک قابل مذمت کوشش ہے۔ یاد رہے کہ بیرونی قوتیں اس فلم پر اس حد تک جی جان سے قربان ہو رہی ہیں اور اس پر اس قدر صدقے اور واری نیا ری ہیں کہ فلم کے ریلیز ہونے سے چار ماہ پیشتر ہی فلم کو بوسان فیسٹیول میں دیے جانے والے ایوارڈ ’کم جیسوئک‘ کے لیے نامزد کر لیا گیا ہے جو دنیا بھر سے پیش کی جانیوالی سب سے نمایاں فلم کو دیا جائے گا۔
پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور ہمارے وزیراعظم پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ کیا ایسے فلمی بلاسٹ پاکستان کے نظریاتی تشخص کو برباد کرنے کے مترادف نہیں ہیں۔ یہ قوم آٹے اور چینی کے بحران کو برداشت کر سکتی ہے، مگر اسلام کی توہین اور وطن عزیز کی سلامتی کے منافی کسی بھی اقدام کو ایک لمحہ کے لیے برداشت نہیں کر سکتی۔ اگر سیاست دانوں کے کردار کے خلاف 2016 میں بننے والی فلم “مالک” پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے تو اسلام اور مسلمانوں کی تضحیک اور توہین کرنے پر فلم “زندگی تماشا” کیوں قانون کی گرفت میں نہیں لائی جا سکتی؟
حذر، اے چیرہ دستاں سخت ہیں فطرت کی تعزیریں
ڈاکٹر عمر فاروق احرار