پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے ‘پاکستان کا غلط نقشہ نشریات میں شامل کرنے’ پر 2 ملازمین کو برطرف کردیا جس میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا تھا۔
پی ٹی وی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘پی ٹی نیوز پر 6 جون کو پاکستانی نقشے کی غلط تصویر جاری کرنے پر تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی وی کی انتظامیہ نے پیشہ ورانہ کام میں غفلت کے مرتکب ہونے والے 2 ملازمین کو برطرف کردیا’۔
خیال رہے کہ واقعے کو 8 جون کو سینیٹ میں اٹھایا گیا تھا جس کے بعد چیئرمین صادق سنجرانی نے معاملہ قائمہ کمیٹی برئے اطلاعات و نشریات کو بھیج دیا تھا۔
قبل ازیں پی ٹی وی نے 7 جون کوایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘اس طرح کی غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے’ اور یقین دلایا تھا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی وی میں پیش آنے والے اس واقعے کی سوشل میڈیا میں بازگشت ہوئی تھی جہاں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی تنقید کی تھی۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘شرم ناک ہے، ارشد خان دہائیوں سے پی ٹی وی کی سربراہی کر رہے ہیں، لگتا ہے کہ وہ بھول گئے ہیں کہ وہ چیئرمین اور ڈیفکٹو منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی ہیں’۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘شبلی فراز سے توقع ہے کہ وہ انہیں یہ سکھانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے کہ پاکستان کے لیے کشمیر کا کیا مطلب ہے’۔













