پروفیسر ڈاکٹر آغا مسعود رضا خاکیؔ ۔۔۔۔۔۔۔ تعارف
(ممتاز ماہرِتعلیم، شاعر ِ آلِ عبا اور جدید مرثیہ گو)
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
( میر)
ڈاکٹر آغا مسعود رضا خاکی ( 1926-1988) ممتاز ماہر ِ تعلیم، ہردلعزیز اُستاد، شاعر، ادیب، محقق، مذہبی سکالر، معروف و مقبول شاعر ِ اہل ِ بیت اور ایک قد آور علمی و ادبی شخصیت تھے ۔ اُنہوں نے جوانی میں نظمیں، غزلیں، ترانے اور ملی نغمے بھی لکھے۔ اُنہیں فلم بینی، موسیقی اور دیگر فنون ِلطیفہ میں بھی گہری دلچسپی تھی لیکن بعد میں ساری زندگی اُن کا رحجان مذہبی شاعری کی طرف رہا اور حمد، نعت، سلام، منقبت، قصائد، قطعات، مسدس، رباعیات اور جدید مرثیے کے حوالے سے اپنے ہمعصروں میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو منوایا اور اِن اصنافِ سخن میں نئے اور معنی خیز اضافے کئے اور شعرائے اہل ِ بیت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ آج تک اُن کا کلام مختلف محافل ِ عقیدت میں بڑی محبت اور احترام سے پڑھا جاتا ہے۔
خاکی صاحب فلاحی اور رفاعی کاموں میں بھی گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ اُنہوں نے اپنے دوست محمد رضا نقوی کے ساتھ مِل کر 1967 میں کرشن نگر، اسلام پورہ، لاہور اور آ س پاس کے علاقوں کے بچوں کے لئے باب العلم گرلز ہائی اسکول قائم کیا جس کی ہیڈ مسٹریس ہماری والدہ محترمہ (باجی) کو منتخب کیا گیا جو پہلے سے ہی اپنے سماجی اور فلاحی کاموں میں فعال ہونے کی وجہ سے مسز کاظمی کے نام سے مقبول تھیں۔ 1972 میں مسز کاظمی کی سربراہی میں پہلے سے موجود سٹاف کے ساتھ اِس اسکول کو بھی نیشنلائیز کر دیا گیا جہاں سے ہزاروں طالب ِ علم اور خاندان مستفید ہُوئے۔ اِس کے علاوہ محترم آغا نثار احمد مرحوم (بانیء امامیہ جنتری و افتخار بکڈپو، اسلام پورہ،لاہور)، مبارک نقوی صاحب اور دیگر احباب کے ساتھ مِل کر شیعہ جامع مسجد، کرشن نگر، لاہور کی تعمیر ِنو کے لئے 1960 کی دہائی میں خاکی صاحب کی خصوصی خدمات کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مجھے خاکی صاحب (جنہیں ہم ڈیڈی کہتے ہیں) کا داماد اور قاری ہونے پر انتہائی فخر ہے اور وہ بھی مجھے بیٹے کی طرح پیار کرتے تھے۔ کیا شُستہ، نفیس، مشفق اور محبت کرنے والے انسان تھے۔ اُن کی کئی کتابوں کو مرتب کرنا میرے لئے باعث ِ اعزاز ہے۔ آغا مسعود رضا خاکی ولد آغا محمود رضا قزلباش 5 جنوری 1926 کو میرٹھ ، جاورا، انڈیا میں پیدا ہُوئے اور وہیں سے بار ہائی اسکول سے 1943 میں میٹرک کیا۔ اُسی سال اپنے والد کے انتقال کے باعث میرٹھ، جاورا سے ترک ِ سکونت کر کے بسلسلہٗ ملازمت دہلی آ گئے۔ 1943 سے 1946 تک دہلی میں وار ڈیپارڑمنٹ اور راشننگ کے محکمہ میں ملازمت کی۔ 1946 میں منشی فاضل اور 1949 میں ادیب فاضل پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔ شاعری کا آغاز 1938 میں کیا۔ اپنے ماموں مظفر عباس صاحب سے اصلاح لی۔ 1942 میں اُن کے انتقال کے بعد جناب اکبر حسین اکبر صاحب سے استفادہ حاصل کیا لیکن چند غزلیں ہی اُنہیں دِکھا پائے تھے کہ اُنہیں دہلی آنا پڑا۔ 1948 میں سیماب اکبر آبادی سے اصلاح ِ سخن کے سلسلے میں رجوع کیا اور 1950 تک اُن سے اصلاح لی۔ 1947 کے ہنگامہ ء نقل مکانی میں خاکی صاحب کا تمام سرمایہء کتب و نگارشات تلف ہو گیا۔
1947 کے بعد پاکستان آ گئے اور راولپنڈی میں صدر کے علاقے میں رہائش پذیر ہُوئے۔ 1951 میں اُن کی شادی جناب آغا نثار احمد صاحب کی صاحبزادی اختر ناز عرف مصطفائی بیگم سے ہُوئی۔ 1947 سے 1956 تک جی ایچ کیو، راولپنڈی میں ملازمت کی جس کے دوران اپنی تکمیل ِ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ 1952 میں پنجاب یونیورسٹی سے بی اے اور 1954 میں گارڈن کالج، راولپنڈی سے ایم اے اُردو کیا اور وہیں سے 1956 میں بطور لیکچرار اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز کیا۔ اِس کے ساتھ ساتھ وہ حلقہء ارباب ِ ذوق، رالپنڈی میں اپنا کلام پیش کرتے رہے اور تقریباََ آٹھ سال یہ سلسلہ جاری رہا۔ اُس زمانے میں اُن کی بہت سی نظمیں رسالہ مسرت راولپنڈی، ہمایوں لاہور، عالمگیر لاہور، صبح ِ نو راولپنڈی، عصمت کراچی اور دیگر رسائل میں شائع ہوتی رہیں۔ 1960 میں راولپنڈی سے لاہور آ کر کرشن نگر، اسلام پورہ میں مستقل سکونت اختیار کی۔ ہم لوگ پہلے سے ہی وہاں رہائش پذیر تھے۔ خاکیؔ صاحب، پاپا(ناصرؔ کاظمی) کے مداح اور عقیدت مند بھی تھے اور آخری بس سٹاپ کے قریب رہتے تھے۔ یوں شروع سے ہی ہمارے گھریلو مراسم تھے۔ (اُس زمانے اور بعد کی تفصیل میری یاد داشتوں کی زیر ِ طبع کتاب میں شامل ہے)۔
لاہور آنے کے بعد وہ حلقہء ارباب ِ ذوق کے مختلف اجلاسوں میں بھی بھر پور شرکت کرتے رہے۔ 1965 کے بعد خاکی صاحب کا رحجان زیادہ ترمذہبی شاعری کی طرف رہالیکن کبھی کبھی غزلیں اورسماجی اور ادبی موضوعات پر نظمیں بھی لکھتے رہے۔ 1970 میں حلقہء شعرائے اہل ِ بیت، لاہور اور 1972 میں اُنہیں حلقہء شعرائے اہل ِ بیت، پاکستان کے بنیادی اراکین میں شامِل کر لیا گیا جِس میں جناب قیصر بارھوی، جناب سیف زلفی، جناب وحید الحسن ہاشمی، جناب آغا مسعود رضا خاکی، جناب ظہور جارچوی، جناب وجاہت سونی پتی، جناب اثر ترابی اور جناب گہر جلالوی جیسے صاحبان ِ شعور شامل تھے۔ اِن حضرات کے علاوہ پاکستان کے چاروں صوبوں سے متعدد شعراء کرام ہم آہنگ ہُوئے اور حلقہء شعرائے اہل ِ بیت، پاکستان وجود میں آیا۔ اُس کے بعد سے خاکی صاحب کو ہر محفل ِ مسالمہ، نعتیہ مشاعروں اور خصوصی ایام کی نشستوں اور تقاریب میں بہت عقیدت و احترام سے بُلایا جاتا تھا اور وہ ہر محفل کی جان ہُوا کرتے تھے۔
شاعر ِ آل ِ عبا ڈاکٹر آغا مسعود رضا خاکی کا شمار اُردو کے معروف اساتذہ میں ہوتا ہے۔ آپ شبعہء تعلیم و تدریس سے تیس برس سے زائد عرصے تک منسلک رہے (1956 تا 1986) اور اپنا تدریسی، تحقیقی، علمی اور ادبی سفر جاری رکھا۔ 1956 میں گارڈن کالج ، راولپنڈی سے بطور لیکچرار، اُردو آغاز کیا، 1958 میں گورنمنٹ کالج ، رحیم یار خان، 1959 تا 1968 گورنمنٹ کالج، شیخوپورہ کے بعد 1968 میں گورنمنٹ کالج، باغباپورہ ، لاہور(موجودہ گورنمنٹ شالیمار کالج) میں ریٹائرمنٹ تک اپنے فرائض ِ منصبی سَر انجام دیتے رہے۔
1969 میں پنجاب یونیورسٹی، لاہور نے اُن کے تحقیقی مقالے ”اردو افسانے کا ارتقاء” پر اُنہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا۔ 1977 تا 1979 وہ ڈپٹی ڈائریکٹر، سَررشتہء تعلیم، پنجاب، لاہور بھی رہے۔ آپ بطور اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ کالج باغباپورہ، لاہور سے 1986 میں ریٹائر ہوئےـ خاکی صاحب پر ایف سی کالج، پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کا مقالہ بھی لکھا گیاـ اس کے علاوہ بھی اُن پر بہت کچھ لکھا گیا جس پر کام ہونا باقی ہےـ آپ ہومیوپیتھک ڈاکٹر بھی تھے اور اُنہوں نے ڈی ایچ ایم ایس (ہومیوپیتھک کا ڈپلومہ) 1987 میں کیا اور اپنے گھر میں ہومیوپیتھک کلینک بھی بنوایا لیکن وقت نے اِتنی مہلت نہ دی کہ وہ خود اس کا باقاعدہ آغاز کرتے اور 7 اگست 1988 کو اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کے دلوں میں اپنی یادیں اور کام چھوڑ کر اِس جہان ِ فانی سے کوچ کر گئے۔
ڈاکٹر آغا مسعود رضا خاکیؔ کی ابتدائی کتابوں کی اشاعت اور فروغ کے لئے افتخار بکڈپو، اسلام پورہ، لاہور کے پروپرائیٹر اور خاکی صاحب کے برادر ِ نسبتی جناب آغا افتخارحسین صاحب (افتخار بھائی) ولد آغا نثار احمد(بانیء امامیہ جنتری و ادارہ) کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ افتخار بکڈپو سے خاکی صاحب کی شائع کردہ کتابیں تذکرہء کرب و بَلا ، لب ِ کوثر، آیات ِ وفا، کیف ِ غم، ماں اور حقوق ِ والدین کے مرثیے، ہوائے خلد اور بیبیاں پاک دامن بہت مقبول ہوئیں۔
خاکی صاحب کے انتقال کے بعد اُنکی بیگم اور میری خوش دامن صاحبہ، اختر ناز عرف مصطفائی بیگم (امی) نے مجھ سے ڈیڈی کی زیر ِ طبع کتابوں کو مرتب کرنے اور شائع کرنے کا کہا جو میرے لئے بہت اعزاز کی بات تھی اور جب اُنکی تمام کتابیں، غیر مطبوعہ کتابوں کے اصلی مسودات، ڈائریاں اور دیگر کاغذات میرے سپرد کئے تو مجھے وہ لمحہ یاد آ گیا جب ہماری والدہ محترمہ (باجی) نے پاپا کی ڈائریاں اور خطوط مجھے دیئے تھے۔۔۔۔۔۔ یہ لمحات میری زندگی کا سرمایہ اور اثاثہ ہیں۔ میری خوش نصیبی ہے کہ خاکی صاحب کی زندگی میں ہی اگست 1987 میں اُن کے ڈاکٹریٹ کے تحقیقی مقالے ”اردو افسانے کا ارتقاء“ کو اپنے اشاعتی ادارے مکتبہء خیال سے کتابی صورت میں خود شائع کروا کے جب اُنہیں کتاب پیش کی تو وہ بہت خوش ہُوئے، میرا ماتھا چوما اور شاباش کے ساتھ ڈھیروں دُعائیں دیں جو آج تک میرے ساتھ ہیں۔۔۔۔۔۔ ” اردو افسانے کا ارتقاء” ادبی اور تحقیقی اعتبار سے منفرد اور اہم کتاب ہونے کے علاوہ نصابی اہمیت کی حامل بھی ہے اور ادب کے قارئین اور محققین کے لئے رہنما اور ایک استاد کا نایاب تحفہ بھی ہے۔۔۔۔ خاکی صاحب کے انتقال کے بعد اُنکی حمد و نعت کی کتاب ”معراج ِ سخن”، ستمبر 1990 میں اور ”جدید مرثیے” 1994 میں مرتب کرنے کا اعزاز حاصل ہُوا جسے احباب اور قارئین نے بہت پسند کیا اور میرا حوصلہ بڑھایا جس کے لئے سب کا ممنون ہوں۔ ”جدید مرثیے” خاکی صاحب کی نمائندہ کتاب ہے جس میں اُن کے تمام کلام کو سامنے رکھ کر اُنکے بیس مرثیے شامل کئے ہیں جن میں پہلے سے شائع شدہ ” آیات ِ وفا ” کے دو مرثیے، حسینیت، حق و باطل، ماں اور حقوق ِ والدین بھی شامل ہیں۔ مسدس کی ہیت میں لکھے گئے اِن مرثیوں کے 998 بند ہیں۔ گویا تقریباََ چھ ہزار مصرے۔۔۔۔ اِس کتاب میں عصری اور انقلابی مرثیے شامل ہیں ـ انشائیہ کے انداز میں لکھ کر خاکی صاحب نے ایک نیا اور کامیاب تجربہ کیا جو بے حد سراہا گیا۔ جناب آغا سلمان باقر صاحب ”جدید مرثیے” میں شامل اپنے مضمون بعنوان ” ڈاکٹر خاکی اور جدید مرثیہ” میں لکھتے ہیں ” خاکی صاحب نے جدید مرثیے میں خاص طور پر اُن موضوعات پر لکھا ہے جو آج کے جدید ترین سائنسی اور معاشرتی ارتقاء کا جزو ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈاکٹر مسعود رضا خاکی اپنے منفرد اور شگفتہ انداز ِ شعراور فِکر کی بلندیء پرواز کے باعث اِس کتاب میں خاصے بلند قامت مرثیہ گو دکھائی دیتے ہیں ـ اُن کے احساس کی گہرائی اور اُنکی تخلیقی نمود جس خوبصورتی کے ساتھ ذہن کے اُفق پر پھیلتی اور سِمٹتی ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اُن کے یہاں جدید مرثیے کا مستقبل پوشیدہ ہے”ـ
خاکی صاحب کے فن ِ شعر، انداز ِ بیان اور اُنکے مقام کے بارے میں مشاہیر، علماء دین اور بہت سے لوگوں نے لکھا ہے جن میں مشہور عالم ِ دین جناب آغا سلمان باقر، علامہ مولوی سید محمد جعفر قبلہ، خطیب ِ جامع مسجد، اسلام پورہ، لاہور، جناب سید قائم علی فانی جارچوی، جناب قیصر بارھوی، جناب سید محمد امروہوی، مجتہد العصر اور ابوالاثر حفیظ جالندھری قابل ِ ذکر ہیں جنہوں نے خاکی صاحب کی کتابوں کے تعارف میں اُن کو خراج ِ تحسین پیش کیا ہے۔ خاکی صاحب 1960 میں لاہور آنے سے پہلے ہی شعر و ادب کی دنیا میں مقبول ہو چکے تھے۔ شاعر ِ اسلام جناب ابوالاثر حفیظ جالندھری نے 16 اپریل 1961 کو راولپنڈی سے اپنے ایک خط میں لکھا۔۔”۔۔۔۔۔ جواں بخت آقائے مسود رضا کی خدمت میں ایک فرسودہ بوڑھے حفیظ جالندھری کا سلام پہنچے۔۔۔۔ اغلباََ نہیں بلکہ یہ میری اکسٹھ سالہ زندگی میں پہلا خط ہے جو مَیں بے اختیار ہو کر لکھ رہا ہوں۔ مجھے آپ کا اسلوب ِ نگارش اور سادگی و پُرکاری کے ساتھ آپ کی وسعت ِ قلب و نظر کا انداز بہت پسند آیا۔۔۔۔ مجھے آپ کی تحریر اپنے قلب کا عکس نظر آئی۔ طبیعت لہرائی اور یہ سطور لکھ دیں۔۔۔۔ دُعا گو! حفیظ جالندھری“۔
ڈاکٹر آغا مسعود رضا خاکی نے سینکڑوں کی تعداد میں مختلف نظمیں، غزلیں، حمد، نعت، سلام، قطعات، رباعیات، قصائد اور جدید مرثیے لکھے۔ اِس لئے اُنہیں یکجا کرنا ایک وقت طلب اور عمیق کام تھا لیکن میرے بیٹے ارتضیٰ حسن(عاصر کاظمی) اور مَیں نے مِل کر اُن کے تمام کاغذات، مسودات، ڈائریاں اور اُنکی کتابوں کو دوبارہ پڑھا اور خاکی صاحب کی غیر مطبوعہ کتابوں کی فہرست بنائی جس میں نعرہء حیدری(مناقب)، سلام و قصائد ِ خاکی(جو اُنکی چار کتابوں بہار ِ اسلام، بساط ِ عزا، سُرخیء اسلام اور گلبہار ِ عقیدت پر مشتمل ہے)، قطعات ِ خاکی، اسلامی انقلاب (ایران کے انقلاب پر نظمیں)، کلام ِ خاکی(غیر مذہبی شاعری۔۔۔ نظمیں، غزلیں،ترانے اور مِلی نغمے) اور کلیات ِ خاکی شامل ہیں۔ کچھ عرصہ قبل خاکی صاحب کے پوتے اور میرے برادر ِنسبتی اور بچپن کے دوست آغا شکیل رضا غزالی(مرحوم) کے بیٹے مہدی رضا نے بھی اِن زیر ِ طبع کتابوں کی اشاعت میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تو مجھے مزید خوشی اوراطمینان ہُوا۔ مہدی رضا اور ارتضیٰ حسن (عاصر کاظمی) نے تمام کتابوں کو ای بکس کی فارم میں شائع کرنے کا بیڑا اُٹھایااور اپنی بہنوں (کزن) سیدہ ایمن فاطمہ اور بتول عباس کو اپنی ٹیم میں شامل کیا جنہوں نے جدید الیکٹرانک ٹیکنالوجی کے تکنیکی معاملات میں بھر پور معاونت کی جس کے لئے وہ شاباش کے مستحق ہیں۔ میری زیر ِنگرانی اِن کتابوں کی پروف ریڈنگ کا کام ابھی جاری ہے اور مجھے خوشی ہے کہ خاکی صاحب کی نئی کتاب ” نعرہء حیدری‘‘ ای بُک کی صورت میں اُن کے مداحوں اور چاہنے والوں کے لئے پیش کر دی گئی ہے۔ خاکی صاحب کی دیگر کتابیں ابھی طباعت کے مراحل میں ہیں اور باری باری قارئین تک پہنچا دی جائیں گی۔
حسن سلطان کاظمی














ڈاکٹر آغا مسعود رضا خاکی عمدہ مرثیہ گو شاعر اور اردو افسانہ کے محقق تھے
حسن کاظمی نے عمدہ تعارف کے ساتھ ان کے کام کو بھی نمایاں کیا ہے جو یقینا” قابلِ تحسین ہے۔ عالمی اخبار میں اشاعت بھی خوشگوار ہے۔