گسٹاپو اسٹیٹ کی موٹر وے ۔ دوسری قسط ؛ ڈاکٹر نگہت نسیم

0
705

ہم خود کو مہذب کہتے نظر آتے ہیں،یہ سب لغو ہے۔صدیاں گزرنے کے بعد بھی ہم وحشی ہیں، جنسی جانور ہیں اور اسے مردانگی کا نام دیتے ہیں جو بزدلی کی بدترین شکل ہے ۔کس بے رحمی سے معصوم بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا پھر گلا دبا کر مار دینا اور لاش کچرے پر پھینک دینا اور پھر بھی مہذب کہلانا۔ تُف ہے ایسی تربیت اور ایسی ننگی تہذیب پر۔

ہمیں شرم نہیں آتی اس ملک کو مملکت خدادا اور اسلامی مملکت کہتے۔ ہم آج اپنا مقابلہ جنگ زدہ صومالیہ سے بھی نہیں کر پاتے ۔حالیہ صومالیہ کی حکومت دیکھئے عبداللہ فارماجو صدر ہے اور بلا کا زہین ، سنجیدہ اور اپنی کا عوام کا بہترین منتطم جس نے جنگ زدہ اور خانہ جنگی کے مارے ہوئے ملک کی معشیت کو بھی ہم سے خاصا بہتر رکھا ہوا ہے اور عوام کی شعوری سطح اور تعلیم اور ہنر آپ کے سامنے ہے کہ کتنا ہے ۔۔ یہ تو ایک مثال ہے ۔افریقہ میں کئی کتنے ہی ملک ہیں جن کے عوام کے قریب سے تعلیم گزری بھی نہیں لیکن ان کی حکومتیں سیاسی نعروں پر نہیں بلکہ سیاست پر چلتی ہیں

قانون فطرت کے ساتھ ساتھ دنیا کے انتہائی زیرک اور بڑے دانشوروں کا یہ وقول بھی یاد رکھیں کہ آبشار اور پانی اونچائی سے نیچے کیطرف آتا ہے ۔ کسی آبشار کو نیچے سے اوپر جاتے دیکھا ہے؟ ۔ اگر حاکم ایماندار نیک نیت اور باعمل ہو چاہے نمازی حاجی نہ ہو اور قانون کا اطلاق پہلے خود پر اور اپنے خاندان پر کرتا ہو رعایا نہ چاہتے ہوئے بھی چاہے خوف کے تحت ہی سہی درست سمت میں سفر کرے گی ۔ ہماری انتہائی بدقسمتی ہے کہ اس ملک کو ایک بھی دوبارہ لکھ رہی ہوں ایک بھی مخلص قیادت میسر نہیں آئی ۔

ابھی تو میں نے افریقہ کی بات کی مشرقی یورپ بلکل نئی بات ہے ۔ چیکو سلواکیہ جو تقسیم ہونے کے بعد اب چیک اور سلواک کی دو مملکتوں میں بدل چکا ہے ۔ گوگل میں چیکو سلواکیہ کے عوام کا تعلیمی تناسب پڑھیں اور ان کی عملی جدوجہد دیکھیں کہ سیاسی شعور سے ناواقف ان پسے ہوئے عوام نے آخر ایک دن ،رات کے وقت ملک میں اسمبلی میں داخل ہو کر ارکان اسمبلی کو اتھا باہر پھینکا اور ملک کے حکمران چاوشسکو اور ان کی اہلیہ کو ان کے محل کی چھت پر لے جا کر دھکہ دے دیا ۔ جن ملکوں کی عوام غیرت مند ہو جائے وہاں تعلیم اور غیر تعلیم کا فرق مٹ جاتا ہے ۔ ہم زندہ رہیں یا نہ رہیں خاکم بدہن اس ملک میں بھی ایک روز یہی ہوگا کہ یہی قانون فطرت بھی ہے

پاکستان کا یہ سیاسی نظام ہماری سزا ہے یا بدقسمتی ہے ۔۔؟

دیکھاجائے یہ سوال ملک کے سیاسی نظام کا بنیادی سوال ہے ۔ کاش اس سوال پہ زرائع ابلاغ پر مسلسل بات ہوتی ۔ کاش اس ملک کے دانشور اور سیاسی تجزیہ نگار اس موضوع کو اپنی تحریروں کا حصہ بناتے ۔ کاش اس ملک کے دینی راہنما اپنے خطبات میں اس بنیادی نکتے پر کم از کم جمے کے روز ہی گفتگو کرتے ۔

کاش یہ سوال سول سروسز کے پرچے میں ہوتا۔ یہ ہے سب سے بڑی بد بختی کہ اس ملک کا سیاسی نظام مکروہ سرانڈ زدہ اور استحصالی طبقے پر مبنی ہے ۔ اور ضروری نہیں کہ یہ استحصالی طبقہ جاگیر دار وڈیرہ زمیندار ہو ۔ اس سیاسی نظام کا یہ زہریلا پن ہے کہ یہاں غریب اور متوسط خاندانوں سے آنے والے فیصل واوڈا ، اسد عمر ، علی زیدی ، مراد سعید ، اور ان جیسے کتنے ہی لوگ جھنڈے والی سرکاری گاڑی میں بیٹھ کر اپنے جیسوں کو بھول جاتے ہیں اور اپنی اوقات بھول جاتے ہیں ۔ اس مکروہ سیاسی نظام میں کوئی پڑھا لکھا آدمی کوئی دانشور کوئی ہنر مند کوئی جنیئن لکھاری ، کوئی انقلابی ذہن کا آدمی آ ہی نہیں سکتا۔ ہماری سیاسی جماعتیں اور سیاسی نظام افراد کے گرد گھومتا ہے ۔ اور سیاسی جماعت کا سربراہ خود کو زمین پر خدا سمجھتا ہے ۔

سیاست سمیت ملک کے کسی شعبے میں سیکنڈ لائن کا تصور نہیں ۔ اور جہاں اپنے سے بہتر آدمی نظر آئے اسے وہیں ختم کر دیا جاتا ہے ۔ آپ دل پر ہاتھ رکھ کر بتایئے کیا آپ دو سے چار کروڑ خرچ کر کے صوبائی اسمبلی کے اور 10 سے 20 کروڑ خرچ کر کے قومی اسمبلی کے رکن بن سکتے ہیں ۔ ایسے سیاسی نظام میں ظالم ، جابر، عوام دشمن ، اور مفاد پرست لوگ ہی جنم لیتے ہیں

عدلیہ قانون کو فائلوں میں بند کر کے سو رہی ہے ۔۔پولیس رشوت کھا کر مدہوش پڑی ہے ۔۔ میڈیا لفافہ خوری میں مبتلا ہے ۔۔ حکومت جہلاء کا جم غفیر ۔۔ لوگو باہر نکلو کہیں تمہاری گلیاں موٹر وے نہ بن جایئں !

اگر وزیراعظم عمران خان کو سانحہ سیالکوٹ ہائی وے کا دکھ ہوتا ۔۔اپنی عوام سے مخلص ہوتے تو عثمان بزدار سمیت ڈیوٹی پر موجود پولیس سے استعفی طلب کر چکے ہوتے۔

عوام کو راہنمائی حاصل نہیں ۔۔ کسی مخلص لیڈر کا سایہ میسر نہیں ۔ اس لیئے عوام خاموش بزدل بنی ہوئی ہے ۔ لوگوں نے عمران خان کو اسی لیڈر کے روپ میں دیکھا تھا لیکن صد افسوس وہ بھی زرداری اور نواز بلکہ ان سے بدترنکلا۔

وزیر مواصلات اور عمران خان کے ہر رخ سے قریبی ،نام کے مراد سعید مگر عوام کے لئے نامراد اللہ جانے بنی گالہ کے کس کمرے میں روپوش ہیں کہ اتنے دن گزر جانے کے باوجود ان کے منہ سے مذمت کا ایک لفظ بھی نہیں نکلا اور یہاں پنجاب کے سی سی پی او کے ذاتی ترجمان شہزاد اکبر نے عمر شیخ کی جگہ ان کے بیان پر خود معذرت کی ہے ۔

کیا اندھیر نگری ہے کہ ایک وفاقی وزیر کی سطح کاآدمی ایک پولیس افسر کی ترجمانی کر رہا ہے اور اس کے گناہ آلود بیان کو چھپا رہا ہے۔ قرآن کریم کی آیات میں آیا ہے کہ جھوٹا انسان خداوند کی لعنت کا مستحق اور پروردگار کے غصے کا حقدار ہے

ہائے کاش ہم نے عمران خان کی حمایت نہ کی ہوتی ۔

ظلم کی خبروں کا آئینہ ہر اک اخبار ہے
اس حکومت سے توقع خیر کی بے کار ہے
حاکموں سے اب ہمارا ہے یہی نگہت سوال
بے حسی بے غیرتی کیا اب یہی معیار ہے

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY