عالمی اخبار ، افسانہ نگار انجم قدوائی سے روما رضوی کا مکالمہ

1
1306

انگریزی کی ایک مشہور نظم تھی جو شاید کم ہی لوگوں کو یاد رہ گئی ہوگی مگر اس کی یہ سطر ہر فرد کے ذہن میں موجود ہے
۔The Hand That Rocks the Cradle ۔
Is the Hand That Rules the World
اسی بات کو بالفاظ دیگر
“وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ”
کہا گیا ۔
ہر گھر کا نظام ایک عورت کے ہاتھ میں ہوتا ہے ۔یہی حساس اور منظم عورت اگر معاشرے پر گہری نظر رکھتی ہو تو اس کی گفتگو اسکی لکھی کہانیوں میں اس کے تجربے اور اخلاص کا رنگ نمایاں ہوتا ہے ۔۔

عالمی اخبار کی آج کی مہمان اردو کی معروف افسانہ نگار انجم قدوائی صاحبہ ہیں ۔
ان کا تعلق بھارت سے ہے اور ان کا بڑا اعزاز یہ ہے کہ وہ برصغیر کے معروف ادارے علی گڑھ یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں ۔۔ اپنے تعلیمی دور میں اپنی تصانیف پر اور بیشمار تحریری مقابلوں میں انعامات و اسناد حاصل کرتی رہی ہیں ۔بظاہر ایک گھریلو اور منکسرالمزاج خاتون ہیں مگر زندگی کے مختلف شعبوں میں خوب دلچسپی رکھتی ہیں۔
وہ بچپن سے ہی کہانیاں لکھ رہی ہیں اور مقبول رسائل میں انکے افسانے شائع ہوتے رہے ہیں ۔ ان کے لکھے افسانوں کی دو کتابیں بھی شائع ہوچکی ہیں ۔ ادب اور فنون لطیفہ کا بہترین ذوق رکھتی ہیں ۔
انکے ہمسفر
جناب مصاعد قدوائی بھی ایک مقبول شاعر اور مصنف ہیں
تعلیمی دور کے بعد جب انہوں نے عملی زندگی کا آغاز کیا تو اپنے شوہر کی پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث مخلف ممالک میں مقیم رہیں کہ جب لندن، شکاگو ،دبئی اور سعودی عرب جیسی جگہیں عارضی وطن بنیں ۔ مگر ان نئی ذمہ داریوں نے قلم کا ساتھ وقتی طور پر ان سے چھڑوا دیا ۔ان کی تین صاحب زادیاں ہیں جن میں بڑی سوفٹ ویئر انجنیئر، منجھلی نے ماس کمنکشن میں پی ایچ ڈی کی اور اب حیدرآباد میں ہے . تیسری بیٹی وائلڈ لائف میں ماسٹرز کرکے جونزبرگ کسی پروجیکٹ کی نگران ہیں ۔۔محترمہ انجم قدوائی بچیوں کو کامیابی کی منزل کی طرف گامزن کرکے ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کی طرف پلٹیں تو انہیں اپنے بھولے تمام مشاغل یاد آگئے۔ چند سال قبل انہوں نے دوبارہ لکھنے کے شوق کی طرف رجوع کیا۔ افسانوں کی طرف بے حد سنجیدگی کے ساتھ مصروف ہوگئیں ۔۔
انجم آپ کو عالمی اخبار کی آج کی نشست میں تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔
ایک عمومی سوال سے آغاز کرتے ہیں

سوال_
لکھنا کب کیا شروع کیا ؟
اور کیا بات تھی جس نے آپ کو لکھنے کی طرف مائل کیا؟
جواب _
آپ نے پوچھا ہے لکھنے کا آغاز کب کیا؟ تو سال یا دن یا وقت تو یاد نہیں ہے. اتنا ضروری ہے کہ سمجھدار تھی شاید بارہ یا تیرہ سال کی رہی ہوں گی. گطر پر بچوں کا رسالہ کھلونا آیا کرتا تھا. اس کی اردو کافی نستعلیق ہوتی تھی پڑھنے کا شوق تھا تو اٹک اٹک کر کہانیاں پڑھ لیا کرتی تھی. اور سوچتی رہتی تھی کہ میں بھی ایک دن کہانی لکھوں گی. اور پھر جب اردو لکھنا سیکھ گئی تو ایک کہانی گلاب پری کے نام سے لکھی. والد صاحب سے درخواست کی کہ اسے کھلونا میں بھیج دیں. انہوں نے بھی بڑی حوصلہ افزائی کی اور خود خوش خط لکھ کر کھلونا رسالے کے لئے ارسال کردی ۔۔ جس دن وہ کہانی چھپی ہے۔ یقین جانیے مجھے رات بھر نیند نہیں آئی. اا سے لکھنے کی ہمت بڑھی ۔۔جب عمر بھی بڑھی تو افسانہ لکھا ایک رسالہ زیور کے نام سے آتا تھا. اس می بھیجا وہاں شائع ہوگیا. بس پھر ایسے ہی لکھنے کا آغاز ہوگیا

۔سوال _
نوجوانوں میں بے انتہا حساسیت کیوں پیدا ہوگئی ہے۔۔

جواب _موجودہ دور میں نوجوان نسل اپنے آپ کو دراصل غیر محفوظ سمجھنے لگی ہے. اسے اپنا مستقبل اتنا سنہرا نظر نہیں آ رہا جتنا پچھلے دور کے لوگ تصور کیا کرتے تھے.۔
سوال_
آپ کے لکھے کو کب پہلی بار سراہا گیا ؟

جواب _ میرے لکھنے کو تو سب سے پہلے میرے والد صاحب نے سراہا. دراصل میری والدہ کا انتقال ہو چکا تھا. تو والد صاحب بچوں میں بالخصوص مجھ سے بہت زیادہ محبت کرتے تھے. انہوں نے ہمیں ماں کی اور باپ کی دونوں محبتیں دیں. تو انہوں نے مجھے بہت سراہا اور میں چھوٹی سی بھی کوئی کہانی لکھتی تھی تو وہ بیحد خوش ہوتے تھے حالانکہ مجھے اب معلوم ہے. کہ وہ کہانی کیسی ہوتی تھی ۔ لیکن وہ اتنا زیادہ ہم بہن بھائیوں کو محبت دیتے تھے کہ اب یاد آتا ہے ۔ انتہائی شفقت رکھتے تھے ۔ بہت سراہا کرتے تھے ۔۔پھر جب میں علی گڑھ پڑھنے کے لیے آئی تو یہاں افسانہ نگاری کا مقابلہ ہوا اور کالج میں مجھے پہلا انعام ملا.۔ میں اتنی زیادہ خوش ہوئی ظاہر ہے خوش تو میں بہت تھی جب مجھے انعام ملا اور میں پرنسپل کے پاس انعام لینے گئی تو میری ٹیچر نے مجھ سے یہ کہہ دیا کہ یہ کہانی آپ نے کس سے لکھوائی ہے؟
آپ یقین جانیے مجھے اتنا زیادہ دھکا لگا کہ میں نے بالکل لکھنا چھوڑ دیا اس وقت میری عمر کافی کم تھی اور اس جملے سے مجھے انتہائی تکلیف ہوئی مجھے معلوم نہیں تھا کہ باہر کی دنیا میں اس طرح کی باتیں بھی ہیں۔. تو مجھے اس قدر دکھ ہوا کہ میں نے لکھنا ہی چھوڑ دیا۔ شادی کے بعد میرے شوہر نے میرے تمام افسانے یکجا کئے اور مجھے شادی کی سالگرہ پر میرے ہی افسانوں کا مجموعہ گفٹ کیا ۔ “ریت کا ماضی” اور وہ میرے لئے بہت حیران کن موقع یعنی سرپرائز تھا ۔جو میرے لیئے دلی مسرت کا باعث بھی بنا۔۔
سوال

_اپنی فطرت سے نزدیک لکھنا بہتر ہے یا سامع و قاری جو پڑھنا چاہیں اسے لکھنا اچھا ہے؟

. جواب _ فطرت سے جدا ہو کر ہرگز نہیں لکھا جاسکتا۔ یعنی میں کبھی فطرت سے جدا ہو کر نہیں لکھ سکتی. میرے بیشتر افسانے آپ دیکھیے اپنے گاؤں، باغ، کھیتوں کے آس پاس ہی نظر آتے ہیں. میں یہی سمجھتی ہوں کہ اگر اپنی مٹی سے جڑی رہوں۔۔ تو وہ زیادہ میرے لیے بہتر ہوگا. اور وہ ہی موضوع میں زیادہ اچھا لکھ سکوں گی. اور میں سمجھتی ہوں کہ قاری کیا چاہتا ہے اگر ہم یہ سوچ کر لکھیں تو اپنے ساتھ زیادتی ہوگی. میں جو کچھ بھی محسوس کرتی ہوں وہی لکھ دیتی ہوں اور یاد رہے کہ صرف ناسٹالجیا ہی نہیں بلکہ حال پر بھی میری بھرپور نظر رہتی ہے. اس کی مثال چند ماہ پہلے کا افسانہ ہے درد کا موسم ہے۔۔
بلا عنوان قاری کی پسند سے لکھنے والے میرے خیال سے کچھ تجارد کر رکھتے.۔۔
سوال
زندگی کے کس دور میں سب سے زیادہ لکھا ؟

جواب _ تعلیم حاصل کرنے سے لے کر شادی تک ایک بڑا طویل وقفہ آیا تھا۔۔ کہ جب لکھنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں. پھر سن دو ہزار سے دو ہزار پانچ کے درمیان جب میرے بچے کچھ بڑے ہوگئے تو قلم میں نے دوبارہ تھام لیا. اس کے بعد سے آج تک لکھ رہی ہوں.۔
بہت رسالوں میں افسانے شائع ہوئے ہیں ۔کئی رسالوں کے نام مجھے تو یاد بھی نہیں رہے کہ کہاں کہاں چھپے ہیں ۔ ایک رسالہ لکھنؤ سے نکلتا تھا لاریب۔۔علی گڑھ سے نکلنے والا موج اردو ۔۔اور قوس قزح میں بھی میرے افسانے شائع ہوئے ہیں. اردو دہلی سے نکلتا ہے. کلکتہ میں اور نیا دور لکھنؤ سے نکلتا ہے. ارے آپ کے پاکستان کے فنون میں بھی میرا افسانہ آ چکا ہے. پٹنہ میں بھی ایک رسالہ نکلتا ہے، ثالث اس میں بھی میرے کئی افسانے آچکے ہیں. اور انڈیا کے کچھ اخبارات ہیں. روزنامہ انقلاب اور ایک اور رسالہ میں میرے افسانے شائع ہوئے ہیں۔۔
ماشا اللہ اس معاملے میں میں خوش نصیب رہی ہوں۔
سوال _
کیا ایک لکھنے والے کو لوگوں کے رد عمل پر لکھنے کا انداز تبدیل کرلینا چاہیئے؟؟
جواب _ میرا تو یہی خیال ہے کہ ہرگز نہیں. جو کچھ میں نے لکھا اس پر مجھے پزیرائی ملی ہے اور ایک افسانہ لبیک ایسا تھا جس پر لوگوں نے مجھے افسانے کی کچھ لائنیں ہٹانے کو کہا مگر میں نے ایسا نہیں کیا میں نے وہی لکھا جو میں لکھنا چاہتی تھی. میں اپنے دل کی بات لکھنا چاہتی تھی اور میں نے لکھا. ۔
سوال-
آپکے مطالعے میں کس قسم کی کتابیں زیادہ رہی ہیں ؟
جواب _میں ہر طرح کی کتابیں پڑھتی ہوں. رومانی ناول بھی, معاشرتی, اصلاحی, جاسوسی۔۔ ساری ناولز, یعنی ہر طرح کی ناول میرے زیر مطالہ رہی ہیں. اور میں مذہبی کتابیں بھی بڑے شوق سے پڑھتی ہوں, اور سمجھتی ہوں کہ مجھے معلومات اپنے مذہب کے بارے میں کم سے کم اتنی تو ہو. کہ کہیں کوئی سوال ہو تو میں جواب دے سکوں. پڑھنے والوں کو اس چیز کا خیال ہی نہیں رکھنا چاہیے کہ ہم کیا پڑھ رہے ہیں. یہ سمجھ لیجیے کہ اگر کبھی کسی اخبار کے کسی کاغذ میں لپٹی ہوئی کوئی چیز بھی آ جاتی ہے تو میں کو ہٹا کر اس پیپر کو ضرور پڑھ لیتی ہوں کہ اس میں کیا لکھا ہے۔
جو مجھے اچھا لگتا ہے. میں سمجھتی ہوں یہ میرے لیے بہتر ہے. ہر طرح کا ادب میرے مطالعے میں رہا ہے اور میں اب تک پڑھتی رہی ہوں۔۔ میرے والد بہت معیاری ادبی ذوق رکھتے تھے اور اپنے دور کی مستند و بہترین کتابیں ترین گھر میں موجود تھیں. اور اسی لیے شاید مجھے پڑھنے کا اتنا شوق ہے.

 سوال

آپ کو لکھنے والوں میں کن مصنفین و افسانہ نگاروں نے متاثر کیا یا آپ کے مطابق جن کا انداز قارئین کو بھی بھاتا ہو۔؟

جواب _ آپ نے پوچھا ہے ۔ کن افسانہ نگاروں کو پسند کرتی ہوں تو ناول مجھے قرۃ العین حیدر, قاضی عبدالستار کے بے انتہا پسند ہیں. پریم چند کو بھی پڑھا ہے . مصنف اس کے علاوہ انتظار حسین۔۔ راجندر سنگھ بیدی بلکہ لمبی فہرست ہے جس کو بتانے لگوں تو ذرا سمیٹ تو نہیں پاؤں گی لیکن آپ یہ سمجھ سکتی ہیں کہ جب مطالعہ وسیع ہوتا ہے تو پھر ہم جو ہیں وہ اتنے معنی نہیں رکھتے خیال و الفاظ مخں اس مطالعے کی بدولت کی مالا مال ہوجاتے ہیں ۔

سوال_

کیا تجریدی انداز میں لکھی گئی تحریر کو نثری شاعری کہا جاسکتا ہے؟
جواب _
جواب _ میرے مطابق ادب لطیف اور نثری شاعری دو الگ چیزیں ہیں ۔۔
اور تجرید قاری اور افسانہ نگار کے درمیان کبھی کبھار حائل ہوجاتی ہے ۔راست بیانیہ قاری تک پہنچنے میں مدد گار ہوتا ہے۔

سوال

خواتین افسانہ نگاروں کے جب تواتر سے افسانے پڑھنے میں آتے ہیں تو اکثر ذہن میں یہ سوال آتا ہے کہ وہ اپنی نجی زندگی اور ان سرگرمیوں کو کس طرح متوازن رکھتی ہیں؟

جواب _یہ ضروری سوال ھے اور ظاہر ہے کہ ایک عورت کے لیے صرف لکھنے یا پڑھنے کے علاوہ بہت ساری اور ذمہ داریاں بھی ہوتی ہیں.
تو یہ سمجھیے کہ وہ تو نبھانی ہیں اور نبھانا پڑتی بھی ہیں اگر آپ نہ بھی چاہیں تب بھی نبھانا پڑے گا اور کب تک لکھیں گے اور کب تک پڑھیں گے۔
ہمیں بھی کچھ تفریح کا وقت چاہیے اور ہمیں بھی کچھ وقت گھر کے لیے چاہیے کہ ہم اپنے گھر کو سجائیں سنواریں اور ذوق کے مطابق اچھی طرح رکھیں۔
تو مجھے گارڈننگ کا بہت شوق ہے میں نے بہت سارے پودے گملوں میں ہی لگا رکھے ہیں اور میں خود اس میں صفائی اور پھولوں کا خیال رکھتی ہوں مالی نہیں رکھا ہے ۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ میں گھر میں اوپر کے فلیٹ میں رہتی ہوں. تو اس میں لان والی زمین تو ہے نہیں میرے پاس فقط گملے ہی ہیں. تو اپنے آپ کو ان کی دیکھ بھال میں غرق کر دیتی ہوں. کبھی کبھی تو مجھے اتنا اچھا لگتا ہے کہ جیسے یہ بھی میرے بچے ہوں۔. ایک پھول نکلتا ہے تو خوشی سے بالکل پاگل ہو جاتی ہوں. سب کو دوڑ دوڑ کے بتاتی ہوں کہ میرے ایک گملے میں پھول نکلا ہے.
ایک تو یہ میری مصروفیت ہے. دوسرے سلائی کرنا بھی مجھے بہت پسند ہے. میں سلائی کرتی ہوں اور پہلے تو میں بچوں کو خود کپڑے سی کر پہناتی تھی. اب اپنے تو ابھی تک خود ہی سلائی کرتی ہوں ۔۔ لیکن اب آنکھیں تھوڑا کمزور ہو گیئ ہیں ۔
مگر مجھے سلائی کرنا بہت پسند ہے ۔
اسی شوق کی وجہ سے میں نے تین سال کا ڈپلومہ لیا تھا۔ پروفیشنل ڈیزائننگ اینڈ ڈریس میکنگ کا تو میرا یہ خیال ہے کہ عورت جو بھی ہوتی ہے اس کو پہلے اپنا گھر دیکھنا ہوتا ہے۔۔ اپنے اور شوق پورے کرنا بھی اہم ہیں ۔۔
ساتھ میں لکھنا تو ایسا ہے کہ کبھی ذہن میں کوئی بات آگئی ہے۔ تو اس حوالہ سے اظہار رائے کیا جائے ۔۔
لکھنا یقینا ایک صلاحیت ہے جو اللہ نے اگر عطا کر دی تو آپ لکھ سکتے ہیں۔۔ کتابیں بھی پڑھیں لیکن ذمہ داریاں نبھانے کے بعد۔۔
. پہلے تو یہ تھا کہ بچے چھوٹے تھے تو ان کو دیکھنا, ان کے کھانے پینے کا انتظام کرنا, ان کی ضروریات کا خیال رکھنا وہ سب خود کرتی تھی. اب بچے بڑے ہیں۔۔ ماشاءاللہ اپنے اپنے گھروں کے ہوگئے تو اب زیادہ وقت میں اپنے شوق کو دیتی ہوں۔ پودوں کو دیتی ہوں پھر میں ڈرائنگ اور پینٹنگ بھی کرتی ہوں. مجھے ڈرائینگ کرنا بہت پسند ہے. میری پوری فائل ہے. جس میں میں ڈرائینگ کرتی رہتی ہوں. میرے شوہر کو بھی میرا یہ شوق بہت اچھا لگتا ہے۔۔. وہ مختلف طرح کی پنسل اور رنگ لا کے مجھے دیتے ہیں. طرح طرح کے برش لاتے
ہیں. ان کو بھی اچھا لگتا ہے. کہ میں جب اس میں مصروف نظر آتی ہوں.
اپنے شوق میں مگن ہوکر بلکل دنیا کو ہی بھول جاتی ہوں.
اس کے علاوہ میوزک سننا مجھے پسند ہے ۔
اچھی موسیقی سننا پسند کرتی ہوں.
کہنے کا مقصد یہی ہے کہ ایسا ہرگز نہیں ہے کہ صرف ایک ہی طرف ذہن رہے ۔۔ کئی چیزیں میرے ساتھ چلتی ہیں. ہر فرد کی زندگی کا محض ایک پہلو نہیں ہوتا ۔ایک ہی شخصیت کئی رنگوں سے مل کر بنی ہوتی ہے اور ملنے والے پڑھنے والے اپنے انداز سے اس کا تاثر حاصل کرتے ہیں۔

سوال _
اکثر خواتین جن کا تعلق روایتی گھرانوں سے ہے وہ صلاحیت رکھنے کے باوجود کچھ پابندیوں کا شکار ہوتی ہیں اور آہستہ آہستہ گھروں کی ہی ہو کر رہ جاتی ہیں ۔اور شکایت پدرسری معاشرے کی سننے میں آتی ہے ۔آپ کا اس سلسلے میں کیا تجربہ رہا ؟
جواب _ میں یہ نہیں سمجھتی کہ عورت کو صرف گھرداری میں ہی مکمل طور پہ مصروف رہنا چاہیے. گھرداری تو ہمارے لیے ایک تمغہ اعزاز ہے بھائی.
ہمارے لیے ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جو اللہ نے ہمیں دی ہے کہ ہم ایک گھر کا نظام بنائیں اسے سنبھالیں۔۔
ایک طرح سے سمجھیے کہ عورت آغاز سے ہی ایک تخلیق کار بن جاتی ہے۔۔
گھر بار دیکھتی ہے روزانہ کتنے مسائل حل کرتی ہے ۔ اگلی نسل کی پرورش کرتی ہے اس کے مستقبل کے بارے میں شوہر کی معاون و مددگار ہوتی ہے۔
گھر میں کوئی کمی نہ ہو بچوں کو کوئی تکلیف نہ ہو. شوہر کے شانہ با شانہ کھڑے رہ کر اسے اپنا گھر اپنی ریاست کو پھلتے پھولتے دیکھنا ہوتا ہے ۔۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپنے شوق اپنی شخصیت کی تربیت پر دھیان بھی ضرور دینا چاہیے.۔۔
میں تو یہ کہوں گی کہ وہ خواتین بہت خوش نصیب ہیں جن کے شوہر ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں.
میرے شوہر کی مجھ سے صرف ایک خواہش کہ میں جاب نہ کروں.۔۔ کیونکہ مجھے کام کرنے کا بڑا شوق تھا. لیکن ان کا کہنا یہ تھا کہ گھر کو میری زیادہ ضرورت ہے۔
میں نے پروفیشنل ڈیزائننگ میں جب ڈپلومہ کیا تھا تو مجھے کئی جگہ سے جاب آفرز تھیں, مجھے بھی خوشی تھی جلد ہی جاب مل بھی گئی تھی. بلکہ میں شارجہ میں تھی اور وہاں مجھے جاب مل گئی تھی. لیکن میرے شوہر کا کہنا تھا. وہ جب گھر آئیں تو میں انہیں گھر میں نظر آووں یا جب شام کو وہ آفس سے آئیں ۔ تو میں تھکی ہوئی یا دفتری مصروفیات میں مشغول نظر آوں
بس انکا کہنا تھا کہ بچوں کو بھرپور توجہ دوں انہی کے ساتھ ساتھ رہوں.
اور بناء کسی دباؤ کے اپنے تمام شوق پورے کروں
ایسے میں میں نے بھی تعاون کیا اور خواہش کے باوجود گھر کو ترجیح دی۔
میرے شوہر میرے ہر قدم پر ساتھی ہیں ان کا بعض اوقات کسی بات پر دل نہ بھی راضی ہو مگر میری خوشی کے لئے میری ہر بات مانتے ہیں میرے ہر مزاج کے ساتھ ہیں۔۔ تو میں نے یہی سوچا کہ میں کسی بھی معاملے میں کیوں ان کو تکلیف دوں ۔
میں نے جو بھی چاہا وہ مجھے گھر بیٹھے حاصل ہوا اور میری کوئی بھی صلاحیت ایسی نہیں جس میں انہوں نے میرا ساتھ نہ دیا ہو. خواہ وہ پڑھنا لکھنا رہا ہو. خواہ وہ میری کارٹوننگ کا شوق ہو, میرے گملوں کا شوق ہو, میرے پودوں کا شوق ہو اور نہ ہی انہوں نے کبھی مجھے کہیں جانے کے لیے منع کیا. میں اگر کچھ بنانا چاہتی ہوں تو ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ بتاتے رہتے ہیں کہ دیکھو یہاں پہ یہ چیز اگر کر دیتیں تو زیادہ خوبصورت ہوتا . یہ رنگ لگا دیتیں تو بہت اچھا ہوتا تو یہ جب زندگی میں اتنی خوبصورتی ہو تو پھر گھرداری میں ہی کیوں ذہن کو پابند رکھیں ۔۔
ذہن میں صلاحیت ہو تو الگ دلچسپیوں میں بھی لگانا چاہیے۔۔
میں بالکل اس کے خلاف ہوں کہ اگر کوئی گھر میں کھانا پکاتا ہے یا گھر میں بچوں کو دیکھتا ہے یا شوہر اور دیگر اہل خانہ کا خیال رکھتا ہے تو اور کچھ نہیں کر سکتا. اس کے ساتھ ساتھ بہت کچھ کر سکتا ہے بہت وقت ملتا ہے. بجائے اس کے کہ بیٹھ کے کہیں کسی اور جگہ بیٹھ کے کسی کی باتیں کریں یا کسی اور فروعات میں وقت خراب کریں ۔ تو بجائے اس کے اپنی صلاحیتوں کو آزمائیں. اور کچھ نہ کچھ ہر ایک کے پاس فن ضرور ہوتا ہے اس کا مجھے یقین ہے. ہر عورت یا مرد ہے اس کے پاس کوئی نہ کوئی فن ضرور عطائے رب موجود ہوگا. یہ ضروری نہیں کہ کئی ہوں لیکن ایک تو ضرور ہوگا. خواہ اسے پینٹنگ پسند ہوگی یا اسے گانا گانا پسند ہوگا یا اسے میوزک سننا کچھ بھی پسند کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا ہر ایک کے پاس. بہت سے لوگ کتابیں نہیں پڑھتے میں نے دیکھا ہے یا لوگوں کو مذہبی سرگرمیوں کا شوق نہیں ہوتا.
مگر اللہ کا شکر ہے کہ مجھے ریڈنگ کا بھی بہت شوق ہے تو میرا وقت بڑا اچھا گزر جاتا ہے. میں اچھی اچھی کتابیں پڑھتی ہوں. یہ شوق بھی میرے شوہر پورا کرتے ہیں. تمام اچھی اور معیاری کتابیں مجھے لا کے دیتے رہتے ہیں ۔
میرے والد کے بعد میرے شوہر نے بھی مجھے پڑھنے میں مدد کی.

ہم تو گاؤں میں رہتے تھے جہاں کتابیں نہیں ملتی تھیں. تو میں کہیں پڑھ لیتی تھی کسی اخبار میں یا مجھے کوئی دوست بتا دیتی تھی یا خط و کتابت کا سلسلہ ہوتا تھا۔ تو خط میں لکھ دیتے یہ کتاب پڑھنا تو میں اپنے بابا کو بتا دیا کرتی مجھے یہ کتاب پڑھنی ہے تو بیچارے جب شہر جاتے تھے تو میری کتابوں کی لسٹ ان کے ساتھ جاتی تھی.
ایسا تو میں مان ہی نہیں سکتی کہ کوئی عورت صرف گھرداری کرے تو کچھ نہیں کر سکتی یقین کریں وہ بہت کچھ کر سکتی ہے. اور بہت سی خواتین تو گھر بار کے ساتھ ساتھ بزنس وغیرہ بھی کر لیتی ہیں میرے بہت سے جاننے والے ہیں جو گھر میں ہیں وہ ایک سے ایک اچھے ڈیزائن بناتے ہیں اور اسے سیل کرتے ہیں. فیشن ڈیزائننگ تو بہت ہی بڑا پلیٹ فارم ہے اس میں کام کر سکتے ہیں. کچھ لوگوں نے اپنے گھروں کے کمروں میں ہاسٹلز بنا دئیے. اس کی پوری ذمہ داری لیتے ہیں. بڑے گھر جن کے ہیں. تو میں یہ نہیں مانتی کہ عورت صرف گھر بار کے لئے ہے یا صرف گھر داری کرے اا کے علاوہ کچھ بھی نہ کریں.
اس کے پاس بہت کچھ ہے ھو بروئے کار لانا چاہیے کہ زندگی ایک ہی بار ملتی ہے. تو جتنی صلاحیتیں اللہ نے ہمیں دی ہیں اللہ تعالی نے ہمیں عطا کی ہیں ان کو ضرور بروئے کار لانا چاہیے سامنے لانا چاہیے. اس سے خود بھی اطمینان قلب ملتا ہے اور کسی نہ کسی کا فائدہ بھی ہوتا ہےتو اس لیے جو ہے میں اس کے خلاف ہوں
کہ عورت بس گھر میں رہے۔
ہر باشعور عورت اپنی رائے رکھتی ہے ۔ صلاحیت رکھتی ہے ۔گھر اور اپنی شخصیت دونوں کو ہی اسے نکھارنا چاہیئے .

سوال 

کیا سیمیناروں اور اردو کانفرنسز میں بھی خواتین کی نمائندگی پسند کی جاتی ہے ؟ اور آپ کا جانا ممکن ہوتا ہے؟

جواب _
جی ہاں سیمینار بہت ہوتے ہیں اور لکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نمائندگی کرتی ہے میں بھی اکثر بلائی جاتی ہوں اور کچھ عرصہ قبل بلکہ کووڈ سے پہلے پٹنہ بہار اور اودھے پور کے سیمینارز میں اپنا مقالہ اور افسانے پڑھے ہیں ۔
اردو بہار اکیڈمی تواتر سے مختلف موقعوں پر سیمینارز منعقد کرتی ہے۔۔ اور جہاں مجھے بلایا جائے میں بھی بہت جانا پسند کرتی ہوں ۔ خواتین کے بھی کئی فورمز بہت فعال ہیں ۔
سوال _
ایک ماں گھر پر توجہ دیتی ہے تربیت کرتی ہے بلکہ دونوں والدین مکمل تعاون سے اگلی نسل کو معاشرے کا فرد بناتے ہیں اس کے باوجود
نئی نسل میں مایوسی کی کیا وجہ محسوس ہوتی ہے؟ بحثیت ماں معاشرے کے ایک ناظر کی حثیت سے کیا وجوہات نظر آتی ہیں؟

جواب۔۔ اس کو میں والدین کی توجہ اور تربیت بے جا آزادی بلکہ لاپرواہی سمجھتی ہوں
نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی کی وجہ حد سے زیادہ عیش و آرام ہے. اس کے علاوہ تربیت کی کمی. تعلیم بھلے اچھے اداروں سے حاصل کی جائے مگر تربیت جو ہے وہ گھر سے ہی شروع ہوتی ہے. آپ کتنی بھی تعلیم بچوں کو دے دیجئے لیکن اگر تھوڑی سی تربیت گھر میں نہ کی جائے تو پھر یہ مسائل نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔۔ ان مسائل میں آخر میں جا کر بچے یا تو بڑی صحبت کا شکار ہونے لگتے ہیں کیونکہ والدین کی دی اہمیت سے انہیں لگتا ہے کہ ان سے بہتر کوئی نہیں ہے ان سے زیادہ کوئی اہم نہیں ہے. پھر جب آگے بڑھ کے انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ تو کوئی اتنے اہم نہیں ہیں ۔ ان سے زیادہ لوگ دنیا میں اہم کام انجام دے رہے ہیں. اور ان سے بھی اچھا نتیجہ حاصل کر رہے ہیں تو پھر مایوسی کا احساس ہوتا ہے ۔ اس سلسلے میں وہ سوچتے بھی نہیں ہیں کہ ہم جو کر رہے ہیں اس پر محنت کریں اسے مزید بہتر کریں۔۔

اس نسل میں پہلے کی جو نسلیں ہیں ان سے واقعی فرق ہے۔ پہلے کے لوگ خواب رکھتے تھے. اور ان خوابوں کے سہارے آگے بڑھتے تھے ان خوابوں کو لے کر چلتے تھے اور اس کے لیے محنت بھی بہت کرتے تھے. راتوں کی نیندیں بھی حرام کرتے تھے تکلیفیں بھی اٹھاتے تھے بھوکے بھی رہتے تھے. چھوٹے چھوٹے کام بھی کر لیتے تھے لیکن میں نے اب یہی اپنے آس پاس دیکھا ہے کہ چھوٹے کام کرنا لوگوں کو بالکل نہیں پسند ہے. مثلا آج کسی اچھے گھر کے لڑکے سے آپ کہہ دیں کہ وہ گاڑی چلا لے جا کے کسی کی تو کہے گا ارے ہم کیوں گاڑی چلا رہے ہیں؟ مطلب اس طرح کا ایک ذہن میں آگیا جو بہت پرانا پہلے نوابوں کے خاندان میں ہوا تھا وہ اب حالات ہوگئے. کیونکہ زیادہ تر کے گھر کا کوئی نہ کوئی فرد جو ہے وہ باہر کے ملک میں ہے تو ظاہر ہے کہ گھر میں کسی چیز کی کمی تو ہے نہیں. تو کچھ اسی وجہ سے بھی ایک فرد خاندان کا ذمہ دار ہے اور باقی بیٹھ کر آرام سے لطف اندوز ہونے والے۔۔۔ آگے بڑھ کے یہی آرام طلب لوگ بری صحبے کا شکار ہونے لگتے ہیں. ذاتی طور پہ میں ایک صاحب کو جانتی ہوں. پچیس چھبیس سال قبل انکے لڑکپن میں کسی چیز کی کمی نہیں تھی۔ والد ان کے ماشاءاللہ بہت عیش و عشرت سے انہوں نے اسے رکھا ہر طرح کی اس کو تعلیم تربیت دی دنیا کی ہر چیز ان کے پاس ہوتی. لیکن وہ مایوس نظر آتے رہے.
مجھے اس صورتحال پر افسوس اس لیے بھی ہوتا ہے کہ اس نے شروع سے کسی کو کچھ نہیں جانا. یعنی حقیر سمجھا۔
کالج میں بھی ان کا یہ حال تھا کہ کم نمبر ہوئے تو بڑھوا کر پاس کروادیے جاتے تھے. ایک فون آجاتا تھا اور نمبر بڑھ جاتے تھے تو اس کے اندر نالج بھی نہیں ہے زیادہ. ڈگریاں بہت ہیں مگر علم نہیں ہے. آپ اس سے دو منٹ بات کریں گے. آپ کو پتہ چل جائے گا.۔
بس میں اسے والدین کا بے جا لاڈ پیار اور مراعات کا دینا بھی سمجھتی ہوں۔۔

سوال

_کیا لکھنے والے یہ سمجھتے ہیں کہ انکی تحریر سے معاشرے میں سدھار لائے گی ؟
کیا آپ کی تحریر سے ایسی امید رکھی جاسکتی ہے؟

جواب _کوئی تحریر محض سدھار کے لیے تو نہیں لکھی جاتی ہے ۔ تخلیق کار کا کام تو لہو میں قلم ڈبو کر اس تخلیق کو مکمل کر کے سماج کے سامنے رکھنا ہے. اب سماج اس آئینے میں اپنا چہرہ دیکھ کر معاشرے میں بدلاؤ لانے کی کوشش کرتا ہے یہ اس پر منحصر ہے.۔۔ قلم کار کا کام سچائی کو ادبی پیرائے میں پیش کرنا ہے. اور یہ میں ہی نہیں کہہ رہی بلکہ دنیا کے بیشتر قلم کار اپنی ذمہ داری سمجھ کر نبھا بھی رہے ہیں ۔
سوال 

نو آموز شعراء ،مصنفین اور افسانہ نگاروں کو کس بات پر آمادہ کرنا چاہتی ہیں یا کیا مشورہ دیں گی کہ انکی تحریر پڑھنے والوں کے لئے کچھ جدت رکھتی ہو۔انہیں کوئی سوچ دے سکے؟۔
جواب _
نئے لکھنے والوں سے میں یہی کہوں گی کہ پہلے وہ مطالعہ وسیع کریں. افسانوی غیر افسانوی ادب کے فرق کو جانیں۔شاعری کریں تو عروض سے واقفیت پیدا کریں. نامور شعراء اور ناول نگار افسانہ نگاروں کی تخلیق کار کو توجہ سے مطالعہ میں لائیں. اور اس مطالعہ سے نہ صرف ان کی سوچ و فکر میں تبدیلی آئے گی نئے نئے الفاظ ملیں گے نئی نئی ترکیبیں حاصل ہوں گی. جو مطالعہ سے ہی ان کے سامنے آئیں گی. اور خوب پڑھیں ۔ بس میں صرف یہی کہنا چاہتی ہوں کپ لکھنے والے جو بھی ہیں. خواہ وہ ناول افسانہ لکھتے ہوں یا شاعری کرتے ہوں۔ وہ لکھنے کا آغاز کرنے سے پہلے خوب پڑھیں. کلاسک پڑھیں۔۔
اپنے سے پہلے کے لکھنے والوں کی تحریر پر توجہ دیں ان پر خود ہی بہت سے نکات کھلیں گے۔ اور پھر کامیابیاں سلسلہ وار حاصل ہوں گی ۔ایک دم سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔صبر برداشت محنت انسان کی ترقی کا باعث بنتی ہے ۔
انجم قدوائی صاحبہ افسانہ نگاروں میں اہم شخصیت ہیں انہوں نے وقت کی کمی کے باوجود بہت توجہ سے گفتگو کی ۔ ہم عالمی اخبار کی طرف سے انکی اس محبت اور پرخلوص گفتگو کے لئے بہت ممنون ہیں۔

روما رضوی

SHARE

1 COMMENT

LEAVE A REPLY