وزیر اعظم عمران خان خود تو اپنے وفد کے ہمراہ روس سے بخیریت وطن واپس پہنچ چکے لیکن افسوس کی بات کہ وہاں قیام کے دوران بھی انہوں نے یوکرین میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبا کے مسلے توجہ نہیں دی اور نا ہی اپنے خانقاہی مجاور وزیر خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ یوکرین میں جھوٹ بولنے والے اپنے سفیر کو ہدایات دے کہ ان بچوں کی مکمل حفاظت کی جائے اور جلد واپسی کا انتظام کیا جائے
سوشل میڈیا پر دو روز سے یہ بچے دہائی دے رہے ہیں کہ یوکرین میں پاکستانی سفیر پاک میڈیا پر دروغ گوئی سے کام لے رہا ہے کہ انہوں نے سب طلبا کو وہاں سے نکال لیا ہے، یہ بچے بھوکے پیاسے اور بُری حالت میں ہیں
ریاست مدینہ کے موجودہ نام نہاد والی کے لیئے لمحہ فکریہ ہے کہ یہ بچے وہاں سیر تفریح کو نہیں بلکہ تعلیم حاصل کرنے گئے ہیں اور وطن میں انکے والدین اور عزیز اقربا کس کرب سے گزر رہے ہیں
ایسے ناکارہ سفیر کو فوری طور پر سفارتی منصب سے برطرف کیا جائے یہ عام آدمی کا مطالبہ ہے
یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر دی۔پاکستانی طالب علم گلریز ہمایوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے میٹرو اسٹیشن میں پناہ لے رکھی ہے، کھانا دستیاب ہے نہ پانی، ہماری حالت بہت غیر ہے، ہم لاوارث ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وہی سرکاری بیانیہ بتا دیا کہ پاکستانی سفارتخانہ ترنوپل میں مکمل طور پر کام کر رہا ہے، کائیو میں سفارتخانہ کا نمائندہ ہر وقت دستیاب ہے، کھرکیو سے ترنوپل تک ٹرینیں بھی چل رہی ہیں اور ٹکٹ بھی دستیاب ہیں، جن شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل رہی، طلبا متعلقہ اعزازی تعلیمی کنسلٹنٹ سے رابطہ کریں۔
اس ترجمان سے کوئی پوچھے کہ اگر انکا فرمانا درست ہے تو یہ بچے کیا جھوٹ بول رہے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ادھر نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے حکومت سے یوکرین میں پھنسے 500 طلبہ سمیت دیگر ہزاروں پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کے نتیجے میں پاکستانی شہری اور طلبہ یوکرین میں پھنس گئے ہیں، 500 سے زائد طلبہ سمیت دیگر ہزاروں پاکستانی یوکرین سے انخلاء کے منتظر ہیں
یوکرین نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، یوکرین میں موجود پاکستانی سفارت خانہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی معاونت کرے،
حکومت پاکستان یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی جلد اور باحفاظت واپسی کو یقینی بنائے۔
حکومت کو ان بچوں سے زیادہ تحریک عدم اعتماد کی فکر ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم













