میں دو دن سے سوچ رہی ہوں مشعال بے گناہ کانوحہ کیسے لکھوں ؟
کسے سناؤں ؟
کس جا فریاد کروں ؟
سبھی منصف بنے بیٹھے ہیں ؟
سوشل میڈیا فیس بک پر ایک خاتون کی پوسٹ پڑھنے کا اتفاق ہوا ۔ اس نے کسی “ محمد بلال خان “ کی پوسٹ یہ لکھ کر شئیر کی ہوئی تھی “ مبینہ گستاخ رسول ص کا قتل اور چند حقائق “ ۔ میں نے پوسٹ یہ سوچ کر پڑھنی شروع کی تھی کہ شاید اس دہشت وحشت شدت کی مذمت بہتر انداز میں کی ہو گی ۔ مگر اس پوری پوسٹ میں قتل کی تائید اور پھر اس پوسٹ کی تائید میں تبصرات اسی بات کی تکرار “ مشعال گستاخ رسول تھا ۔۔۔ اسے اس سے بھی بدتر طریقے سے مارا جانا چاہیئے تھا “ ۔۔۔ پڑھتے ہی میری آنکھوں تلے اندھیرا چھا گیا ۔۔۔ بھلا کیسے ممکن ہے کہ کوئی مبینہ بھی ہو اور اس کے قتل کو صد فیصد تائید بھی حاصل ہو ۔۔ دنیا کاقانون کہتا ہے جرم کے ثابت ہونے تک ملزم ، مجرم نہیں کہلاتا ، بے گناہ ہوتا ہے اور کوئی سزا نہیں دی جا سکتی ۔
واقعہ کچھ یوں تھا کہ 13 اپریل کی شب عبدالولی خان یونیورسٹی میں دیگر طلبہ کے تشدد سے ایک 23 سالہ طالب علم مشعل ہلاک جبکہ ایک اور طالب علم زخمی ہوگیا تھا۔ڈی آئی جی مردان عالم شنواری کے مطابق ہلاک ہونے والے طالب علم پر الزام تھا کہ اس نے فیس بک پر ایک پیج بنا رکھا تھا، جہاں وہ توہین آمیز پوسٹس شیئر کیا کرتا تھا اور اسی الزام کے تحت مشتعل طلبہ کے ایک گروپ نے مذکورہ طالب علم پر تشدد کیا ۔”
کڑیل جوان مشعال اپنے والدین کا اکلوتا سہارا تھا ۔۔ پڑھنے میں سب سے آگے اور اپنے ملک پاکستان سے شدید محبت کرتا تھا ۔۔اس کا قصور تھا کہ وہ تعلیم میں پروفیسروں سے انصاف چاہتا تھا اور اس انصاف کے لئے میڈیا تک پہنچ گیا تھا ۔۔
سوچ رہی ہوں مشعل کو بھلا جرات کیسے ہوئی تعلیم کے جوگادریوں میں علم کی بات کر دی ۔۔اس سے بڑی ان کی اور کیا توہین ہوتی ۔ لوگ بتاتے ہیں کہ مبینہ طور پر ان پروفیسروں اور ان کے لاڈلوں نے اس کی آواز کو اپنی ہتک سمجھا اور اپنی ذاتی عناد کو “ توہین رسالت “ سے جوڑ دیا اور لاڈلے طالب علموں نے اسے قتل کر دیا اور وہ بھی اس بھیانک طریقے سے کہ ہندہ ہوتی تو وہ بھی ان کی شاگردی میں ہوتی ۔ پہلے تو نہتے مشعال کو گھیر کر بے بس کیا گیا ، پھر گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ قتل کرنے کے فورا بعد ان طالب علموں نے لاش کو مادر پدر ننگا کر کے پتھر اور اینٹیں مارمار کر سنگسار کر کے ناموس رسالت بچانے کا عظیم کارنامہ انجام دیا ۔۔۔۔۔۔
مجھے جو سب سے زیادہ صدمہ اس پوسٹ کو پڑھتے ہوئے ہوا وہاں نناوے فیصد “ عورتوں “ کے تبصرے تھے ، جنہوں نے اس سفاکانہ قتل کی تائید میں ان قاتلوں کوتمغہ جرات دینے تک کافیصلہ کر لیا تھا ۔۔ میں نے صاحب پوسٹ سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تو انہوں نے بڑی معصومیت سے کہا “ اچھا آپا ابھی تبصرے پڑھتی ہوں “ ۔۔۔
دوستو ۔۔!
آج کی شام کل سے بھی زیادہ اداس ہے ۔ مجھ پر آگہی کے ایسے در واہ ہو ئے جو ابھی تک مجھ پر کھلے نا تھے ۔ میں سوچتی تھی ایسے درندہ صفت بیٹوں کی مائیں کتنا کرب سہتی ہونگی ۔ پر آج پتہ چلا کونسی مائیں ایسے وحشی جانور جن رہی ہیں ۔۔ انہیں نفرتوں کے گیت سنا سنا کر پروان چڑھا رہی ہیں ۔ سو جو ہوا کم ہی ہوا ۔۔۔ مرنے والا کافر گستاخ رسول تھا سو اسے گولیاں مارنی چاہیئے تھیں ۔۔ پھر اسے مادر پدر ننگا کر کے پتھروں اینٹوں سے مارنا بھی بنتا تھا ۔۔ تالیاں ۔۔ اسلام زندہ باد ۔۔میں ہی پاگل تھی جو سمجھ بیٹھی کہ مسلمان عورتیں کبھی ظلم کی حمایت نہیں کر سکتیں پر میں غلط تھی لاشوں کو پامال کرنے کی روایت تو یزیدی خانوادے کی 61 ہجری سے ہے ۔۔ نہیں ۔۔ نہیں اس سے بھی پہلے “ ہندہ “ تھی جس نے نفرت کی آگ میں جلتے ہوئے کچا کلیجہ چبایا تھا ۔۔ ہندہ زادوں کی حمایت یہ عورتیں نا کرتیں تو کون کرتا ۔
لاشوں کی پامالی کی تاریخ پڑھو
شجرے صفدر آپ شہادت دیتے ہیں
(صفدر ہمدانی )
اس پوری واردات میں ہندہ قبیل عورتیں یہ بھول بیٹھی ہیں کہ اگر آج کسی کے مشعال کاقتل ہوا ہے کل ان کے دیئے اور مشعال کی باری آ جائے گی ۔۔۔ کیونکہ شدت پسندی تو ایک آگ ہے جو بے حسی کی ہوا کے چلتے ہی بلا تفریق ہر دامن کو پکڑ لیتی ہے ۔۔۔ مجھے تبصرون کے اندر چھپی عورتوں کا گھناونا روپ دیکھ کر بہت بہت صدمہ ہوا ۔۔۔شاید پاکستان کی بدقسمتی رلا گئی تھی ۔ نیپولین نے کہا تھا “ مجھے اچھی مائیں دو میں تمہیں اچھی نسلیں دیتا ہوں “ ۔۔ ہائے میرے پاکستان کے پاس “ اچھی مائیں “ تکک نایاب ہو گئیں ۔ پاکستان کیا کرے کہاں سے لائے وہ مائیں جو تحمل مزاج ، سوجھ بوجھ والے جوان پروان چڑھائیں جو بلا تفریق زبان ، رنگ اور دین کے ہر زی روح کی عزت کرنا جانتے ہوں ۔۔ جنہیں اپنے ملکی وقار سے محبت ہو ، جنہیں اپنے مسلمان ہونے پر فخر ہو اور وہ اسلام کو سچائی اور امن کا گہوارہ بنانے میں ہر ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوں ، جو اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کا اعتراف کرنا جانتے ہوں اور اس کی زمیداری بھی لیتے ہوں ۔ پر آہ کو چاہیئے ایک عمر اثر ہونے تک ۔۔

یہ صاحب پوسٹ کا فرض تھا کہ وہ تحقیق کر کے پڑھ کر پوسٹ شئیر کرتیں ۔ لیکن انہوں نے بغیر تحقیق کے انتہائی نفرت انگیز پوسٹ کو شئیر کر کے نفرت اور شدت پسندی کی آگ کو مزید ہوا دی ہے ۔ ۔ حالانکہ وہ بھی جانتی ہیں کہ گھنٹوں کے نوٹس پر فیک اکاؤنٹس بن جاتے ہیں ۔۔ راتوں رات گستاخ رسول ہونے کے مواد لکھ دئے جاتے ہیں ۔۔سو فیس بکئے اپنے تئی پوری کوششیں کر کے مشعال کے نام سے کئی اسکرین شاٹس پوسٹ کر چکے ہیں ۔ سوچ رہی ہوں یہ سب لوگ اس وقت کہاں تھے جب مشعال یہ سب لکھ رہا تھا، آخر اس کے مرنے کے بعد ہی کیوں ؟ ۔ مشعال تو فروری سے یہ بھی لکھ رہا تھا کہ اس کی فیک آئی ڈی سے اس کے خلاف محاز بنایاجا رہا ہے اور وہ یہ طوفان بدتمیزی اور محاز آرائی ختم کرنے میں ناکام ہو گیا ہے ۔ اور تو اور تاحال پولیس بھی اس کے جرم “ توہین رسالت “ پر ایک بھی ٹھوس ثبوت حاصل نہیں کر سکی ہے ۔ حیرت ہے کہ جن کے پاس توہین رسالت کے سکرین شارٹس ہیں وہ پولیس کو کیوں نہیں دے رہے یا پولیس فیس بک کے ان زہین فطین لوگوں سے رابطہ کیوں نہیں کر رہی ۔ اس کا کیا مطلب ہوا ۔۔ یا توپولیس توہین رسالت کرنے والے کا ساتھ دے رہی ہے یا فیس بکیئے ملا دانشور جھوٹے ہیں ۔ ان دانشوروں نے تو ” توہین رسالت ” کو اس کے رشیا جانے سے بھی جوڑ دیا ہے ۔
حیران ہوں جس مسلم معاشرے میں عورت اور مرد اخلاق کی انتہائی پستیوں میں گر چکے ہوں انہیں توہین رسالت کی اتنی پرواہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ منافقت کی انتہا نہیں تو اور کیا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کیا آپ لوگ جانتے ہیں ۔۔
1۔ توہین رسالت کیا ہے ؟
2۔ توہین رسالت کے لئے کتنی گواہیوں کی ضرورت ہوتی ہے ؟
3۔ توہین رسالت کے معاملے میں جوابدہی اور انصاف کا حق کس کو ہے ؟
جناب ہندہ زادوں کی بستی ہے پاکستان ، جہاں دو کام کرنا سب سے آسان ترین ہیں جو ہر کوئی بلا تفریق کر سکتا ہے اور ہر سزا سے بچ سکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔ اور وہ ہیں ۔۔
1۔ کسی کو بھی کافر کہہ دینا اور اسے سمجھنا
2۔ توہین رسالت کی آڑ میں اپنے زاتی دشمن کو جان سے مار دینا
اے پاکستانی انسانوں کے ہجوم ۔۔ مشعال کی موت کا زیادہ غم مت کیجئے کہ آج مرے کل دوسرا دن ۔۔ یعنی نیا دن ۔۔ یقین جانئے اللہ پاک کے دین کو سب سے زیادہ آپ ہی نے تو سمجھا ہے ۔۔۔ باقی اہل اسلام آپ کو اپنا ولی سمجھنے لگے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔
خوبیاں تو دیکھئے کیا کیا آپ کو عطا ہوئی ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وللہ
1۔ آپ کی یاداشت کا دورانیہ کم سے کم ایک گھنٹہ اور زیادہ سے زیادہ ایک دن کا ہے ۔ ورنہ کیسے ممکن تھا کہ سیالکوٹ میں ایک ساتھ سفاکی سے پولیس اور انسانی ہجوم کے سامنے قتل کئے جانے والے دو حافظ قران بھائی آپ کو بھول جاتے ۔۔۔ یا ماڈل ٹاؤں میں درندگی سے 14 افراد کو گولیوں سے بھون دیا جانا ہی یاد رہ جاتا ۔۔۔ کیا پشاور میں 300 بچوں کا پائلٹ اسکول میں وحشیانہ قتل ہونا بھول سکتے تھے ۔۔ پھر۔۔ کچھ دن پہلے سرگودھا کے پیر کے ہاتھوں پڑھے لکھے 20 افراد کا قتل ہی یاد رہ جاتا ۔۔۔ سو اس بار بھلا کیا نیا ہوا ہے ۔۔ نعرہ لگائیں سب مل کر ۔۔ ارے نبی کی راہ میں ایک مشعال تو کیا ہزار مشعال قربان پر شرط یہی ہو گی کہ مشعال کسی اور کابیٹا ہو ۔۔۔۔
2۔ ہم سا ہو تو سامنے آئے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہرایک کو یہی زعم ہے کہ وہی سب سے اچھا مسلمان ہے باقی سارے کافر ۔
3۔ دین ، مذہب ، مسلک پر سوال پوچھنا توہین رسالت ہے اور ایسے لوگوں کو وہیں کاوہیں مار دینا فرض اور ثواب ہے ۔
4۔ قانون بھلا کس چڑیا کا نام ہے ۔۔ پاکستان کا قانون ہے جس کی لاٹھی اسی کی بھینس ۔۔
5۔ جب بھی کوئی ظلم ، زیادتی ، تکلیف ہو بس یہی کہنا چاہیے ” جو اللہ کو منظور ” اور پلٹ کر ظالم کو کبھی برا نہیں کہنا کہ اس نے کسی اور کے ساتھ ظلم کیا ہے آپ کے ساتھ نہیں ۔۔
عزیز بہن بھائیو ۔۔۔
اب وقت کڑا آ پڑا ہے ، ہر مسلمان کو نسیان اور ڈینائل سے باہر آنا ہی ہو گا ۔۔کیونکہ آگ تشدد کی ہو کہ شدت پسندی کی یا ہو نفرت کی ۔۔۔ آگ تو آگ ہے نا ۔ خاموشی اور بے حسی کی ہوا جو اب چل پڑی ہے ۔۔ بلاتفریق ہر دامن کو جلا دے گی ۔ آنے والی نسلوں کو آپ جیسے پڑھے لکھے لوگوں سے بہت امیدیں ہیں ۔۔ شدت پسندی کی حمایت ظلم کی حمایت ہے ۔۔۔ ہم میں سے کسی کو منصب منصفی عطا نہیں ہوا ۔۔۔
خدا راہ ہجوم نہیں قوم بنیئے ۔۔ سوچئے جب آپ کا دل اپنے دینی اور وطنی بہن بھائیوں کی تکلیف پر نہیں تڑپتا تو پھر آپ کی تکلیف پر کسی اور ہم وطن کو تڑپ کیونکرہو گی ۔ اور یہ بھی سوچیئے جو دیگر دین و مذاہب کے پیروکاروں نے یہ کہہ دیا کہ جو ان کے بھگوان ، گرو مہاراج ، یہود اور عیسائی کو نہیں مانتا یا ان کی توہین کرتا ہے وہ واجب القتل ہیں تو سوچیئے 7.5 بلین کی دنیا میں 1.6 بلین مسلمانوں کا نصیب کیا ہوگا ۔













میرے پاس الفاظ نہیں ہیںِلاقانونیت نے ہر شیطان کی رسی دارز ہے،
ہائے بشری دل بہت دکھی ہو گیا دوست
ٹھوکروں سے دم توڑتی انسانیت
مشال کی ماں کے نام
ء…………………………………………….
موت برحق ہے
مُجھے اُس کے مرنے کا اتنا دُکھ نہیں
جتنا اس بات کا سکون ہے
کہ وہ ننگِ انسانیت لمحات
جب وہ چاند کا ٹکڑا
مٹی میں لوٹ پوٹ ہوتا تڑپ رہا تھا
اُس کے جوان جسم سے بہتا لہو
ہماری اگلی نسلوں کی جینز میں شامل ہونے کے لیئے
بھوکی مٹی کی پیاس بُجھا رہا تھا
جب اُس کے مُنہ سے نکلتی
درد و اذیت میں ڈُوبی لرزا خیز چیخیں
اندھے
بہرے
گُونگے
آسمان سے ٹکراتی
اس کائنات کی لامحدود وسعت میں سر پٹک رہی تھیں
جب اُس کے ہم عُمر
ابلیسی سوچ کی برین واشنگ کے نتیجے میں
اپنی اندھی جوانی
اور مذہبی جنُون کا سہارا لے کر
اُسے اپنی ذاتی دُشمنی کا نشانہ بنا رہے تھے
جب وہ ہجوم وہاں کھڑا تماشا دیکھتا تھا
اور جب ایڈونچر کے شوقین وڈیو بناتے تھے
شکر ہے تم وہاں نہیں تھیں !
اگر تم وہاں ہوتیں
تو تمہاری کوکھ پھٹ جاتی
تمہاری بد دُعائیں
اس سانحے کو
اپنی آنکھوں
کانوں
ہاتھوں پیروں کے ہوتے ہوئے
کُچھ نہ کرنے والوں کے گھر اجاڑ دیتیں
اور تمہاری فریادیں
اُس خالقِ کائنات کو جھنجھوڑ کے جگا دیتیں
جو نہ جانے کیا دیکھ رہا ہے
دیکھتا چلا جاتا ہے
اور کچھ نہیں کرتا
لیکن
مشال کی ماں
اُس نے تو
کربلا میں
نیزے کی نوک پہ رکھا
حُسین ابنِ علی کا سر دیکھ کر بھی
کُچھ نہیں کیا تھا
تو آ میری بہن
میں حاضر ہوں
میرا سینہ پیٹ
میرا مُنہ نوچ لے
میرے سر پہ وہ لہو آلود مٹی ڈال
مجھے کوس
مجھے گالیاں دے
کہ انسانیت مر رہی ہے
اور میں کُچھ نہیں کر سکتی !
ثمینہ تبسم