آج مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ترکی کے شہر استنبول میں ایک احتجاجی جلوس کے شرکاء اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد ایک سو ساٹھ سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

یہ مظاہرین شہر کے تقسیم چوک میں پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے، جہاں 2013ء میں وسیع پیمانے پر حکومت مخالف مظاہرے ہوئے تھے اور جہاں حالیہ برسوں کے دوران حکومت کی طرف سے یوم مئی کے اجتماعات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

 فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں بھی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ٹریڈ یونین تنظیموں کی روایتی پریڈ کے دوران پُر تشدد واقعات دیکھنے میں آئے، جن کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی پولیس نے آتش گیر بم پھینکنے والے نقاب پوش نوجوانوں کے خلاف آنسو گیس استعمال کی۔

اُدھر یوم مئی کے موقع پر روسی دارالحکومت ماسکو میں ہونے والی سالانہ پریڈ میں تقریباً پندرہ لاکھ لوگ شریک ہوئے۔

SHARE

LEAVE A REPLY